November 18, 2026

سکھر سے ھمارے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی کی خبر کے مطابق ) پولیو کے خاتمے کی قومی مہم 2025ء کے سلسلے میں روٹری پبلک اسکول سکھر میں شاندار افتتاحی تقریب منعقد، افتتاحی تقریب کے ساتھ

Screenshot_2025-10-11_135457

سکھر سے ھمارے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی کی خبر کے مطابق ) پولیو کے خاتمے کی قومی مہم 2025ء کے سلسلے میں روٹری پبلک اسکول سکھر میں شاندار افتتاحی تقریب منعقد، افتتاحی تقریب کے ساتھ پولیو مہم میں حصہ لینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز و دیگر عملے کے لیے تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان تھے، جبکہ ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر علی گل شاہ، ڈاکٹر تنویر عباسی، آغا سمیع اللہ، ڈاکٹر وقار احمد، ڈاکٹر جمال اور محکمہ صحت کی پولیو ٹیموں کے دیگر اراکین اور معزز شہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد ضلع بھر میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم سے قبل ہیلتھ ورکرز اور فیلڈ ٹیموں کو عملی تربیت کرنا تھا تاکہ مہم کے دوران ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچائے جا سکیں۔ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، یہ صرف محکمہ صحت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشن ہے،انہوں نے فیلڈ ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات دیانتداری اور ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ سکھر کو پولیو فری ضلع بنایا جا سکے، ڈی ایچ او ڈاکٹر علی گل شاہ نے اپنے خطاب میں مہم کے تکنیکی پہلوؤں، حفاظتی اقدامات اور والدین میں شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر تنویر عباسی اور دیگر مقررین نے کہا کہ آگاہی مہم پولیو کے خاتمے کی بنیاد ہے، فیلڈ ورکرز کو ہر گھر تک رسائی یقینی بنانی ہوگی۔سیشن کے دوران آگاہی ویڈیوز اور معلوماتی مواد کے ذریعے شرکاء کو پولیو وائرس کے خطرات اور بچاؤ کی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا گیا۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او نے مہم میں شامل ٹیموں کے جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سکھر کی تمام ٹیمیں اس پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسداد پولیو مہم 13 اکتوبر سے 17 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی جس کے دوران ضلع کے پانچ سال تک عمر کے تمام بچوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سکھر نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