سکھر (بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہندو کمیونٹی کے وفد سے ملاقات دیوالی کی مناسبت سے کیک کاٹا، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا
سکھر (بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہندو کمیونٹی کے وفد سے ملاقات دیوالی کی مناسبت سے کیک کاٹا، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ سکھر پولیس کے سربراہ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے ہندو کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد سے دیوالی کے مذہبی تہوار اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایس ایس پی سکھر نے دیوالی کیک کاٹا اور ہندو برادری کو تہوار کی خوشیوں پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر پولیس افسران اور ہندو برادری کے رہنماؤں نے امن، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں تمام مذاہب کے کچھ دن خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، جنہیں عقیدت، جوش و خروش اور احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ دیوالی ہندو برادری کے لیے روشنی، خوشی اور امید کا پیغام ہے، اور یہ تہوار ہمیں نیکی، سچائی اور رواداری کے جذبے کو فروغ دینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے کہا کہ سکھر پولیس اقلیتی برادریوں کے مذہبی تہواروں پر ان کے تحفظ اور سہولت کے لیے پرعزم ہے۔ دیوالی کے موقع پر مندروں، مذہبی اجتماعات اور تقریبات کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔ہندو کمیونٹی کے وفد نے سکھر پولیس اور ایس ایس پی اظہر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی موثر حکمت عملی اور بھرپور سیکیورٹی انتظامات کی بدولت وہ اپنے مذہبی تہوار پرامن ماحول میں منانے کے قابل ہوئے ہیں۔ایس ایس پی سکھر نے آخر میں تمام ہندو برادری کو دیوالی کی خوشیوں کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سکھر ایک امن پسند، ہم آہنگ اور بھائی چارے والا شہر ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے محبت اور احترام کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں۔