November 17, 2026
IMG-20250923-WA0272(7)

“ٹک ٹاک کی ٹرمپ کاری”

دنیا کے سب سے مصروف مگر سب سے فارغ آدمی، ڈونلڈ ٹرمپ، پھر خبر بنا بیٹھے ہیں۔ پچھلے دنوں انہوں نے اعلان کیا کہ اب وہ ٹک ٹاک پر بھی کنٹرول چاہتے ہیں۔ جی ہاں! وہی ٹک ٹاک جس پر ہمارے محلے کا نعیم بھائی گٹر کے ڈھکن پر بیٹھ کے ڈانس کرتا ہے اور جس پر چاچی شمیم پکوڑوں کی ریسیپی بنا کر کہتی ہیں “لائک اور فالو ضرور کرنا!”

اب سوال یہ ہے کہ ٹرمپ کو اچانک ٹک ٹاک کا بخار کیوں چڑھا؟ دنیا کے بڑے بڑے مسئلے ہیں: فلسطین جل رہا ہے، یوکرین رو رہا ہے، ڈالر بھاگ رہا ہے، لیکن ٹرمپ کو فکر ہے کہ “ٹک ٹاک کس کا ہے؟” لگتا ہے اگلی بار جب وہ وائٹ ہاؤس میں تقریر کریں گے تو یہ کہیں گے:
“میرے عزیز امریکیو! معیشت بعد میں، پہلے ٹک ٹاک بچاؤ!”

ذرا سوچئے، اگر واقعی ٹرمپ ٹک ٹاک کے مالک بن گئے تو ایپ کے سارے اصول بدل جائیں گے۔ پہلے جہاں لڑکے بالے “پیرا شوٹ آئل” والے بال جھٹک کر ویڈیو بناتے تھے، اب ان پر شرط ہوگی کہ “صرف امریکن جیل استعمال کریں۔” جو لڑکیاں لپ اسٹک کے رنگ بدل بدل کر گانے گاتی تھیں، اب انہیں کہا جائے گا کہ “لپ اسٹک امریکی برانڈ کی لگاؤ ورنہ ویڈیو آدھی رہ جائے گی۔”

اور ہاں، ٹک ٹاک کا نیا نام بھی رکھا جا سکتا ہے۔ شاید “ٹرمپ ٹاک!” سوچیں کتنا مزہ آئے گا جب ہر ویڈیو کے آخر میں لکھا آئے: “پیداوار: ڈونلڈ ٹرمپ اسٹوڈیوز”۔ اور درمیان میں نوٹیفکیشن آئے:
“یہ ویڈیو صدر کی پالیسی کے مطابق منظور شدہ ہے۔”

اب آپ سوچیں ٹرمپ خود ٹک ٹاک پر آ گئے۔ بالوں کو سنبھالتے ہوئے، پس منظر میں امریکی ترانہ، اور وہ ڈائیلاگ مار رہے ہیں:
“میں ڈانس نہیں کرتا، ڈالر نچواتا ہوں۔”
اور ساتھ ہی وارننگ:
“جس نے ویڈیو اسکیپ کی، اس پر 100 فیصد ٹیکس!”

ہمارے ملک کے ٹک ٹاکرز کا حال بھی مزے کا ہوگا۔ بجلی جائے گی تو وہ موم بتی کے سامنے ڈانس کریں گے۔ پانی نہ آئے تو بالٹی میں بیٹھ کر ڈبکی ویڈیو بنائیں گے۔ اور اگر نیٹ سست ہو گیا تو وہ کہیں گے:
“ویڈیو بعد میں اپلوڈ ہوگی، ابھی دعا کریں وائی فائی آن ہو جائے۔”

اصل مسئلہ یہ ہے کہ ٹرمپ صاحب کو شاید یہ پتا نہیں کہ ٹک ٹاک ایک عالمی نشہ ہے۔ یہاں ویوز ملنے کے بعد بندہ اپنی نانی کی گالی بھی ہنس کر برداشت کر لیتا ہے۔ ہمارے یہاں تو اگر کل ٹرمپ مالک بن گئے تو بھی ٹک ٹاکرز یہی کہیں گے:
“ویوز آنے چاہییں، چاہے ٹرمپ دیکھے یا شی جن پنگ۔”

بس ڈر ایک ہی ہے کہ کہیں ٹرمپ یہ نہ کہہ دیں:
“اب ہر ویڈیو کے ساتھ ایک ڈالر فیس لگے گی۔”
ورنہ ہم جیسے غریب ملکوں کے ٹک ٹاکرز پھر صرف یہی ویڈیو ڈالیں گے:
“السلام علیکم دوستو! بس یہی میری آخری ویڈیو ہے… اب آگے سب ٹرمپ کی مرضی!”

@@@@@@@@@@@@