November 17, 2026

*چور مچائے شور* میں نے *گردے مار چائے* پر ذرا سا کیا لکھ دیا ۔ لوگوں کی تو چیخیں ہی نکل گئیں ۔ کمنٹس میں الزامات

IMG-20251019-WA0228

*چور مچائے شور*
میں نے *گردے مار چائے* پر ذرا سا کیا لکھ دیا ۔ لوگوں کی تو چیخیں ہی نکل گئیں ۔ کمنٹس میں الزامات اور انباکس میسیجز نے میری نیندیں حرام کردی ہیں ۔ نہ میں نے مزیدار 900 روپے پلیٹ والی دال کے ہوٹل کا نام لکھا تھا نہ کسی چائے کے ڈھابے کی لوکیشن یا نام ۔
لوگ خود ہی کہہ رہے ہیں کہ قرآن کی قسم کھاتا ہوں چائے میں کچھ نہیں ملاتا ۔ یہ برگیڈئیر جھوٹ بولتا ہے ۔ بلکہ مجھ پر ہی الزام لگا دیا کہ میں فوجی ہونے کے ناطے الیکشن میں دھاندلی کرواتا ہوں اور ڈاکٹر ہونے کے ناطے میڈیکل کمپنیوں سے کمیشن کھاتا ہوں ۔ میں نے قرآن کی جھوٹی قسم تو نہیں کھائی مگر جواب لکھ بھیجا ہے کہ الیکشن میں ردوبدل پچھلی 7 دہائیوں سے ملکی مفاد ہوتا ہے مگر یہ بات کسی سیولین بھائی کو سمجھ نہیں آئیگی ۔ میں نے چائے والے بھائی سے صرف یہ سوال پوچھا تھا کہ *آپ گائے بھینس کا دودھ کس ڈیری فارم والے سے خریدتے ہو* اور وہ مجھے بلاک کرگیا ۔ بھلا ایسے کیوں ؟
دوسری بات کہ میں نے یا میری بیوی نے ہمیشہ مریضوں کا چیک اپ فری کیا اور دوائی بھی اپنی جیب سے لیکر دے دیتے ہیں ۔ ہاں کچھ ڈاکٹر دوستوں نے ضرور بتایا کہ ہم جن کمپنیوں کی دوائیاں لکھتے ہیں اگر وہ پیکیج کے طور پر فری عمرہ یا بیٹے کے ولیمہ کا خرچ اٹھاتی ہیں تو یہ تو اچھے اور نیکی کے کام ہیں ۔ ہر کمپنی کو ایسی نیکیاں کرنی چاہئیں ۔ اس طرح انکی دوائیاں مریض کو ضرورت نہ بھی ہو تو ہم ایمانداری سے کمپنی سے ایگریمنٹ کا مطابق دوائیاں تجویز کرتے رہتے ہیں ۔
مجھے جامشورو پھاٹک سے ایک لڑکے کا میسیج ملا کہ سر آپ چائے والوں کے بعد ہماری تازہ سردائی اور تھادل کے پیچھے مت پڑ جانا ۔ ہم نے سردائی میں کبھی *بھنگ کے پتے* نہیں ڈالے ۔ گرمیوں میں لوگ ہماری باداموں والی ٹھنڈی سردائی پی کر اگر جھومتے ہیں تو اس پر آپ کچھ غلط نہ لکھ دینا۔
میں نے اپنی تحریر میں کسی کیفے شیشہ کا ذکر تک نہیں کیا تھا پھر بھی ایک مہربان نے میسیج کیا کہ برگیڈیئر صاحب ہم اپنے کیفے پر شیشہ میں تمباکو کے ساتھ کوئی نشہ نہیں ملاتے بس ذائقہ اور سرور کیلئے اس میں ذرا سا کوئی فلیور یا زعفران ڈال دیتے ہیں پھر اگر لڑکے لڑکیاں پوری رات یہاں بیٹھے شیشہ پیتے ہیں تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے ۔ ماں باپ خود چیک کریں کہ انکے بچے بیڈ روم میں ہیں یا ہمارے شیشہ کیفے میں ۔ ہم انکو زبردستی گھروں سے کب لاتے ہیں؟ ہمارا تو یہ روزی روٹی کا دھندہ ہے بھائی اوپر علاقے کے افسروں کو کچھ دینا دلانا بھی پڑتا ہے ۔
عوامی مرکز شاہراہ فیصل پر ای او بی آئی کے ہیڈ کوارٹرز میں جب میں معذورں کی پینشن کو دیکھتا تھا تو فیکٹریوں کے مزدورں کے مونہہ کے کینسر کے بہت کیس آتے تھے ۔ میں نے تنبیہ کے طور پر لکھنا شروع کیا کہ اگر کسی کو گٹکا کھانے سے کینسر ہوا ہے تو میں معذوری پینشن منظور نہیں کرونگا ۔ پورا سٹاف بھی تڑپ اٹھا کہ سر آپکا کام پینشن کرنا ہے گٹکے کو کنٹرول کرنا نہیں کیونکہ گٹکے کے مزے لینے والوں میں یہ اسٹاف بھی شامل تھا ۔ پھر میں وہاں سے استعفی دیکر نکل آیا ۔
ایک سینئر پولیس آفیسر جو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور ڈی آئی جی نوابشاہ بھی رہے تھے نے مجھے خوب سمجھایا تھا کہ بھائی کراچی میں *نسوار گٹکا چھالیہ تمباکو والا پان اور بچوں کے اسکول کے سامنے اسیشل ٹافیاں* بیچنے والوں پر کچھ نہ بولا کرو ۔ بیچاروں کا دھندہ ٹھپ ہو جائیگا ۔ اللہ سے ڈرو ۔ کیوں پاکستانیوں کی روزی روٹی ختم کرنے پر تلے ہو ۔ سندھ پولیس جانے اور یہ گٹکا بیچنے والے سیٹھ ۔ آپکے پیٹ میں کیوں مروڑ پڑتے ہیں ۔
آپ یقین کریں کہ میں نے کبھی *لالو لال شہد جیسے میٹھے تربوز اور انار کے دانوں پر لال رنگ اور سکرین چھڑکنے* کا ذکر تک نہیں کیا ۔ بیچنے والے جانے اور مزے لے لے کر کھانے والے ۔
ہمدرد دوست اکثر سمجھاتے ہیں کہ آپ موت کے بعد کی زندگی پر لکھا کریں ۔ موت سے پہلے زندگی کیسی ہونی چاہئیے اس کا ذکر کرکے کیوں بدنامی لیتے ہیں ۔
میں نے سوچا ہے آج کے بعد ڈھابے کی چائے تک کا ذکر بھی چھوڑ دونگا بھلے آپ ناشتے پر بھی چائے وہیں سے منگوائیں ۔
*برگیڈئیربشیرآرائیں*