سمندر کا آپریشن — قوم کے محافظوں کا کارنامہ
سمندر کا آپریشن — قوم کے محافظوں کا کارنامہ
عربین سی کی گہرائیوں میں ہونے والا ایک ایسا معرکہ جو نہ صرف پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے بلکہ منشیات کے عالمی کاروبار کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عملی تصویر بھی پیش کرتا ہے۔ پاکستان نیوی نے حال ہی میں ایک خفیہ کارروائی کے دوران تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت انجام دی گئی جب عربین سی میں ایک مشکوک کشتی کی نقل و حرکت نے نیوی کے ریڈار پر نشان چھوڑا۔ لمحہ بہ لمحہ مشاہدہ، درست منصوبہ بندی، اور برق رفتاری سے عمل درآمد — یہی وہ خصوصیات ہیں جنہوں نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں تھی۔ عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کا نیٹ ورک اتنا وسیع اور طاقتور ہے کہ اکثر ترقی یافتہ ممالک کی ایجنسیاں بھی اسے پوری طرح قابو نہیں کر پاتیں۔ لیکن پاکستان نیوی نے اپنے محدود وسائل کے باوجود نہ صرف اس نیٹ ورک کو نشانہ بنایا بلکہ یہ بھی ثابت کر دیا کہ بحیرۂ عرب میں اس کے جوان ہر وقت چوکس ہیں۔ ایک ارب ڈالر کی مالیت کی یہ منشیات صرف پاکستان کے لیے خطرہ نہیں تھیں بلکہ یہ عالمی مارکیٹ میں پہنچ کر ہزاروں زندگیاں تباہ کر سکتیں۔
یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نیوی نہ صرف ملکی سرحدوں بلکہ انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے بھی مسلسل سرگرم ہے۔ منشیات مافیا کی سرگرمیاں دراصل دہشت گردی اور غیر قانونی معیشت کے لیے ایندھن کا کام دیتی ہیں۔ ان کے خلاف یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک اہم اسٹرٹیجک فتح ہے کیونکہ اس سے خطے میں پاکستان کا کردار محض ایک “دفاعی طاقت” کے بجائے ایک “امن کے ضامن” کے طور پر ابھرتا ہے۔
اس موقع پر یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ جب ہمارے جوان سمندروں میں اتنی بڑی قربانیاں دے رہے ہیں تو کیا ہم بحیثیت قوم منشیات کے ناسور کے خلاف اتنی ہی سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں؟ ہمارے شہروں اور تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی منشیات کے استعمال کی خبریں ایک الگ المیہ ہیں۔ پاکستان نیوی کا یہ کارنامہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ یہ جنگ صرف سمندروں میں نہیں بلکہ ہماری گلیوں، بازاروں اور نوجوان نسل کے دل و دماغ میں بھی لڑی جا رہی ہے۔
نیوی کے اس آپریشن نے پاکستان کا وقار ایک بار پھر عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی ادارے اس کارروائی کو خطے میں سیکیورٹی کے لیے ایک Game Changer قرار دے رہے ہیں۔ یہ پیغام دنیا کے اسمگلروں، دہشت گردوں اور دشمن عناصر کے لیے ایک واضح تنبیہ ہے کہ پاکستان اپنے مفادات کی حفاظت کرنا بخوبی جانتا ہے۔
اس آپریشن کی کامیابی کے بعد ایک بار پھر یہ بات واضح ہوگئی کہ پاکستان نیوی صرف ایک عسکری قوت نہیں، بلکہ ایک ایسی منظم، باوقار اور تربیت یافتہ فورس ہے جو سمندروں کے امن، علاقائی استحکام، اور عالمی سیکیورٹی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ کارنامہ ان بے خوف محافظوں کے نام جو نیلے پانیوں کی تہہ میں بھی اپنی قوم کے لیے جاگتے ہیں — سمندر کا آپریشن، قوم کے محافظوں کا کارنامہ۔
@@@@@@@@@@@@@@@@