November 17, 2026

درحقیقت خالد نجیب خان امن معاہدہ امن لائے گا؟

IMG-20251016-WA0254

درحقیقت
خالد نجیب خان
khalednajeebkhan@gmail.com
امن معاہدہ امن لائے گا؟
ایک فریق کے ایٹمی طاقت ہوتےہوئے دوسرے سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کیا جائے، تو یہ امن نہیں، جبر ہے
٭شرم الشیخ میں امن معاہدہ طے پا نے کے وقت میں پاکستان کے مختلف شہروں میں اہلِ غزہ کے حق میں جلاؤ اور مظاہروں کا سلسلہ کیوں جاری ہوا۔
٭مسلم حکمران کسی ٹرمپ،ٹونی یا یاہوپر بھروسہ کرنے کی بجائے اپنی مشترکہ طاقت بنائیں
قطع نظر اس امر کے کہ غزہ امن معاہدہ ہماری توقعات کے مطابق ہے یا نہیں،معاہدہ پردستخط ہوچکے ہیں جس کی اہم شقیں ،غزہ کی غیر عسکری حیثیت، انسانی امداد، قیدی رہائی، عبوری انتظامیہ اور غیر جانبدار مانیٹرنگ کا دائرہ ہیں۔ مگر سوال وہی ہے: کیا یہ اقدام عملی امن کی ضمانت دے سکے گا یا پھر ایک نیا سیاسی کھیل بن جائے گا؟
ذرائع کے مطابق امن معاہدے کی درج ذیل شقیں ہیں۔
1. غزہ کو انتہاپسندی سے پاک ایک غیر عسکری علاقہ قرار دیا گیا ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے لیے کسی خطرے کا باعث نہیں ہوگا۔
2. غزہ کی ازسرِ نو تعمیر اِس انداز میں کی جائے گی کہ وہ وہاں کے باسیوں کے لیے فلاح و بہبود کا ذریعہ بنے۔
3. فریقین کی منظوری کے بعد جنگ فوری طور پر ختم ہوگی اور اسرائیلی افواج معاہدے کے مطابق اپنی مقررہ پوزیشنز پر واپس چلی جائیں گی تاکہ یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو۔
4. اسرائیلی عوامی منظوری کے بعد زندہ اور مردہ تمام یرغمالیوں کی رہائی 72 گھنٹوں میں مکمل کی جائے گی۔
5. اس کے بعد اسرائیل 250 عمر قید یافتہ اور 1700 دیگر غزہ سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو رہا کرے گا جو جنگ کے دوران گرفتار ہوئے تھے۔
6. حماس کے وہ کارکن جو پُراَمن بقائے باہمی قبول کرتے ہوئے اپنے اسلحے کو غیر فعال کرنے پر آمادہ ہوں، انہیں عام معافی دی جائے گی، جبکہ جو لوگ غزہ کوچھوڑنا چاہیں گے، اُنہیں محفوظ راستہ دیا جائے گا۔
7. معاہدے کے نفاذ کے ساتھ ہی غزہ کو انسانی امداد بلا تاخیر فراہم کی جائے گی جس میں پانی، بجلی، اسپتال، نکاسی آب کےنالوں اور سڑکوں کی بحالی شامل ہوگی۔
8. امدادی سامان کی تقسیم اقوامِ متحدہ، ریڈ کراس اور دیگر غیر جانبدار تنظیموں کے ذریعے شفاف طور پر کی جائے گی۔
9. غزہ کی عارضی انتظامیہ ایک ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد ہوگی جس کی نگرانی بورڈ آف پیس کرے گا، جس کی صدارت امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ہوگی اور اس میں بین الاقوامی ماہرین بھی شامل ہوں گے۔
10. بورڈ آف پیس غزہ کی تعمیرِ نو اور مالی فریم ورک کی تشکیل کرے گا، اور وقت کے ساتھ ساتھ کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کو منتقل کیا جائے گا، بشرطیکہ وہ متعین اصلاحات مکمل کرلے۔
11. غزہ کو غیر عسکری علاقہ تسلیم کیا جائے گا اور اس پر غیر جانبدار مانیٹرز نظر رکھیں گے۔
12. اسلحے کے غیر فعال کرنے کا عمل بین الاقوامی مالی معاونت اورBuy-back پروگرام کے تحت انجام پائے گا۔
اِس اعلامیے پر دستخط امریکہ، مصر، قطر اور ترکی نے کیے ہیں۔ اُنہوں نے یہ عہد کیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں گے، مقدس مقامات کے احترام کو یقینی بنائیں گے اور انتہاپسندی کے خلاف متحد رہیں گے۔
