November 17, 2026

*غزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا، قطر کی تصدیق، پاکستان کا خیر مقدم۔*

Screenshot_2025-10-09_074447

*غزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا، قطر کی تصدیق، پاکستان کا خیر مقدم۔*

*قطر نے تصدیق کی ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے پہلے مرحلے پر مکمل اتفاق ہو گیا ہے۔ یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے منصوبے کی منظوری کے بعد سامنے آیا۔*

*قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان، ماجد الانصاری، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ثالثوں نے منصوبے کے ’تمام نکات اور نفاذ کے طریقہ کار‘ پر اتفاق کر لیا ہے۔*

*وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے حماس اسرائیل امن معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے طے پانے والا معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں دائمی امن کے قیام کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔*

*وزیراعظم نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور مذاکراتی عمل میں اُن کا کردار عالمی امن کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔*

*انہوں نے مزید کہا کہ قطر، مصر اور ترکیہ کی دانا اور ثابت قدم قیادت کو بھی اس تاریخی معاہدے کے حصول کے لیے ان کی انتھک اور قابلِ ستائش کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔*

*وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کو فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے ناقابلِ بیان مصائب اور قربانیاں برداشت کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات کسی صورت دوبارہ پیدا نہیں ہونے چاہئیں۔*

*انہوں نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزیوں پر گہری تشویش اور سخت مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ قابض افواج اور غیر قانونی آبادکاروں کو ان کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو صدر ٹرمپ اور ثالث ممالک کی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔*

*وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان اپنے شراکت داروں، دوستوں اور برادر ممالک کی قیادت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ فلسطینی عوام کے لیے امن، سلامتی اور وقار اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی خواہشات کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔*

*واضح رہے کہ منگل کے روز ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر اعلان کیا تھا کہ حماس اور اسرائیل دونوں نے غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں۔*

*ٹرمپ نے لکھا ’اس کا مطلب ہے کہ تمام یرغمالیوں کو بہت جلد رہا کر دیا جائے گا، اور اسرائیل اپنے فوجیوں کو طے شدہ لائن تک واپس بلا لے گا — جو ایک مضبوط، پائیدار اور دائمی امن کی طرف پہلا قدم ہوگا۔*

*انہوں نے مصر، قطر اور ترکیہ کے ثالثوں کا شکریہ ادا کیا اور اسے ’تاریخی اور بے مثال واقعہ‘ قرار دیا۔*

*الجزیرہ ٹی وی چینل کے مطابق حماس نے بھی اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹرمپ، عرب ثالثوں اور بین الاقوامی فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ’قابض حکومت (اسرائیل)‘ پر معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے لیے دباؤ ڈالیں۔*