November 17, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا رات کے وقت اچانک دورہ کیا

Screenshot_2025-10-09_074447

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا رات کے وقت اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری، فارمیسی اور آؤٹ ڈور شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، دواؤں کی دستیابی، مریضوں کے آرام و آسائش اور عملے کی حاضری کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف روڈز کا دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرا پنجاب مہم، سٹریٹ لائٹس، نکاسی آب، اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی، ستھرا پنجاب اور لوکل گورنمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھر میں شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اور تمام سرکاری ادارے عوامی خدمت کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں۔