عمرکوٹ میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، حکومت سے کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ
عمرکوٹ میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، حکومت سے کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ
عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) سندھ پولیس میں بھرتی کے مرحلے SPD:01 کے دوران اقلیتوں کے ساتھ مبینہ ناانصافی کے خلاف عمرکوٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں سیاسی و سماجی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ویٹنگ میں موجود امیدواروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سندھ میں اقلیتوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، حالانکہ سرکاری اداروں میں اقلیتی نوجوانوں کے لیے مختص کوٹہ موجود ہے مگر اس پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے تعلیم یافتہ اور حقدار نوجوان بےروزگار ہیں جو ناانصافی کا شکار ہیں۔ مظاہرے سے سابق ایم این اے لال مالہی، ویٹنگ میں موجود امیدواران کیلاش، لالجی، چوئتھرام، پون، چندر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر اقلیتی کوٹہ میں اضافہ کرے اور SPD:01 میں ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کا جائزہ لے تاکہ اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے دکھ ختم ہوسکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اس اہم معاملے پر نوٹس نہ لیا تو احتجاجی تحریک کو مزید سخت کیا جائے گا اور اسے صوبے بھر میں پھیلایا جائے گا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقلیتی کوٹہ بڑھایا جائے۔SPD:01 کی بھرتیوں میں ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے۔حقدار اقلیتی امیدواروں کو فوری طور پر ملازمتوں میں شامل کیا جائے۔مقررین نے مزید کہا کہ اقلیتی نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اور انہیں نظرانداز کرنا قومی ناانصافی ہے۔