November 17, 2026

سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے ) سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر ایک سرگودھا جاوید افضل نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی

IMG-20251021-WA0644

سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے ) سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر ایک سرگودھا جاوید افضل نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی تعمیر و ترقی میں معاشرے کا خاص حصہ ہونا چاہیے ۔طلباءقدیم کی یونین سازی سے ہم بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں ۔تعلیمی اداروں کو تربیت گاہ بنانے کے لیے اساتذہ کرام اور والدین کا خاص حصہ ہے۔ ہمیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی بہت ضرورت ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انھوں نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام دانش کدہ میں قومی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ،محترمہ روبینہ مختار، محترم مجاہد رضا بخاری اور اختر جاوید نے بھی گفتگو میں حصہ لیا ۔ جاوید افضل نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں تعلیمی ترقی کی طرف توجہ دینا ہوگی۔ ہمارے بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے بہت زرخیز ہیں۔ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔ روبینہ مختار نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔ مخلوق خدا کے کام آنے والے لوگ معاشرتی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ جبینِ انسانیت پر وہی لوگ جھومر کی طرح چمکتے ہیں جو دوسروں کا درد اپنی ذات میں محسوس کرتے ہیں۔ ممتاز صحافی اور سماجی رہنما مجاہد رضا بخاری نے کہا یہ دور جس میں ہم اور آپ سانس لے رہے ہیں یہ محبت کی خوشبو کا عہد نہیں بل کہ بارود کے دھوئیں میں اٹا ہوا عہد ہے۔ہمیں آپس کی نفرتیں بھلا کے اتحاد بین المسلمین کی فضا کو فروغ دینا ہوگا۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری انفرادی زندگی پاکستان سے وابستہ ہے ۔پاکستان دنیا بھر میں مقبولیت کے نردبان پر چڑھ رہا ہے۔ اس معیار کو قائم رکھنے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ ملکی دفاع ہمارے لیے سب سے زیادہ مقدم ہونا چاہیے۔ یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا، پروگرام انجینئر وقار حیدر تھے۔