تحریر – محمد فاروق عزمی رابطہ ۔ 4788517 0321 محسن پاکستان کی چوتھی برسی
تحریر – محمد فاروق عزمی
رابطہ ۔ 4788517 0321
محسن پاکستان کی چوتھی برسی
10 اکتوبر کو محسن پاکستان فخر عالم اسلام ڈاکٹر عبد القدیر خان کی چوتھی برسی ہے ۔ ایک قومی روزنامے نے لکھا تھا۔ اگر ڈاکٹر قدیر نہ ہوتے تو شاید آج پاکستان کے پاس ایٹمی تحفظ نہ ہوتا ۔
10 اکتوبر2021 کو ان کے انتقال پر پاکستان سمیت پورا عالم اسلام سوگوار تھا۔
قوموں کی زندگی میں کچھ شخصیتیں ایسی ہوتی ہیں جو تاریخ کے دھارے کا رخ موڑ دیتی ہیں۔ چند گنے چنے لوگ ہی ایسے ہوتے ہیں جو اپنی زندگی اور اپنی ذات کو ملک و قوم کے لیے وقف کر کے نئی صبح کی نوید بنتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں قائد اعظم علیہ رحمہ کے بعد اگر کوئی نام اس شان سے لیا جا سکتا ہے تو وہ نام ہے ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ۔ اسی لیے انھیں قائد اعظم کے بعد پاکستان کا “دوسرا بڑا آدمی” کہا جاتا ہے۔ وہ محض ایک سائنسدان نہیں تھے بلکہ ایک خواب کی تعبیر، ایک دعا کا حاصل اور ایک عہد کی تکمیل کا نام تھے ۔
ڈاکٹر عبد القدیر خان یکم اپریل 1936 کو بھوپال بھارت میں پیدا ہوئے۔ پرائمری تک گنوری (GONNORI) بھوپال میں زیر تعلیم رہے۔ جہانگریہ مڈل سکول بھوپال سے 1950 میں مڈل، اور حمیدیہ ہائی سکول سے 1952 میں میٹرک کا امتحان پاس کیا اور اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان چلے آۓ اور کراچی میں قیام کیا۔ ڈی جے کالج کراچی سے 1960 میں بی ایس سی کیا ۔ پھر جرمنی کی برلن یونی ورسٹی سے میٹالرجیکل سائنس میں ڈپلومہ حاصل کیا ۔ 1964 میں ہیگ (ہالینڈ) میں ہینی خان (HENDE RINA) سے نکاح کر لیا۔ نکاح کے گواہ قدرت اللہ شہاب ہوئے جو اس وقت ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر تھے آپ کی دو بیٹیاں وینا خان اور عائشہ خان ہیں ۔ آپ نے نیدر لینڈ کی ڈیلف یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور بیلجیم کی لیوون یونی ورسٹی سے میٹالرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ ( Phd) مکمل کی ۔ نیدر لینڈ (ہالینڈ) المیلو کے ایف ڈی او یورنیم انرچمنٹ پلانٹ پر اپریل 1972 سے 1976 تک ملازمت کرتے رہے ۔
1971ء میں ہمسایہ ملک بھارت نے مشرقی پاکستان میں کھلی جارحیت کرتے ہوئے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیشں بنا دیا ۔ اس پر ڈاکٹر خان از حد دکھی ہوئے اور انہیں مغربی پاکستان کا وجود خطرے میں نظر آنے لگا ۔ 18 مئی 1974ء کو ہندوستان نے پوکھران (راجستھان) میں نام نہاد ” پُر امن ” ایٹمی دھماکہ کر دیا ۔ بھارت کو کینیڈا اور امریکہ کی بھر پور حمایت اور مدد حاصل تھی ۔ ہندوستان کے ایٹمی دھماکے کے بعد مغربی پاکستان کے وجود کو جو خطرہ درپیش تھا اس نے محبٍ وطن ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو انتہائی مضطرب اور بے چین کر دیا۔ لہذا انہوں نے اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ایک خط کے ذریعےآگاہ کیا کہ اگر پاکستان نے مناسب جوابی اقدام نہ کیا تو پاکستان کے وجود اور سلامتی کو دشمن ملک بھارت سے شدید خطرات لاحق ہوں گے ۔ وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ڈاکٹر صاحب کو پاکستان آنے کی دعوت دی . 