November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)۔۔بیورع چیف سید نصیر حسین زیدی کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے مرکزی دفتر

IMG-20251021-WA0665

سکھر (بیورورپورٹ)۔۔بیورع چیف سید نصیر حسین زیدی کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے مرکزی دفتر سرسو کمپلیکس سکھر کا دورہ کیا، جہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد دتل کلہوڑو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران سی ای او سرسو نے کمشنر سکھر کو انتظامی یونٹ، کرافٹ پروڈکشن یونٹ، ٹریننگ وِنگ اور دیگر مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرایا۔ اس موقع پر انہیں سکھر ریجن سمیت صوبے بھر میں سرسو کے جاری منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔محمد دتل کلہوڑو نے بتایا کہ سرسو کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقے کی خواتین کو بااختیار بنانا، دستکاری مراکز کا قیام، بغیر سود آسان اقساط پر چھوٹے قرضوں کی فراہمی، اور سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر میں حکومتِ سندھ کے تعاون سے مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ سرسو مختلف اضلاع میں خواتین کو ہنر سکھانے، خود روزگاری کے مواقع فراہم کرنے، اور غربت کے خاتمے کے لیے متعدد منصوبے کامیابی سے چلا رہی ہے۔کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے سرسو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دیہی کمیونٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر سود قرضوں کی فراہمی ایک انقلابی قدم ہے جس سے دیہی آبادی خود کفیل ہو رہی ہے۔عابد سلیم قریشی نے مزید کہا کہ سرسو کو اپنی سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ پولیو، ای پی آئی اور ہیومن پیپيلوما وائرس (HPV) ویکسینیشن مہمات میں بھی بھرپور حصہ لینا چاہیے، تاکہ عوامی سطح پر صحت و تعلیم سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کے درمیان مناسب وقفہ برقرار رکھنے کی آگاہی مہم میں بھی سرسو کے تعاون کی درخواست کی، جس پر سی ای او محمد دتل کلہوڑو نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران کمشنر سکھر نے دیہی خواتین کی تیار کردہ سندھی ٹوپی، اجرک، لنگی، کڑھائی دار لباس اور دیگر دستکاری مصنوعات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشیاء سندھ کی دیہی خواتین کے بے پناہ ٹیلنٹ اور محنت کی عکاس ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی باصلاحیت خواتین کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں۔عابد سلیم قریشی نے سرسو کمپلیکس کی عمارت کی سجاوٹ، سرسبز ماحول، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو بھی سراہا۔دورے کے اختتام پر سی ای او سرسو محمد دتل کلہوڑو نے کمشنر سکھر کو روایتی اجرک کا تحفہ اور یادگاری سووینئر پیش کیا، جس پر کمشنر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سرسو کی سماجی خدمات کو سندھ کی ترقی کے لیے قابلِ فخر مثال قرار دیا۔یہ دورہ سکھر میں سماجی بہبود، خواتین کے بااختیار ہونے اور دیہی ترقی کے فروغ کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