November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی ملک فلاحی جماعت کے بانی مرحوم جاوید ملک کے صاحبزادے مرتضیٰ ملک صدر نامزد

IMG-20251013-WA0221

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
ملک فلاحی جماعت کے بانی مرحوم جاوید ملک کے صاحبزادے مرتضیٰ ملک صدر نامزد
ملک برادری کے معززین کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری، مرحوم جاوید ملک کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین

سکھر (بیورورپورٹ) ملک فلاحی جماعت کے بانی اور معروف سماجی رہنما مرحوم جاوید ملک کے فرزند مرتضیٰ ملک کو جماعت کا نیا صدر نامزد کر دیا گیا۔ اس موقع پر ملک برادری کے معززین، سماجی شخصیات اور مختلف طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے مرتضیٰ ملک کو صدارت سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملک برادری کے معزز اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مرحوم جاوید ملک برادری اور عوامی خدمت کے حوالے سے ایک مثال تھے۔ وہ ہر وقت اپنے علاقے اور برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے پیش پیش رہتے تھے اور محروم طبقے کے افراد کی مدد کو اپنی زندگی کا مقصد بنا رکھا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جاوید ملک نہ صرف برادری کے لوگوں کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرتے تھے بلکہ اپنی فلاحی تنظیم کے پلیٹ فارم سے بے سہارا اور مستحق افراد کی مالی و سماجی مدد میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔شرکائے اجلاس نے اس امید کا اظہار کیا کہ مرتضیٰ ملک اپنے والد کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک فلاحی جماعت کو مزید فعال اور مؤثر بنائیں گے۔ ان سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ بھی اپنے والد کی طرح برادری کے اتحاد، عوامی خدمت اور سماجی بھلائی کے جذبے کے ساتھ قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔مختلف معززین ملک برادری نے کہا کہ مرحوم جاوید ملک نے جو فلاحی ورثہ چھوڑا ہے وہ برادری کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے، اور مرتضیٰ ملک کی نامزدگی اسی تسلسل کا مظہر ہے۔آخر میں ملک برادری کے عمائدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرتضیٰ ملک کو ہمت اور توفیق عطا فرمائے کہ وہ اپنے مرحوم والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے برادری اور عوام کی خدمت کا سفر مزید کامیابی کے ساتھ جاری رکھ سکیں۔