November 17, 2026
IMG-20250907-WA0129(5)

مٹی سے جڑا کہانی کار

،،کہانی تیری قلم میری،، سلیم اشرف کی دوسری کتاب ہے۔ یہ کہانیوں کی کتاب ہے۔ اس سے پہلے ان کی کتاب ،،آمو سے راوی تک،،اُردو ادب میں اپنا آپ منوا چکی ہے۔ان کی کہانیوں کے کردار بڑے جاندار ہیں۔ان کی تحاریرمیں بڑی پختگی ہے۔ ایک الگ اسلوب کے ساتھ انہوں نے خود کی پہچان بنائی ہے۔ کہانی کے پلاٹ ،طرزتعمیر، تحریروبیان کا جو ملکہ اُن کو حاصل ہے۔ وہ ایک منجھے ہوئے لکھاری کا ہے۔ ان کی تحاریر میں وطن کی مٹی کی خوشبو رچی بسی ہے۔ وہ کہانیوں کے کردار مٹی سے اُٹھا کرلائے ہے۔ ایک جملہ ملاحظہ فرمائیں ،، ہر کہانی میں کردار ہوتے ہیں اور ہر کردار میں ایک کہانی،،
وہ وسطی ایشیائی ریاستوں سے آنے والے حملہ آوروں کے کردار نہیں ہیں۔ وہ اپنی جنم بھومی،اپنی مٹی سے محبت کرتا ہے۔ جس میں وہ پیدا ہوا ہے۔ وہ اِس کا حق ادا کر رہا ہے۔ وہ اصل میں اِس مٹی کا حق ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے خیالی، تخیلاتی کردار تخلیق نہیں کیے، بلکہ وطن عزیز کی مٹی سے جنم لینے والے سچے کرداروں کو دل پزیر پیرائے میں سادہ مگر دلنشیں اُسلوب میں سجا کرپیش کیا ہے۔”کہانی تیری قلم میری” میں بیس کہانیاں شامل ہیں۔ جو سچی کہانیاں ہیں اور اُن کے کردارجیتے جاگتے کردار ہیں۔ وہ سب تھوڑی دیر پہلے اِدھر ہی تھے ۔ ہمارے تمہارے آنے سے پہلے وہ سب یہاں پر ہی سانس لے رہے تھے۔ ان میں سے کچھ وطن عزیز سے محبت میں اور کچھ ناموسِ آزادی پرجان قربان کرکے اَمر ہوگئے۔ ہر کردارایک سے بڑھ کر ایک ہے۔،،جھومر،، چک جمرہ کی تاریخ اور اس کی آباد کاری کے متعلق ہے،،بھگت سنگھ،، میں لکھتے ہیں کہ زندگی لمبی نہیں بڑی ہونی چاہئے ۔ اس کہانی میں لکھتے ہیں کہ دنیا میں بہادروں کا قتل میدان جنگ میں کم اورعدالتوں میں زیادہ ہوا ہے ۔ رائے احمد خان کھرل نے آزادی کا سودا نہیں کیا جوانگریز سامراج کے سامنے جھکے نہیں، دلا بھٹی نے اکبر کے سامراج کو نہیں مانا ، سرمد نے گردن تو کٹوا لی لیکن اورنگزیب عالمگیر کے سامنے سجدہ نشین نہیں ہوا۔ یہ وہ کردار ہیں جو وقت کے سامراج کے سامنے جھکے نہیں جنہوں نے جان دے دی، پھانسی کے پھندے کو چوم کراُس پرجھول گئے لیکن اپنی مٹی سے محبت پرحرف نہیں آنے دیا۔ وہ کردار آج بھی تاریخ کے پنوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ سلیم اشرف ساندل بار کے بہادروں کی بہادری اورشجاعت کی کہانیاں سناتا ہے جنہیں ہمیشہ آنے والی نسلوں سے چھپایا گیا یا منفی رنگ دے کر پیش کیا گیا۔ لیکن تاریخ ہمیشہ عدل کا فیصلہ سناتی ہے اور وطن سے محبت کی پاداش میں جان دینے والوں کو تاریخ کا روشن پہلو بنا کر امر کردیتی ہے۔ سلیم اشرف کی کہانیوں کی زمانی ترتیب دی جائے تو کچھ کہانیاں تقسیم سے قبل کی ہیں، جیسے ،سرمد، بھگت سنگھ،جھومر،وغیرہ کچھ بعد کی، ان کہانیوں میں سلیم اشرف نے ہر دور میں ریاستی حکومتی اداروں کےظلم ،جبر و استبداد کو پیش کیا ہے کہ کس طرح ہر حاکم رعایا کو طاقت و جبر کے ساتھ محکوم رکھنا چاہتا ہے محکوم طبقہ کو دبا کے رکھنا چاہتا ہے۔ ان کے حقوق کو غضب کرکے رکھنا چاہتا ہے تاکہ اس کی حکومت اور طاقت قائم رہے تقسیم نے مظلوم عوام کو کچھ نہیں دیا فرق صرف اتنا پڑا ہے کہ پہلے بیرونی ،بدیشی یہاں قابض تھے اَب مقامی آقاؤں نے وسائل کومقبوضہ بنا لیا ہے ۔ جو اس ملک کو اپنی جاگیر اور عوام کو غلام سمجھتے ہیں۔ ان کو کسی قسم کے حقوق یا کوئی سہولت نہیں دینا چاہتے۔ جس سے ان کی طاقت ختم ہو جائے یا اُن کی حکمرانی جاتی رہے۔ سلیم اشرف ان کہانیوں کے ذریعے یہ کہنا چاہتا ہے کہ ہم نے آزادی کے نام پر صرف اپنے حکمران بدلے ہیں، گورے سے کالے آ گئے ہیں۔ اِن کے ظلم جبر و استبداد میں کوئی فرق نہیں آیا۔ یہ مالک چاہے قومی سطح پر ہوں یا مقامی سطح پر شہریوں کے ساتھ یکساں ظلم رواں رکھے ہوئے ہیں۔ وہ کسی طرح نہیں چاہیں گے کہ ان کی نسل درنسل اجارہ داری پرچوٹ پڑے۔ ان کہانیوں کے ساتھ ساتھ سلیم اشرف اپنی جنم بھومی سے لپٹے شاندارماضی ، اقدار و روایات، بھائی چارے اور مٹتی ہوئی محبتوں کی یادوں کو یاد کرتے ہیں۔ جس طرح وہ ،،ریل، بستی اور ڈاکیا،، میں ریل گاڑی اور ڈاک کے نظام نے ہماری زندگیوں میں رومان پرور ماحول بنائے رکھا تھا۔ ریل ترقی اور زندگی کی نشانی ہے۔ جو پچھلی تہذیب و تمدن کو نئے دور سے جوڑتی تھی۔ جو سینکڑوں میل کا سفر گھنٹوں میں طے کرتی تھی۔ ایک دوسرے سے دور بیٹھے ہوئے دوست،عزیزواقارب کو ملانے کا خوبصورت ذریعہ تھی۔ اُس ریل کے ساتھ جڑا ہوا ڈاک کا نظام تھا ۔ جو میلوں دور بیٹھے انسان کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا خوبصورت وسیلہ تھا۔ یہ کہانی پڑھ کر میں اپنے بچپن میں لوٹ گیا ہوں ۔ مجھے یاد ہے ہم چھوٹے تھے تو گاؤں میں کسی کے گھر چٹھی،خط آ جاتا تو گاوٓں میں ڈھونڈتے پھرنا کہ کوئی خط پڑھ کر سنا دے، کہ اس زمانے میں گاوۤں میں پڑھا لکھا بندہ مشکل سے ملتا تھا۔ سلیم اشرف اپنی یادوں کی پٹاری کھولتے ہیں اور ماضی کے اس خوبصورت رومان پرور دور کو یاد کرتے ہیں خود بھی سسکتے ہیں اور دوسروں کو بھی رلاتے ہیں۔ وہ تہذیبی معاشرتی جمالیاتی داستانیں ماضی کا قصہ پارینہ ہونے سے بچاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ پرانے پتوں کو شاخوں سے جھڑنا ہوتا ہے نئی کونپلوں کو بلا آخرپھوٹنا ہی ہوتا ہے ، خزاں آتی ہے تو بہار بھی آئے گی، تاریکی اپنے ساتھ سحر کو بھی لاتی ہے ایک روایت ہے کہ ایک تہذیب مٹتی ہے تو پھرکہانی ایک نئی تہذیب کو جنم دیتی ہے۔ زندگی کا پہیہ اس طرح گھومتا ہے جس طرح سلیم اشرف لکھتا ہے کہ ہر کہانی میں کردار ہوتے ہیں اور ہر کردار میں ایک کہانی
،،کہانی تیری قلم میری،، ایک ایسی کہانی ہے جو مٹی سے اُٹھے ہوئے ہر اُس فرد کی کہانی ہے جو مٹی سے پیار کرتا ہے ۔

شاہد محمود سیالکوٹ
09/10/2025