سرگودہا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں
سرگودہا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع خوشاب کے نرواڑی گارڈن اور اے سی و تحصیلدار کمپلیکس نوشہرہ خوشاب کے جاری تعمیراتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے واضح کیا کہ دونوں منصوبے دس روز میں ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نرواڑی گارڈن کو حقیقی معنوں میں ایک خوبصورت اور سرسبز باغ کی شکل دی جائے۔ گارڈن میں بڑے سائز کے چیری، پائن ایپل اور دیگر پھل و پھول کے پودے لگائے جائیں۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کو ہدایت کی کہ وہ ڈی جی پی ایچ اے سے مشاورت کر کے گارڈن کی تزئین و آرائش اور وہاں مناسب فاصلے پر ڈسٹبن رکھے جائیں۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کو گارڈن کی مکمل صفائی اور اس کی مستقل دیکھ بھال کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر نے کہا کہ گارڈن کی سیڑھیوں اور ٹوائلٹس کو بہتر اور خوبصورت بنایا جائے۔ گارڈن کی دیوار کو سبزہ زار بنایا جائے تاکہ گارڈن آنے والوں کو حقیقی باغ کا احساس ہو۔ انہوں نے ملحقہ مسجد کے وضوخانے کو بہتر بنانے اور اطراف میں بھی سبزہ لگانے کی ہدایت دی۔کمشنر نے منصوبے کے معیار اور انتظامات پر ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہیں بتایا گیا کہ نرواڑی گارڈن جو 1928ء میں خوشاب نوشہرہ روڈ کے افتتاح پر قائم کیا گیا تھا، اب وادیِ سون کی سیاحت کے لیے آنے والے سیاحوں کی دلچسپی کے پیش نظر دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔ اس کی بحالی کو ایک آرٹسٹک اور جدید انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمشنر نے اے سی کمپلیکس نوشہرہ کے زیر تعمیر منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ میٹنگ روم، ریٹائرنگ روم، سائلین ویٹنگ ایریا اور ٹوائلٹس بلاک کو 10 روز کے اندر مکمل کیا جائے۔ تمام تعمیراتی کام معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ رواں ماہ اس منصوبے کا افتتاح کیا جا سکے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ اے سی اور تحصیلدار کمپلیکسز میں عوام کی سہولت کے لیے پبلک ٹوائلٹس اور ویل چیئرز دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دونوں منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت بارے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو آگاہی لینے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ایس ای بلڈنگ امانت علی ، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل شاہد عمران ،کنزرویٹر فاریسٹ کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ اور دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