November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر کے علاقے صالح پٹ میں ضلع سکھر لیڈیز وِنگ کی رہنما محترمہ سونیا بلوچ اور پریس کلب صالح پٹ کے صدر

IMG-20251017-WA0289

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر کے علاقے صالح پٹ میں ضلع سکھر لیڈیز وِنگ کی رہنما محترمہ سونیا بلوچ اور پریس کلب صالح پٹ کے صدر عبداللہ مہر کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کی صحت یابی کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔قرآن خوانی کی اس روحانی محفل میں علاقے کی معروف سماجی شخصیات، خواتین، معززینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر مولانا ریاض احمد ڈول نے خصوصی دعا کرائی، جس میں سید خورشید احمد شاہ کی جلد صحت یابی اور ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ سونیا بلوچ نے کہا کہ انہوں نے اس ریگستانی علاقے میں آ کر محسوس کیا کہ یہاں کی خواتین کو مدد، رہنمائی اور معاشرتی تعاون کی شدید ضرورت ہے۔ اسی احساس کے تحت انہوں نے یہاں لیڈیز وِنگ کا یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ خواتین کے مسائل حل کیے جا سکیں، انہیں ان کے بنیادی حقوق دلائے جا سکیں اور انہیں خود مختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔سونیا بلوچ نے مزید کہا کہ ہم صالح پٹ کی خواتین کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑے رہیں گے، چاہے دن ہو یا رات، تاکہ وہ باعزت اور پُرسکون زندگی گزار سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ نے خواتین کی معاشی خودمختاری اور فلاح و بہبود کے لیے نمایاں کام کیے ہیں، جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی شامل ہے، جو غریب اور مستحق خواتین کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا ہے۔پریس کلب صالح پٹ کے صدر عبداللہ مہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سونیا بلوچ کے اقدامات کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہوں اور لیڈیز وِنگ کے یونٹ کو فعال بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا تاکہ خواتین کے حقوق اور ان کی فلاح کے لیے مؤثر کام کیا جا سکے۔آخر میں دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی جس میں شرکاء نے خواتین کے لیے معاشرتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