منشیات سے معاشیات تک — ایک تلخ حقیقت
منشیات سے معاشیات تک — ایک تلخ حقیقت
کہتے ہیں کہ قومیں جب اپنے وسائل کھو بیٹھتی ہیں تو وہ اپنی مجبوریوں کو ہنر میں بدلنے لگتی ہیں۔ کبھی ہم دنیا کے اُن چند ملکوں میں شامل تھے جو منشیات کے خلاف جنگ میں عالمی فورمز پر فخر سے کھڑے ہوتے تھے۔ لیکن آج یہ لمحہ ہماری تاریخ میں ایک نئے موڑ کی طرح آیا ہے جب پاکستان نے پہلی بار امریکہ کو منشیات برآمد کی ہے۔ یہ جملہ بظاہر معمولی ہے مگر دراصل ہمارے سماجی، معاشی اور اخلاقی زوال کا آئینہ ہے۔
پہلے پہل تو یہ خبر کسی “انسدادِ منشیات” کی کامیاب کارروائی معلوم ہوتی ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اس بار یہ برآمد قانونی ہے۔ وہی منشیات جو کبھی قانون کے مطابق جرم تھی، آج “میڈیکل اپیئم” اور “فارماسیوٹیکل ریسرچ” کے نام پر برآمدی مال بن چکی ہے۔ یعنی وہی زمینیں جن پر کبھی پوست کی کاشت ممنوع قرار دی گئی تھی، اب وہی زمینیں قانونی لائسنس کے تحت عالمی منڈی کے لیے منشیاتی اجزاء پیدا کر رہی ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ قدم دواؤں کی صنعت کے فروغ اور زرمبادلہ میں اضافے کے لیے ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہم واقعی منشیات کے خلاف ہیں یا صرف اُس منشیات کے خلاف جو بغیر اجازت فروخت ہوتی ہے؟ یہ سوال ریاستی اخلاقیات کے چہرے سے نقاب ہٹا دیتا ہے۔ ہماری معیشت برسوں سے بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ ڈالر کی کمی، درآمدات کے دباؤ اور آئی ایم ایف کی شرائط نے حکومت کو اس موڑ پر لا کھڑا کیا ہے جہاں ہر وہ شے جو بیچی جا سکتی ہے، بیچی جا رہی ہے۔ کبھی بندرگاہیں، کبھی اثاثے، کبھی زمینیں، اور اب شاید اصول بھی۔
یہ کڑوا سچ ہے کہ ہماری معاشی پالیسی اب نفع نقصان سے زیادہ بقاء کی جنگ بن چکی ہے۔ جب ایک قوم اپنے مالی وجود کے لیے اپنے اخلاقی وجود کو گروی رکھ دیتی ہے تو پھر یہ سمجھ لیجیے کہ زوال محض شروع نہیں ہوا بلکہ دائمی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اگر آج وزارتِ تجارت یہ کہتی ہے کہ ہم نے پہلی بار امریکہ کو منشیات کی قانونی ترسیل کی ہے تو یہ دراصل ہماری بے بسی کی خاموش چیخ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ وہ ملک ہے جہاں منشیات کے خلاف جنگ نے لاکھوں زندگیاں نگل لیں، مگر آج وہی ملک پاکستان سے وہی مواد خرید رہا ہے۔ یہ طاقتوروں کا تضاد ہے۔ دنیا میں ہر چیز کی قانونی حیثیت طاقت کے توازن سے طے ہوتی ہے۔ جو چیز غریب ملک میں جرم ہے، وہی امیر ملک میں علاج بن جاتی ہے۔ یہی سرمایہ دارانہ اخلاقیات کا کھیل ہے۔
اگر دنیا ہمیں قانونی برآمد کنندہ کے طور پر قبول کر رہی ہے تو یہ وقت ہے کہ ہم اپنی سائنسی ریسرچ، میڈیکل لائسنسنگ اور فارما انڈسٹری کو عالمی معیار پر لائیں تاکہ کم از کم یہ تلخ حقیقت کسی قومی فائدے میں بدل سکے۔ لیکن شرط یہ ہے کہ ہم اس تجارت کو اخلاقی جواز دینے کے بجائے اسے ایک عارضی سہارا سمجھیں، اور اپنی معیشت کی بنیاد دوبارہ علم، صنعت، زراعت اور تحقیق پر رکھیں۔
یہ تحریر کسی الزام یا طنز کے لیے نہیں بلکہ ایک آئینہ ہے جس میں پاکستان کا چہرہ تھکا ہوا نظر آتا ہے۔ وہی چہرہ جو کبھی اسلامی دنیا کا امید کا مرکز تھا، آج بین الاقوامی منڈی میں خام مال کے خریداروں کے سامنے جھکا ہوا ہے۔ ہم نے اپنی ضرورتوں کو دلیلوں کا لبادہ پہنا دیا ہے اور شاید اب ضمیر کو بھی۔
منشیات چاہے دوا کے لیبل میں ہو یا زہر کے، تلخی ایک ہی رہتی ہے۔ قوموں کی تاریخ میں زوال ہمیشہ بے حسی سے شروع ہوتا ہے، اور وہی بے حسی آج ہمارے اجتماعی وجود میں سرایت کر چکی ہے۔
ہم نے اپنی زرخیز زمین سے رزق کے بجائے نشہ اگایا ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم اپنی مٹی سے ضمیر پیدا کریں، اپنی معیشت میں غیرت واپس لائیں، اور اپنی سیاست سے سچائی کو دوبارہ زندہ کریں۔
یہی راستہ ہے جس سے پاکستان پھر سے اُس مقام پر لوٹ سکتا ہے جہاں عزت، ایمان اور خودداری اُس کی پہچان ہوا کرتے تھے —
ورنہ ایک دن تاریخ یہ لکھے گی کہ ہم نے اپنے اصول صرف منشیات میں نہیں، بلکہ اپنی روح میں بھی گھول دیے تھے۔
@@@@@@@@@@@@@@@