1974 کے اواخر میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان اپنی بیگم اور بیٹیوں کے ہمراہ چھٹی پر کراچی آۓ جہاں چند دن اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کے بعد آپ نے اسلام آباد جا کر وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے ملاقات کی اور وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ پاکستان کو ایٹمی پروگرام ضرور شروع کرنا چاہیے ۔ جس کے بعد وزیر اعظم نے جو کہ خود بھی پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے فکرمند تھے ، ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے جدوجہد شروع کردی لیکن دسمبر 1975 میں جب ڈاکٹر عبدالقدیر دوبارہ پاکستان آئے اور ایک بار پھر وزیراعظم سے ملاقات کی تو بھٹو صاحب نے انھیں ان تمام جگہوں کا معائنہ کرنے کے لیے کہا، جہاں اس حوالے سے کام کا آغاز کیا گیا تھا ۔ ڈاکٹر خان نے معائنے کے بعد وزیر اعظم کو بتایا کہ کام کی رفتار زیرو اور نتیجا صفر ہے ۔ اس پر بھٹو صاحب غصے میں آ گئے اور رنجیدہ اور فکر مند بھی ہوۓ ۔ جس کے بعد انھوں نے ڈاکٹر صاحب سے درخواست کی کہ پاکستان کی خاطر آپ بیرونٍ ملک نہ جائیں یہاں رہ کر پاکستان کے لیے کام کریں ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی بیگم سے طویل صلاح مشورے اور بحث مباحثے کے بعد بالآخر پاکستان میں رک کر ملک کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ بہت بڑی قربانی تھی ۔ کیونکہ ہالینڈ میں ڈاکٹر صاحب کے پاس اعلیٰ نوکری اور بے شمار سہولتیں اور شاندار مستقبل تھا ۔
1976 میں انھوں نے کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری کی بنیاد رکھی ۔ جسے بعد میں ان کے نام سے منسوب کر کے ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹری کہا جانے لگا ۔ بے شمار مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قیادت میں پاکستان نے بہت جلد یورینیم افزودگی (Uranium Enrichment)
کی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر لی ۔
یورینیم افزودگی کی پیچیدہ اور نازک ٹیکنالوجی جو دنیا کے چند ہی ممالک کے پاس تھی ، اسے پاکستان جیسے کم وسائل کے حامل ملک کے لیے ممکن کر دکھانا ایک بڑا کارنامہ تھا ۔ جس کے پیچھے ڈاکٹر صاحب کی اعلیٰ قیادت، ان کی پُرعزم ٹیم ، برسوں کی محنت ، دن رات کی مشقت اور بے شمار قربانیوں کی طویل اور دلگداز داستان ہے ۔ جس کو رقم کرنے کے لیے دفتر کے دفتر درکار ہیں ۔ یورپ کی آسائشیں چھوڑ کر پاکستان آنے والے اس عظیم محسن نے وطن کی پکار پر لبیک کہا تو ان کے سامنے ایک ہی مقصد تھا ، جس کے بارے انھوں نے خود کہا تھا ،
” میری زندگی کا مقصد پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانا ہے” ۔
ان کا یہ مقصد اس وقت پورا ہوا جب 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے مقام چاغی کے پہاڑ مسلسل چھے ایٹمی دھماکوں سے لرز اٹھے اور دنیا نے یہ اعلان سنا کہ پاکستان اب ” ایٹمی قوت” ہے ۔
