پولیس کے سینکڑوں شیر جوانوں کے ہاتھ نہ آنے والا گوجرہ کا جنوں ڈاکو آخر کیسے مارا گیا
پولیس کے سینکڑوں شیر جوانوں کے ہاتھ نہ آنے والا
گوجرہ کا جنوں ڈاکو
آخر کیسے مارا گیا
عظیم عرف جنوں کا نام بھی تاریخ میں پنجاب کے ان گھبرووں کے ساتھ آرھا ھے جن کی لوک داستانیں دیہات کے
چوپالوں ؛ سیاسی ڈیروں اور دیہی ثقافت کے مطابق چولہے کے گرد اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھانے والے خاندانوں میں سینہ بہ سینہ آگے پہنچائی جا رھی ھیں – 1984 تک جھنگ روڈ پر نواں لاھور کے قریبی چک 332 ج ب کے دبلے پتلے اور شرمیلے لڑکے سے متعلق تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا کہ گنتی کے چند سالوں میں اس کی دہشت کے چرچے چہار سو ھونگے اور عظیم عرف جنوں کے منہ سے 1993 میں نکلنے والے یہ الفاظ کہ چوہدریوں اور پولیس نے اسے جرم کے راستے پر تو ڈال دیا ھے مگر اب اس کے چرچے زبان زدعام ھوں گے – تھانہ نواں لاھور گوجرہ کی حدود میں شامل مگر موچی والا کے قریب ترین واقع چک نمبر 332 ج ب کے عظیم عرف جنوں کی داستاں بھی نظام اور ملنگی سے ملتی جلتی ھے
میرے خیال کے مطابق جنوں نے سسٹم کے خلاف بغاوت کی
جنوں جرم کی راہ کا مسافر تھا یا پولیس اور چودھراہٹ کے روائتی ہتھکنڈوں کا مخالف قانون کا مجرم تھا یا جھنگ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد کی مشترکہ پٹی کے دور دراز
کے دیہاتوں اور خود رو جنگلات کے درمیان گھری ھوئی آبادیوں کے استحصال زدہ لوگوں کا ھیرو اس کا فیصلہ تو تاریخ کرے گی تاھم یہ حقیقت ھے کہ عظیم عرف جنوں کو پولیس اور چودھراہٹ کے روائتی مظالم نے جرم اور قانون سے بغاوت کی تاریک راھوں پر ڈال دیا تھا جس کا انجام اندوہناک موت ھے
یہ 1989 کے آخری دنوں کی بات ھے نواں لاھور کے نواحی چک کے ایک دشمنی دار زمیندار فتح شیر نے اسے اپنی ہنسی میں رکھ کر کئی ناجائز کام کروانا شروع کر دئیے واضح کرتا چلوں کہ جنوں پولیس سے تحفظ کی خاطر فتح شیر کی پناہ لئے ھوئے تھا- پناہ کے دوران فتح شیر کے کہنے پر اس نے اس کے کئی دشمنوں کو سبق سکھایا -آخر ایک دن جنوں کی بڑھتی ھوئی دیدہ دلیری دیکھ کر وہ اسے اپنے لئے
خطرہ محسوس کرنے لگا- ایک دن جنوں پر معمولی سا الزام عائد کر تے ھوئے اسے اپنی چوپال میں رسیوں سے باندھ کر نوکروں سے اتنا مروایا کہ اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں
اور ایک ٹانگ عمر بھر کا روگ بن گئی – فتح شیر نے اسی پر
اکتفا نہیں کیا بلکہ تھانہ نواں لاھور کے ایک عقل وشعور سے عاریSHO —— ہیبت خان ——- ( جو بعد میں تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ایس ایچ او تعینات رھا اوراسی SHO )نے راؤ طیب سعید سے راقم ( جیم الف ناصر کی گرفتاری کی اجازت طلب کی تھی ) کو ایک قیمتی بھینس ؛ 5 بوریاں گندم اور دیگر سامان دے کر جنوں کو چوری ؛ راہزنی ؛ ڈکیتی اور اقدام قتل کے مقدمات میں ملوث کروادیا- تاھم جنوں تھانہ سے اس وقت بھاگ نکلا جب اسے ڈسٹرکٹ جیل کے جانے کیلئے اہلکار تیار ھو رھے تھے -اس کے بعد عظیم عرف جنوں زندہ پولیس کے ہاتھ نہ آیا بلکہ اس نے اپنے لاغر جسم اور معذور ٹانگ کی کمزوری کا احساس کرتے ھوئے گھڑ سواری اور نشانہ بازی میں پاگل پن کی حد تک دلچسپی لی اور 15 مئی 1993 کی شام تک اعلیٰ نسل کی گھوڑی کی پیٹھ ھی جنوں کا ریٹائرنگ روم بنی رھی اور پاگلوں کی طرح سارا سارا دن نشانہ بازی کرتے ھوئے وہ اپنے مخالف کا ٹارگٹ لینے میں اس حد تک تاک ھو گیا تھا کہ جنوں نے کہنا شروع کر دیا کہ اگر موت ذرا