November 17, 2026

اسرائیلی وزارت خارجہ کاکہنا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

Screenshot_2025-10-02_164641

اسرائیلی وزارت خارجہ کاکہنا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کو باحفاظت روک لیا گیا ہے، اس بحری قافلے میں شامل افراد کو اسرائیلی بندرگاہ پہنچا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے 223 انسانی حقوق کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے، اسرائیلی بحریہ نے 20 کشتیوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

غزہ صمود فلوٹیلا کی 23 کشتیاں اب بھی غزہ کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے صمود فلوٹیلا پر حملہ اور کارکنوں کی گرفتاری کو دہشتگردی قرار دیدیا۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار کرنا بحری قزاقی اور دہشت گردی ہے۔

حماس نے کہا کہ اسرائیل نے امدادی کشتیوں میں سوار کارکنوں اور صحافیوں کو نشانہ بنایا جو انسانیت کے خلاف جرم ہے اور اسرائیل کے اس اقدام سے دنیا بھر کے لوگوں کا غصہ مزید بھڑک جائے گا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حماس نے دنیا بھر سے اسرائیلی جرم کی مذمت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے، تنظیم نے مطالبہ کیا کہ کارکنوں اور امدادی کشتیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کر کے سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 37 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے