November 17, 2026

سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری کے علم دوست اقدامات خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20251025-WA0280

سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری کے علم دوست اقدامات

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کا راز اس کی تعلیم میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ جب کسی ضلع یا خطے میں تعلیمی نظام بہتر بنیادوں پر استوار ہوتا ہے، وہاں کا مستقبل روشن اور پائیدار بن جاتا ہے۔ خوشاب جیسے اہم ضلع میں تعلیم کے فروغ کے لیے جس عظیم المرتبت شخصیت نے خلوص، دیانت اور وژن کے ساتھ عملی اقدامات کیے ہیں، وہ ہیں چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) خوشاب، جناب رانا شبیر احمد صابری۔ ان کے علم دوست اقدامات نے تعلیمی میدان میں نئی روح پھونک دی ہے۔
رانا شبیر احمد صابری کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سکولز خوشاب محمد یاسین ساجد ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نور پورتھل ظہیر عباس بھٹی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل خوشاب ملک قیصر عباس کھارا سمیت ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں خوشاب، نورپورتھل، نوشہر اور قائد آباد کے جملہ آفیسرز مردانہ و زنانہ /اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ،ضلع بھر میں شعبہ ء تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) نے آج کالم جناب رانا شبیر احمد صابری سی ای او ایجوکیشن خوشاب کو ان کی علم پروری کے لیے کئے جانے والے احسن اقدامات کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے ترتیب دیا گیا ہے۔ جناب رانا شبیر احمد صابری نہ صرف ایک فرض شناس آفیسر ہیں بلکہ تعلیم کے فروغ کو اپنی زندگی کا مشن بنا چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں ضلع خوشاب کے سرکاری سکولوں میں نظم و ضبط، حاضری، تدریسی معیار اور سہولیات کی بہتری کے لیے کئی عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ تربیت، طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد، اور سکولوں کی کارکردگی کا منظم جائزہ ان کے نمایاں کارنامے ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن خوشاب جناب رانا شبیر احمد صابری کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سکاوٹ سیکرٹری خوشاب ملک محمد خالد راہداری سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں کو سکاوٹنگ کی طرف راغب کرنے میں بھرپور کوشاں نظر آتے ہیں اور ضلع خوشاب کے سرکاری سکولوں کے سکاؤٹس گھوڑا گلی مری میں وقتا” فوقتاً ہونے والے سکاؤٹس کیمپ میں اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر صوبائی اور قومی لیول پر اپنے ضلع کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ جس کا کریڈٹ جناب رانا شبیر احمد صابری اور ان کی پوری فرض شناس ٹیم کو جاتا ہے ۔ اسی طرح نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی محکمہ تعلیم ضلع خوشاب کی مخلصانہ محنت کی بدولت سرکاری سکولوں نے صوبائی اور قومی لیول پر اپنی خاص پہچان بنائی ہے ۔ سی ای او ایجوکیشن جناب رانا شبیر احمد صابری کی ان علم دوست پالیسیوں کے تسلسل میں گورنمنٹ ہائ سکول فاروق آباد نورپورتھل کے سینیئر ہیڈ ماسٹر ملک امتیاز حسین بوڑانہ کی زیر نگرانی ادارہ ہذا کے جملہ اسا تذہ کرام کی بھرپور محنت کے نتیجے میں حال ہی میں تعلیمی بورڈ سرگودھا میں سکول ہذا کے ہونہار طالب علم عثمان حیدرخان نے میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے وزیر اعلی ا پنجاب سے خصوصی انعام حاصل کیا ہے ۔ اسی طرح امسال سرگودھا ڈویژن میں ہونے والے قراءت کے مقابلوں میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور کے ہیڈ ماسٹر ملک عابد اقبال کی زیر نگرانی سکول ھذا کے ہونہار طالب علم محمد فضیل نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے صوبائی لیول کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔ اسی طرح سے ضلع خوشاب کا گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل بھی سکاوٹنگ اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نامور ہے جبکہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول فار بوائز پلوآں تھل کے ہیڈماسٹر ملک حاجی اختر حسین کلو کی زیر نگرانی ادارے کے اساتذہ کرام کی خصوصی دلچسپی اور بھرپور محنت کی وجہ سے طلباء کی جمناسٹک پرفارمنس کو بھی بھرپور پذیرائ حاصل ہے مزید برآں اگر ضلع خوشاب کے دیگر متعدد سرکاری تعلیمی اداروں کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں کردار پر روشنی ڈالی جائے تو یہ کالم خاصی طوالت اختیار کر جائے گا لہذا نہایت اختصار پسندی سے کام لیا گیا ہے ۔ اگر بات کی جائے یہاں کے سرکاری تعلیمی اداروں کی تزئین و آرائش کی تو اس وقت ضلع خوشاب کے متعدد سرکاری سکول خوبصورت تزئین و آرائش کی وجہ سے بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کر رہے ہیں ۔ یہ سب کچھ درحقیقت چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب جناب رانا شبیر احمد صابری کی بہترین علم دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے ۔
انہوں نے ضلع بھر میں “تعلیم سب کے لیے” کے عزم کے ساتھ بچوں کے اسکول داخلے کی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھاہواہے۔ دیہی و دور افتادہ علاقوں میں اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کرام کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی جدوجہد قابلِ صد ستائش ولائق تحسین و آفرین ہے۔ جناب رانا شبیر احمد صابری نے جدید تعلیمی رجحانات کو فروغ دیتے ہوئے ای سی سی رومز اور دیگر کلاس رومز میں ڈیجیٹل لرننگ اور اسکول مینجمنٹ کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی متعارف کرایاہے، جس سے تعلیمی نظام میں شفافیت اور کارکردگی میں مزید بہتری آئی ہے۔
ان کے ان اقدامات سے نہ صرف اساتذہ کرام کا حوصلہ بلند ہوا بلکہ طلباء میں بھی تعلیم کے لیے نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔ رانا شبیر احمد صابری کی شخصیت میں ایک قائد، مربی اور منتظم کی خوبیاں یکجا ہیں۔ وہ تعلیم کو صرف ایک سرکاری فریضہ نہیں بلکہ قوم سازی کا بنیادی ستون سمجھتے ہیں۔
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ رانا شبیر احمد صابری جیسے علم دوست رہنما ہی وہ قوت ہیں جو تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی لانے اور نئی نسل کو روشن مستقبل دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ضلع خوشاب کی تعلیمی ترقی کی کہانی ان کے عزم، وژن اور خدمت کے بغیر ادھوری ہے۔
جناب رانا شبیر احمد صابری جیسے دیگر علم دوست اور مخلص آفیسرز وطن عزیز پاکستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کےلیے بھر پورکوشاں ہیں۔ جناب رانا شبیر احمد صابری کے علم دوست اقدامات ہمارے لیے ایک مثال ہیں کہ نیت صاف ہو، مقصد عظیم ہو اور محنت، خلوص کے ساتھ کی جائے تو تبدیلی ناگزیر ہو جاتی ہے۔