فاصلے سے اس کے پاس آئی تو وہ موت کو بھی برسٹ مار کر بھون دے گا اور یہی ھوا فیصل آباد ڈویژن کے تینوں اضلاع کی پولیس بکتر بند گاڑیوں ؛ آنسو گیس کے شیلوں ؛ غیر ملکی آٹومیٹک رائفلوں کے دھانوں سے بوچھاڑ کی طرح نکلتی گولیاں بھی موت بن کر اس کا کچھ نہ بگاڑ سکیں – اور وہ ہر بار پولیس کے شیر دل جوانوں کے لاشے گراتا گھوڑی کی پیٹھ پر بیٹھ کر فرار ھو جاتا رھا- عظیم عرف جنوں سندھیلیانوالی کے قریب دریائے راوی سے شاہ جیونہ کے علاقہ سے دریائے چناب کی درمیانی پٹی کا اگر ھیرو تھا تو قانون کے محافظوں کیلئے خوف اور دہشت کی علامت بھی بنا ھوا تھا – عورت اور نشہ کی بری عادت سے دور اپنے قانون کا یہ باغی موت سے کچھ عرصہ قبل ایک شادی شدہ عورت کی زلفوں کا اسطرح اسیر ھوا کہ موت بھی اس کے نام لکھ دی – یہ واقعہ یوں ھوا کہ جنی نام سے مشہور ایک خوبرو عورت شوہر کے جیل چلے جانے کے بعد مخالفین کی چیرہ دستیوں سے تنگ آکر کسی طور پر جنوں کےپاش پناہ یا اپنے مخالفین کی شکایت لے کر پہنچ گئی اور جنوں نے اپنی جنی کے مخالفین کے کھیت کھلیانوں کو آگ اور مویشیوں کو گولیوں کی زد میں ایسا لیا کہ جنوں کی محبوبہ کے دشمن علاقہ ھی چھوڑ گئے – یہ عورت مرنے تک نہ صرف جنوں کے تمام ٹھکانوں سے واقف رھی بلکہ اکثر وارداتوں میں گھوڑے پر سوار ھو کر ساتھ بھی دیتی رھی
عظیم عرف جنوں 1989 سے 1997 تک سینکڑوں میل پٹی پر نہ صرف پولیس کیلئے دہشت کی علامت بنا رھا بلکہ بڑے بڑے سیاستدان ؛ وڈیرے ؛ زمیندار ؛ جاگیردار اور چوہدری جنوں کے ہاتھوں اپنے مخالفین کا کام تمام کراتے رھے – ایک محتاط اندازہ کے مطابق لمبی رقم لے کر جنوں یہ کام کرتا رھا – زمیندار فلک شیر اور تھانیدار ——- ہیبت خان ——-
کے تشدد نے عظیم عرف جنوں کے دل میں پولیس کیلئے نفرت بھر دی وہ اکثر اوقات پولیس اہلکاروں کو پولیس چیک پوسٹوں پر مرغا بناکر قہقہے لگاتا ؛ پولیس والوں کے ہاتھ ان کی بیلٹوں سے باندھ جاتا اور بعض اوقات تو پولیس والوں کی شرٹیں اتار کر لے جاتا جس کا مقصد پولیس والوں کی زیادہ سے زیادہ تضحیک کرنا ھوتا تھا
جنوں اپنے مخالفین کو موت کی سزا دینے کی بجائے زندگی بھر کی معذوری دینے کی کوشش کرتا – عام طور پر ٹانگوں پر برسٹ مار کر ٹانگیں ضائع کرنا اس کا پسندیدہ مشغلہ تھا
جنوں ایک دوسال تک پولیس کیلئے چیلنج بنا رھا مگر ایک مخصوص علاقہ میں محدود رہنے کے باوجود وہ پولیس کے ہتھے کیوں نہیں چڑھا اس سلسلہ میں علاقہ کے لوگوں سے ملنے والی معلومات کے مطابق جنوں غریبوں اور بیواؤں کا سہارا تھا اور کئی یتیم بچیوں کے ہاتھ پیلے کئے- اس طرح جنوں چناب اور راوی کے علاقہ میں آباد کسی کے گھر بھی آجاتا تو وہ لوگ جنوں کو اپنے گھر میں پناہ دے کر خوشی محسوس کرتے تھے- سات سے دس افراد پر مشتمل جنوں کا گینگ ھمیشہ گھوڑے ھی استعمال کرتا تھا۔ اور اس کا چیلنج تھا کہ اسے پناہ دینے والے کو پولیس کچھ نہیں کہے گی اور ایسا ھی ھوا- پتا چلا ھے کہ پولیس نے اس کی محبوبہ جنی کے ساتھ ساز باز ھو کر اسے کوئی نشہ آور چیز پلادی تھی جس سے اس کی موت واقع ھو گئی تھی اور یوں پولیس کیلئے خوف اور دہشت کی علامت بننے والا جنوں1997 میں دنیا ھی چھوڑ گیا – جنوں ساندل بار کے علاقہ میں دہشت ؛ انتقام اور غریب پروری کی ایسی داستانیں چھوڑ گیا جو آج بھی دیہاتی علاقوں کی چوپالوں میں دہرائی جارھی ھیں – جب کہ جنوں کو دنیاوی لالچ میں آکر محمد عظیم سے جنوں ڈاکو بنانے والے تھانیدار
ہیبت خان کا کوئی نام لیوا بھی نظر نہیں آتا
نوٹ = یہ تصویر محمد عظیم عرف جنوں کی ھے