November 17, 2026

ڈاکٹر سعدیہ کمال کی نئی کتاب “تریمت کتھا “میری نظر میں خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20250912-WA0214(25)

ڈاکٹر سعدیہ کمال کی نئی کتاب “تریمت کتھا “میری نظر میں

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

سرائیکی وسیب کی سرمایہ ء افتخار نامور قلمکارہ ،مصنفہ، ادیبہ، سوشل ورکر اور ممتاز جرنلسٹ ڈاکٹر سعدیہ کمال کی نئی تصنیف “تریمت کتھا “کی اشاعت عمل میں آ چکی ہے ۔ اگر اس کتاب کا بغور مطالعہ کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ ڈاکٹر سعدیہ کمال کی یہ کتاب ان کے فکری سفر ،علمی بصیرت اور تخلیقی گہرائی کی آئینہ دار ہے ۔ اس خوبصورت کتاب میں انہوں نے اپنی تحقیق، مشاہدے اور احساس کے امتزاج سے عورت کی آواز کو ادب کے معتبر اسلوب میں امر کر دیا ہے ۔ آپ کی یادداشت محض یادداشت نہیں بلکہ علم، تجربے اور احساسات کا ایک روشن خزانہ ہے ۔ جہاں فہم وفراست، علم و شعور اور مشرقی نسوانیت کی نزاکتیں یکجا ہیں ۔ یہی فکری وسعت اور مشاہدے کی پختگی آپ کے قلم کو ایک خاص شناخت عطا کرتی ہے ۔ آپ نہ صرف ایک محقق اور ادیبہ ہیں بلکہ صحافت کی دنیا میں ایک قائد، رہنما اور عہد ساز شخصیت بھی ہیں ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد سمیت مختلف صحافتی و سماجی تنظیموں میں آپ کی قیادت اور خدمات ہمیشہ سے نمایاں ہیں ۔ آپ نے صحافیوں خصوصا” خواتین اہل قلم کے لیے ایک مثال قائم کی ہے ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب “تریمت کتھا “نئی نسل کے لیے نہ صرف ایک تحقیقی رہنمائ بلکہ فکر و شعور کی روشنی بن کر ابھرے گی ۔
 خوبصورت شخصیت کی مالک ،خوش اخلاق، خوش گفتار، خوش لباس، پر وقار، ملنسار اور بردبار اوصاف سے متصف ڈاکٹر سعدیہ کمال کا شمار وطن عزیز کے نامور قلم کاروں میں ہوتا ہے ۔ آپ کمال لکھا ری ہیں ۔ آپ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی سئنیر نائب صدر بھی رہ چکی ہیں ۔ آپ ممتاز اینکر پرسن ہیں ۔ حضرت خواجہ غلام فرید پر پی ایچ ڈی، ڈاکٹر سعدیہ کمال ایک باصلاحیت خاتون اور فکر فرید رحمت اللہ علیہ کے فروغ کے لیے کافی عرصہ سے مصروف عمل ہیں ۔ سرائیکی وسیب کی لجپال، ڈاکٹر سعدیہ کمال نہایت ذہین انسان ہیں۔  آپ لوگوں سے ملاقات اور مکالمہ کرنے کا منفرد ہنر اور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ آپ کی سرائیکی زبان کی ترویج کے لیے نہ صرف مثالی خدمات ہیں بلکہ آپ سرائیکی وسیب کی آواز ،پہچان ،مان اور سنجان ہیں ۔ شنا زبان ہو یا بروشسکی، بلتی، ڈومکی یا کھوار ہر زبان کی ترویج کے لیے کوشاں رہتی ہیں اور انہیں سیکھنے کی کوشش کرتی ہیں ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال انچارج اے پی پی سرائیکی سروس کی حیثیت سے بھی گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے ہمیشہ جرات مندی  کے ساتھ صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔بطور صدر پی ایف یو جے ورکرز ڈاکٹر سعدیہ کمال انتہائی متحرک ہیں اور اپنے نام کی طرح کمال شخصیت کی مالک ہیں۔ اگر ڈاکٹر سعدیہ کمال کی صحافتی زندگی کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ صحافت کے صحرا میں بھٹکتی بے چین روح ہیں۔  انہوں نے اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو ہمیشہ مثالی انداز سے نبھایا ہے ۔ بلا شبہ وہ اپنے کیریئر کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہیں ۔ در حقیقت ڈاکٹر سعدیہ کمال جہد پیہم اور محنت شاقہ پر یقین رکھنے والی باہمت خاتون ہے ۔ حصول منزل کے لیے ان کی کاوشیں لائق صد تحسین و آفرین ہیں ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال کا عزم و ہمت ، حوصلہ اور بہادری قابل داد ہے ۔ شہر اقتدار میں صحافت کے پرخار راستے پر کامیابی سے گامزن نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی سابق سینیئر وائس پریزیڈنٹ اور ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان کی سینیئر اینکر پرسن ڈاکٹر سعدیہ کمال نے ہمیشہ ہر فورم پر سرائیکی وسیب کی اجتماعی فلاح بہبود کے لیے آواز بلند کی ہے ۔  ڈاکٹر سعدیہ کمال کی شخصیت سرائیکی وسیب کی خواتین کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ آپ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ سیلف میڈ لفظ کی شاندار تشریح ہیں ۔ سرائیکی وسیب کی مان ،شان ،آن بان اور پہچان ڈاکٹر سعدیہ کمال کا تعلق احمد پور شرقیہ/بہاولپور سے ہے ۔ انہوں نے احمد پورشرقیہ سے اسلام آباد کے سفر میں کمال کی محنت کی ہے اور اپنی اعلی ا خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے زندگی میں کافی نشیب و فراز دیکھے ہیں لیکن ان کے پاءے استقلال میں کبھی لغزش نہیں آئی ۔ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف) کو کیونکہ “روہی ٹی وی” کا نمائندہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس لیے یہ بات بخوبی میرے علم میں ہے کہ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے روہی ٹی وی کے لیے بھی مثالی خدمات سر انجام دیں ۔ بعد ازاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی سینیئر نائب صدر منتخب ہوئیں ۔ ٹی وی چینلز کے لیے بطور اینکر پرسن بھرپور طریقے سے کام کیا ۔ انہیں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ آج کل اے پی پی کی سرائیکی سروس کی انچارج کی حیثیت سے فرائض منصبی بطریق احسن سر انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے اپنی شبانہ روز محنت اور مسلسل جدوجہد کی بدولت قلیل عرصے میں شعبہ ءصحافت میں اتنا بڑا مقام حاصل کر لیا ہے جس کے لیے لوگ اپنی زندگی صرف کر دیتے ہیں مگر اس مقام تک پھر بھی نہیں پہنچ پاتے ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال کو سرائیکی زبان اور سرائیکی وسیب سے عشق اور محبت ہے اور ہر وقت سرائیکی زبان و ادب اور سرائیکی وسیب کے باسیوں کے ساتھ ساتھ اپنی صحافی برادری کی تعمیر و ترقی اور ان کی امنگوں کی ترجمانی کے لیے سرگرم عمل رہتی ہیں ۔ صحافت کی دنیا میں جرات، سچائی اور حق گوئی کے لیے صدر پی ایف یو جے ورکرز ڈاکٹر سعدیہ کمال اپنی مثال آپ ہیں ۔ دراصل ڈاکٹر سعدیہ کمال صحافت کی دنیا میں جرات، سچائی اور حق کی ترجمانی کا روشن استعارہ ہیں ۔ وہ خواتین صحافیوں کے حقوق کی موثر آواز ،ترقی پسند ،باہمت اور بلند حوصلہ شخصیت کی مالک ہیں ۔ اللہ کرے کہ آپ کی زندگی ہمیشہ علم ، شعور، انصاف اور روشنی کا پیام بن کر چمکتی رہے ۔ آپ کا قلم ظلم و زیادتی کے خلاف ، حق کے ساتھ اور سچ کے لیے ہمیشہ رواں دواں رہے ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال کی مسلسل جدوجہد اور حوصلہ نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو متحد کرنے کے لیے ملک بھر میں ہزاروں میل سفر کرنے والی میڈیا ورکرز کی حقیقی نمائندہ ہیں ۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے صحافت کے میدان میں اپنی جرات اور بصیرت سے نئی راہیں متعین کی ہیں ۔ آخر پر اللہ تبارک و تعالی ا کی ذات والا صفات کے حضور دعا ہے کہ اللہ تعالی ا ڈاکٹر سعدیہ کمال کو مزید شاندار کامیابیوں سے سرفراز کریں، ان کے قلم میں ہمیشہ تاثیر اور ان کے سفر علم وخدمت میں مزید برکت عطاکریں اور وہ دائم شادوآباد رہیں۔ آمین ۔