یہ دراصل ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے خوابوں کی تکمیل کا دن تھا ۔ جب ایک قوم نے غلامی اور خوف کے طوق توڑ ڈالے تھے۔ بھارت میں ہندو بنیئے پر لرزہ طاری تھا اور اس کے متکبر حکمران انگشت بدنداں تھے۔ ان کے لب و لہجے کا تکبر اور غرور خاک میں مل گیا تھا اور عالم اسلام نے پاکستان کی طرف فخر و انبساط سے دیکھنا شروع کر دیا تھا ۔ کہ اب پاکستان پہلا اسلامی ایٹمی ملک تھا ۔
قوم نے انھیں محسن پاکستان اور فخر عالم اسلام کے القابات سے نوازا ۔ ہر دل ان کا قدردان تھا، ہے اور رہے گا ۔ انھیں 14 اگست 1989 کو صدر پاکستان غلام اسحاق خان نے ہلال امتیاز سے نوازا۔ انھیں دوبار نشان امتیار بھی دیا گیا ۔ 1996 میں فاروق احمد خان لغاری صدر پاکستان نے اور 1998 میں اسوقت کے صدر محمد رفیق تارڑ نے انھیں یہ اعزازات دیئے ۔ مگر اصل اعزاز وہ محبت تھی جو ایک عام پاکستانی کے دل میں ان کے لیے دھڑکتی تھی۔ میری فجر کی نماز کے بعد کی دعاؤں میں جو لوگ شامل ہیں ان میں میرے والدین بڑے بھائی اہلیہ کے والدین، دیگر عزیز و اقارب کے علاوہ قومی سطح کے چار لوگ جن کے درجات کی بلندی کے لیے میں ہر روز دعا کرتا ہوں ان میں قائد اعظم ، علامہ اقبال، ڈاکٹر صفدر محمود اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان شامل ہیں کہ ڈاکٹر خان قائد اعظم کے بعد پاکستان کے دوسرے بڑے آدمی تھے ۔ اگرچہ بعد کے برسوں میں عالمی سیاست کے زیر اثر پاکستان کے عاقبت نااندیش حکمرانوں نے انھیں الزامات کی دھند میں گم کرنے کی کوشش کی، لیکن عوام کی نگاہوں میں وہ ہمیشہ قابل احترام اور محسنٍ پاکستان رہے ۔ جنھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ۔ عوام نے ہر موقع پر ثابت کیا کہ ان کی عقیدت کسی کاغذی الزام یا وقتی فیصلے کی محتاج نہیں وہ پاکستان کے ہیرو تھے اور ہمیشہ ہیرو رہیں گے ۔ 10 اکتوبر 2021 کو یہ درخشاں ستاره ڈوب گیا ۔ لیکن حقیقت میں ستارے زمین پر اتر کر اپنی روشنی پھیلاتے ہیں اور پھر آسمان کی وسعتوں میں ہمیشہ کے لیے جگمگانے لگتے ہیں۔ اسلام آباد کی سرزمین نے اپنے اس فرزند کو اپنے سینے میں چھپا لیا ۔ اور آسمان سمیت پوری قوم نے اشکبار آنکھوں سے اپنے ہیرو کو رخصت کیا۔ اک نہیں روۓ تو اقتدار کی کرسی سے چمٹے وہ بے شرم حکمران جن کی آنکھوں کا پانی مر چکا تھا ۔ لیکن اچھا ہی ہوا کیوں کہ ایک پاکیزہ شخص کے جنازے میں ابلیسی کھوپڑی والے بے حس اور منافق لوگوں کا شریک ہونا شاید قدرت کو بھی منظور نہ تھا ۔
ڈاکٹر قدیر صرف ایک فرد نہیں تھے ۔ بلکہ ایک استعارہ تھے ۔ خود اعتمادی کا ، جرات کا استعارہ اور اس عزم کا استعارہ کہ اگر نیت نیک اور سچی ہو تو دنیا کی کوئی طاقت کسی قوم کو جھکا نہیں سکتی ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زندگی اور کارنامے ہمیشہ ہماری تاریخ کا سنہری باب رہیں گے وہ قوم کو یہ درس دے گئے کہ اصل طاقت ہتھیاروں میں نہیں ، بلکہ خوابوں میں ہے ۔ وہ خواب جو وطن کے لیے دیکھے جاتے ہیں۔ اور پھر انہیں حقیقت کا روپ دیا جاتا ہے۔ وہ قوم کے لیے یہ پیغام چھوڑ کر گئے ۔
” علم کو مقصد بنالو، محنت کو ہتھیار اور وطن کی محبت کو راہنما کر لو ، پھر کامیابی تمہارے قدم چومے گی ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کے عقیدت مند مدینہ منورہ میں مقیم ایک پاکستانی شاعر حامد علی حامد نے کہا تھا ۔
حیات ہوتے گر اقبال اس زمانے میں
قصیدہ لکھتے وہ اس مرد جاوداں کے لیے ۔