36

*زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت سیمینار کا انعقاد* * جدید مشینری کے استعمال اور تکنیکی طریقہ کار بارے آگاہ کیاگیا*

*زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت سیمینار کا انعقاد*
* جدید مشینری کے استعمال اور تکنیکی طریقہ کار بارے آگاہ کیاگیا*

میلسی (محمدمختارسولگی) محکمہ زراعت توسیع وہاڑی اور ایف ایف سی کے اشتراک سے زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت ٹبہ سلطان پور تحصیل میلسی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کا موضوع ”منافع بخش گندم کی کاشت” تھا۔سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملتان ڈویژن چوہدری شہزاد صابر نے کی۔ مقررین نے گندم کی جدید کاشت، بیج کے انتخاب، کھادوں کے متوازن استعمال اور پانی کے مؤثر انتظام کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی کی۔ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملتان چوہدری شہزاد صابر نے کہا کہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور بہتر زرعی طریقوں کو اپنا کر گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ حکومت نے گندم کی خریداری کی قیمت 3500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کردی ہے جس کا نفاذ نجی شعبے کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔ ضلع وہاڑی میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف 4 لاکھ 52 ہزار ایکڑ ہے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن اور نجی بیج کمپنیاں کاشتکاروں کو معیاری گندم کا بیج 5500 روپے فی 50 کلوگرام کے حساب سے فراہم کررہی ہیں تاکہ زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کے کسان دوست اقدامات کا مقصد زراعت کے شعبے کو مستحکم کرنا اور کاشتکاروں کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا محمد عارف نے گندم کی بوائی کیلئے جدید مشینری کے استعمال اور تکنیکی طریقہ کار بارے آگاہ کیا اور کہا کہ گندم ایک نقد آور فصل ہے جدید طریقہ کاشت سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ حاصل کیا جاسکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار بروقت کسان کارڈ کے ذریعے لئے گئے سابقہ قرضہ جات کی ادائیگی کریں انہیں اگلا قرض صرف 24 گھنٹوں میں فراہم کر دیا جائے گا۔ چیف کوارڈینیٹر ریڈک وہاڑی محمد قمر محمو دنے کاشتکار کو ماہرین کی باتوں پر عمل کر کے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنے کی تلقین کی۔فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے فارم ایڈوائزری سینٹر ملتان کے ہیڈ محمد طاہر نعیم نے کاشتکار وں کو گندم میں متوازن کھادوں کے استعمال کے بارے میں بتایا۔ ایف ایم سی کے زونل ہیڈ اسامہ محمود نے گندم میں مختلف بیماریوں کے تدارک کے بارے میں کاشتکاروں کو آگاہ کیا۔ایف ایف سی سنٹرل زون کے ہیڈ ظہور احمد خان نے فوجی فرٹیلائزر کمپنی کا تعارف، سرگرمیاں اور دیگر منصوبہ جات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ہیڈ آف ایگری ایف ایف سی وہاڑی ڈاکٹر ساجد فرید نے مختلف زرعی عوامل، زمین کی تیاری، بیج کے انتخاب، بجائی کے طریقہ کار، جڑی بوٹیوں کے کنٹرول، آبپاشی اور گندم میں دیگر زرعی عوامل کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ ریجنل منیجر ایف ایف سی وہاڑی عنایت اللہ میمن نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔سیمینار کے اختتام پر مختلف سوالات و جوابات کا سیشن بھی ہوا۔ پروگرام کے آخر میں ایف ایف سی سونا سینٹر ملتان منیجر فقیر حسین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت میلسی امتیاز حسین شاہ،ایف ایف سی ہیڈ تحصیل میلسی عظیم الہی چوہدری اور کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں