جھنگ میں اینٹوں کے سرکاری نرخوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی – بھٹہ مالکان کی من مانی، عوام بے بس
جھنگ میں اینٹوں کے سرکاری نرخوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی – بھٹہ مالکان کی من مانی، عوام بے بس
جھنگ
حکومتِ پنجاب کی جانب سے پختہ اینٹ کے سرکاری نرخ آٹھ ہزار روپے فی ہزار مقرر کیے جانے کے باوجود جھنگ اور گردونواح میں اینٹیں 14 سے 15 ہزار روپے فی ہزار تک فروخت کی جا رہی ہیں۔
واضح احکامات اور نوٹیفکیشن کے باوجود ضلعی انتظامیہ کسی بھٹے سے سرکاری ریٹ پر فروخت یقینی نہ بنا سکی۔ نتیجتاً غریب عوام، مزدور طبقہ اور مکان بنانے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بھٹہ مالکان نے حکومت کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے، جبکہ افسوسناک بات یہ ہے کہ مسجد کی تعمیر کے لیے بھی ساڑھے 14 ہزار روپے فی ہزار اینٹ وصول کیے گئے — جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خوفِ خدا کا عنصر مٹ چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھٹہ مالکان نے گزشتہ تین روز سے اینٹوں کی سپلائی بھی بند کر رکھی ہے، ان کا مؤقف ہے کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ ریٹ پر فروخت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ حکومتی ریلیف عوام تک پہنچنے سے پہلے ہی مافیا کی نذر ہو جاتا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ، پیرا فورس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایکشن لے کر بھٹہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب شہری بھی اپنے گھروں کے خواب شرمندہ تعبیر کر سکیں۔