یہ بات درست ہے کہ غزہ امن منصوبہ چار ستونوں،”سفارت کاری”،” انسانی امداد”،” فکری کردار اور علاقائی سلامتی” پر مبنی ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ جب شرم الشیخ میں یہ معاہدہ طے پا رہا تھا، پاکستان کے مختلف شہروں میں اہلِ غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے مظاہرے خون سے رنگین ہورہے تھے۔ مظاہرین اور انتظامیہ کے تصادم نے سوال چھوڑ دیا کہ یہ مظاہرے اِس وقت ہی کیوں اور کس کے مفاد میں بھڑکے؟اوراسی خاص وقت میں ایک پڑوسی مسلم ملک کے ساتھ سرحدوں پر گولہ باری کی خبروں کو “محض اتفاق “خیال کرنا مشکل کام ہے کیونکہ ماضی میں بھی اہلیان پاکستان یہ منظر دیکھ چکے ہیں کہ اسلام،دین اور ناموس رسالت جیسے ایشوزپر اُن کے جذبات کا ناجائز فائدہ اُٹھایا جا چکا ہے۔عوام کا خون خواص کے خون سے شاید زیادہ سرخ ہوتا ہے جو خاص مواقع پر زیادہ “اچھا” تاثر دیتا ہے۔ اس سوال کا تفصیلی جواب شاید کسی اور مضمون کا متقاضی ہے، مگر اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ اہلِ پاکستان کے جذبات ماضی میں بھی مذہب، ناموسِ رسالت اور اسلام کے نام پر استحصال کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔
واپس آتے ہیں، اصل موضوع کی طرف یعنی “ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ”
یہ وہی ٹرمپ ہیں، جنہوں نے اپنے سابقہ دور میں اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کی، “ابراہم اکارڈ” اور “ڈیل آف دی سنچری” کے ذریعے مسلم حکمرانوں کو اسرائیل کو تسلیم کرانے پر مجبور کیا، اور یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیا۔ آج وہی ٹرمپ دوبارہ ”امن کے علمبردار“کے طور پر سامنے آئے ہیں اور افسوس کہ کئی مسلم حکمران اُن کے ساتھ تصویریں بنواتے ہوئے خوش دکھائی دیتے ہیں۔
حتیٰ کہ پاکستان کے وزیراعظم نے شرم الشیخ میں اُنہیں”اَمن کے نوبل انعام” کے لیے ایک مرتبہ پھر نامزد کردیا اور جس وقت وہ انگریزی زبان میں یہ سب کچھ کہہ رہے تھے اُن کے پیچھے کھڑی خاتون کے چہرے پر ناگواری کا اظہار ساری دنیا دیکھ چکی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم کا حافظہ شاید کمزور ہے کہ انہیں یہ بھی یاد نہیں رہی کہ یہ وہی ٹرمپ ہیں جو فلسطینیوں کی نسل کشی کے لئے اسرائیل کو اسلحہ اور امداد فراہم کرتے رہے، اور ہر جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرتے رہے ہیں۔
حقیقت تو یہی ہے جس سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا کہ ٹرمپ کے پیش کردہ “20 نکاتی فارمولا” میں اسرائیلی مفادات کی ضمانت دی گئی ہے۔
حماس کے خاتمے، فلسطینیوں کے غیر مسلح ہونے اور ایک ایسی ریاست کی تشکیل کی بات کی گئی ہے جس کے پاس نہ فوج ہوگی، نہ پولیس، نہ دفاع۔
کیا محمود عباس کی فلسطینی اتھارٹی پہلے سے موجود نہیں؟ اور کیا اُس نے کبھی فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ کیا؟
قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فرمایا تھا؛”اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے، اِسے تسلیم کرنا ظلم اور جبر کی تائید کرنا ہے۔”
اس وقت دو ریاستی حل کے نام پر دراصل اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے کا تقاضا کیا جا رہا ہے۔
بعض حلقوں کا خیال ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی یا امن منصوبہ دو بلیوں کی کیک پر لڑائی میں بندر کی ثالثی جیسی ہی ہے ۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ٹرمپ اِس معاملے میں غیر جانبدار نہیں ہیں۔وہ اسرائیل کے دیرینہ حلیف ہیں، خود کئی بار جنگ کے فریق بنے۔ ایران پر حملوں میں اُن کی براہِ راست مداخلت اور اسرائیل کی غیر مشروط حمایت اِس امر کا ثبوت ہے کہ یہ اَمن منصوبہ فلسطینیوں کے لیے نہیں بلکہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے۔
جب ایک فریق ایٹمی طاقت رکھتا ہو اور دوسرے سے غیر مسلح ہونے کا تقاضا کرے، تو یہ اَمن نہیں، جبر کہلاتا ہے۔
دو برس پہلے7 اکتوبر 2023ء کی حماس کی کارروائی نے اگرچہ بہت سے عرب ممالک کو اسرائیل کو تسلیم کرنے سے وقتی طور پر روک دیا، مگر بدقسمتی سے اب وہی کھیل نئے انداز میں شروع ہوچکا ہے۔ٹرمپ نے ایک نیا جال پھینکا ہے،اور مسلم حکمران پھر سے اس میں الجھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
انتہائی دکھ کی بات ہے کہ ہمارے بعض مقتدر حلقے بھی“دو ریاستی حل” کو پاکستان کی نئی پالیسی کے طور پر پیش کر رہے ہیں ، حالانکہ قائداعظم کے زمانے سے پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ”اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔“
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شرم الشیخ اجلاس میں صرف اِس لیے شرکت نہیں کی کہ وہاں اسرائیلی وزیراعظم بھی موجود تھے اگرچہ ترکیہ اور اسرائیل کے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔اس کے برعکس، ہمارے وزیراعظم صاحب تو شاید گئے ہی ٹرمپ کے نوبل انعام کی نامزدگی کے لیے تھے کہ پاکستان کا تو معاہدے میں کوئی ذکر بھی نہیں ہے۔
کہا جارہا ہے کہ شرم الشیخ میں جاری کئے گئے اعلامیہ کے نتیجے میں اگر ایک فلسطینی ریاست قائم ہو جاتی ہے ،(جو کہ پہلے سے موجود بھی ہے) اور اسرائیل اسےتسلیم کر بھی لیتا ہے تو فلسطینیوں کی اندر کی لڑائی تو شاید ختم ہوجائے گی۔مگر اقوامِ متحدہ کی ستمبر 2025ء کی قرارداد کا مطالعہ بتاتا ہے کہ یہ کوئی آزاد ریاست نہیں بلکہ پی ایل او کے زیرِ اثر ایک نیم خودمختار انتظامی علاقہ ہوگا اور سب جانتے ہیں کہ پی ایل او کن کے اشاروں پر چلتی ہے۔
پھرامن فارمولہ کے نام پر ٹونی بلیئر کوعبوری سیٹ اپ کاسربراہ بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے جس کے ہاتھ عراق اور فلسطین کے مسلمانوں سے پہلے ہی رنگے ہوئے ہیں ۔
اِن حالات میں مسلم حکمرانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ مسلم ممالک کا اپنا اتحاد ہو ۔ اگر غیر مسلم قوتیں نیٹو کے نام سے اکٹھی ہو سکتی ہیں تو مسلم ممالک مشترکہ عسکری اتحاد کیوں نہیں بنا سکتے ؟ اگر آج بھی مسلم ممالک کھڑے نہیں ہوں گے تو کیا ٹرمپ،ٹونی بلیئر یا نتن یاہو پر بھروسا کرکے محفوظ رہ سکتے ہیں ؟اگر وہ سمجھتے ہیں ان پر بھروسا کرکے اور اُن کی جھوٹی سچی تعریفیں کرکے ان کے اقتدار محفوظ رہ سکتے ہیں تو یہ اُن کی بہت بڑی بھول ہے ۔
دنیا کو اگر واقعی مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن چاہیے تو یہ کردار کسی غیر جانبدار عالمی اتحاد یا اقوامِ متحدہ کے تحت ادا ہونا چاہیے۔اِس وقت ضرورت اِس امر کی ہے کہ دنیا انصاف کے ترازو کو ایک طرف جھکنے سے روکے۔ فلسطینی عوام کو اُن کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
تادم تحریر اسرائیلی جارحیت عارضی طور پر بند ہوچکی ہے اوراہل غزہ کے لئے امدادی راستے کھولے جاچکے ہیں مگر اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے جب تک یہ سطور شائع ہو کرآپ تک پہنچیں ماضی کے جنگ بندی کے معاہدے کی طرح خدانخواستہ پھر سے بات وہیں سے شروع ہوچکی ہو جہاں رُکی تھی کیونکہ ہم نے ہنری کسنجر کی کہی ہوئی بات کو غلط ہوتے ہوئے نہیں دیکھا کہ اُس نے کہا تھا ” امریکہ سے اُس کے دشمنوں کو اتنا خطرہ نہیں ہوتا جتنا اُس کے دوستوں کو ہوتاہے ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو سمجھ اور ہدایت عطا کرے ۔