روٹی اور نمک ایک اجنبی شخص شام کے ایک ریستوران میں داخل ہوا۔ اُس نے ایک روٹی منگوائی، آدھی کھائی اور آدھی
روٹی اور نمک
ایک اجنبی شخص شام کے ایک ریستوران میں داخل ہوا۔ اُس نے ایک روٹی منگوائی، آدھی کھائی اور آدھی چھوڑ کر چلا گیا۔ یہ اُس کی روز کی عادت تھی۔ ایک روز ایک شامی نے تجسس سے پوچھ ہی لیا:
“بھائی! تم ہر دن آدھی روٹی کھاتے ہو اور باقی کیوں چھوڑ دیتے ہو؟ اور کہاں کے رہنے والے ہو؟”
اجنبی نے کہا: “میں بغداد کا ہوں، بہت سے ملکوں کا سفر کیا ہے مگر کہیں بھی روٹی اور نمک کی لاج رکھنے والا نہیں پایا۔ اس لیے آدھی روٹی کھا لیتا ہوں اور آدھی چھوڑ دیتا ہوں، کیونکہ مجھے کوئی ایسا نہیں ملتا جو اس کی امانت داری کا حق ادا کر سکے۔”
شامی نے کہا: “آج تم میرے مہمان ہو۔”
جب مہمان آیا تو دروازہ شامی کی چچا زاد بہن نے کھولا، جس سے وہ شادی کرنے والا تھا۔ بغداد کے اس مہمان نے اُسے دیکھا اور دل ہار بیٹھا۔ کھانے کے بعد اُس نے شامی کو روٹی اور نمک کا واسطہ دے کر کہا:
“وہ لڑکی جو دروازہ کھولنے آئی تھی، مجھے اُس کا رشتہ دے دو۔”
شامی نے کہا: “وہ میری چچا زاد ہے۔”
بغدادی نے کہا: “میں اُسی سے شادی چاہتا ہوں۔”
شامی نے وعدہ نبھاتے ہوئے کہا: “وہ تمہاری ہوئی۔”
یوں وہ عورت اپنے شوہر کے ساتھ بغداد چلی گئی۔ پیچھے شامی پر آزمائشیں آئیں۔ ماں کا انتقال ہو گیا، غربت نے گھر لیا، یہاں تک کہ گھر بھی بیچنا پڑا۔ جب کچھ نہ بچا تو اُس نے بغداد جانے کا ارادہ کیا۔ بغداد پہنچا تو سنا کہ اُس کا دوست اب وہاں کا بڑا امیر ہے اور عالی شان محل میں رہتا ہے۔ وہ محل کے دروازے پر پہنچا اور اندر جانے کی اجازت مانگی۔ نوکرانی نے لوٹنے کے بجائے ایک تھیلی بھر سونے کے سکے اُس کے ہاتھ میں تھما دی۔ شامی نے تھیلی پھینک دی، سکے بکھر گئے اور اُس کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔ وہ خالی ہاتھ واپس لوٹ آیا۔
اب اُس کے پاس شام واپسی کے لیے بھی رقم نہ تھی۔ مساجد میں راتیں بسر کرنے لگا۔ ایک بزرگ نے اُس کا حال پوچھا۔ جب فاقہ کشی کا ذکر سنا تو کہا: “کیوں نہ تجارت کرو؟” اور اُسے کاروبار کے رموز سکھانے لگے۔ پھر کاروبار کے لیے کچھ سرمایہ بھی دے دیا۔ شامی نے دن رات محنت کی اور تین برسوں میں بغداد کے امیروں میں شمار ہونے لگا۔ اُس نے ایک ایسا محل تعمیر کرایا جو بغداد میں بے مثال تھا۔
ایک دن ایک بڑھیا اُس کے پاس آئی اور کہا: “مجھے اپنی خدمت کا موقع دے دو تاکہ میں اپنے کھانے رہنے کا سہارا پاؤں۔” شامی نے رضا مندی ظاہر کر دی۔ پھر اُس عورت نے کہا: “میری ایک غریب بچی ہے، اُسے بھی یہاں نوکری دے دو۔” شامی نے مان لیا۔ بڑھیا نے اُس بچی کو سجایا سنوارا اور وقت کے ساتھ ساتھ شامی اُس سے دل ہار بیٹھا۔ نکاح کی بات بڑھی اور شادی کا دن مقرر ہو گیا۔
شادی کے دن بغدادی دوست بھی آگیا۔ شامی نے طنز سے کہا:
“جب میں تمہارے پاس آیا تو تم نے مجھے بھکاری سمجھ کر ایک تھیلی سونے کی دے دی، اب کیوں آئے ہو؟”
بغدادی نے مسکرا کر کہا:
“میں نے کھڑکی سے تمہاری حالت دیکھی تھی۔ میں نے تھیلی اس لیے بھیجی کہ تم اپنی عزت اپنی چچا زاد کے سامنے بچا سکو، جسے تم مجھ سے بیاہ کر دے آئے تھے اور جسے تم دل سے چاہتے تھے۔ جب تم نے تھیلی قبول نہ کی تو مجھے اور کوئی تدبیر نہ سوجھی۔ لیکن جانتے ہو کہ وہ بزرگ جس نے تمہیں تجارت سکھائی وہ میرے والد تھے اور جو عورت تمہارے گھر خدمت کر رہی ہے وہ میری ماں ہے۔”
پھر اُس نے کہا: “آج میں اپنی بہن کی شادی میں شریک ہونے آیا ہوں۔” یہ کہہ کر اُس نے اشارہ کیا تو شامی کی چچا زاد، یعنی بغدادی کی بیوی، بچوں کا ہاتھ پکڑے اندر آئی اور اپنے پرانے منگیتر کے قدموں میں بیٹھ گئی۔ ساتھ ہی وہ لڑکی بھی آگئی جس سے شامی کا نکاح ہونے والا تھا۔ سب مل بیٹھے۔ بغدادی نے جیب سے آدھی روٹی نکالی اور سب میں بانٹ دی۔
یہی وہ پرانی روٹی اور نمک تھا جس کی لاج سب نے رکھی۔
واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ شریف انسان کبھی اُس کنویں پر پتھر نہیں پھینکتا جس سے اُس نے پانی پیا ہو۔
فقیری رنگ