تحریر: لیاقت بلوچ نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان کتاب: سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک (تصنیف: عبدالغفور چودھری)
تحریر: لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان
کتاب: سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک
(تصنیف: عبدالغفور چودھری)
جناب علامہ عبدالستار عاصم صاحب (قلم فاؤنڈیشن ) منصورہ تشریف لائے ان کے ساتھ بہت ہی معزز سنجیدہ خوش لباس شخصیت بھی تھی ، فوری طور پر میں پہچان نہ پایا اور ان کی شکل و شبہات پر اس گمان میں رہاکہ یہ سعودی عرب کے رضی ولی صاحب ہیں لیکن مزید خیال کیا نہیں اُن سے تو طویل مدت کی شناسائی ہے یہ وہ تو نہیں ، علامہ عبدالستار عاصم صاحب نے چند لمحوں کے بعد تعارف کرایا یہ عبدالغفور چوہدری صاحب ( ریٹائرڈ ڈپٹی کمشنر ) ہیں اور ساتھ ہی ان کی کتاب ’’سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک ‘‘ تھمادی ،علامہ صاحب بھی کمال کے آدمی ہیں روزانہ کی بنیاد پر کتاب شائع کرتے ہیں ، منظر عام پر لاتے اور خود ہی اُسی محنت کے ساتھ اس کی پروموشن بھی کرتے ہیں ، جناب عبدالغفور چودھری صاحب سے تعارف اور کتاب کی اشاعت ، ترتیب وتصنیف پر بات ہوئی اور اسی دوران کتاب کی ورق گردانی بھی کی ، موضوعات ، عنوانات نے فوری طور پر پڑھنے کی کشش پیداکی ۔ یوں ،ابتدائی علیک سلیک اور تبادلۂ خیال کے بعد نشست تو ختم ہوگئی لیکن عبدالغفور چودھری صاحب کی شخصیت اور سنجیدگی پر کتاب کے عنوان ’’سپاہی سے ڈپٹی کمشنرتک ‘‘ نے دل و دماغ میں تازگی پیدا کردی اور یہ ہی ارادہ کیا کہ اس کتاب پر ضرورکچھ لکھوں گا پھر علامہ عبدالستار صاحب کا پُر محبت تعاقب بھی کچھ کرنے کچھ لکھنے پر آمادہ کردیتا ہے۔ کتاب کی مکمل تحریر بہت شاندار ہے ، اور واقعات اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں ،ہر اعتبار سے کتاب سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک ہر اُس فرد کے لیے شانداررہنما کتاب ہے جوبھی بے سروسامانی میں زندگی کی دوڑ میں بہت کچھ کرنا چاہتا ہے ، وہ نیک نیتی ،وژن ، اہداف کے حصول اور ذہانت ،امانت ، جوش و جذبہ سے ہر محاذ پر فرض کی ادائیگی کرے تو اسے اللہ کی مدد بھی حاصل ہوگی۔ عبدالغفور چودھری صاحب کی صبر ،استقامت ،امانت ودیانت ، فرض کی ادائیگی میں ہر خطرہ مول لے کر اپنی زندگی میں رحمت و نصرت کے جو معجزات سمیٹے یہ کتاب انہی معجزات کی کیفیت کا ثبوت ہے۔
کامیابی محنت کا دوسرا نام ہے۔ ہر کامیابی کا کھرا محنت کے گھر سے ہوکر نکلتا ہے۔ جو شخص محنت سے جی چُراتا ہے وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ تاریخِ عالم پر نظر ڈالنے سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ دُنیا میں جتنے بھی نامور انسان اَمر ہوکر آج لوگوں کے دِلوں پر راج کررہے ہیں اُن سب نے محنت او ر اَنتھک محنت کو ہی اپنا شعار اور اوڑھنا بِچھونا بنائے رکھا، اور یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے بنی نوع انسانی کی خدمت کا فریضہ ادا کرکے ثابت کیا کہ دُنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں، اگر کوئی شخص کچھ کرگزرنے کا ارادۂ مصمّم کرلے ، اس کے لیے نیک نیتی کیساتھ محنت کرے اور خالقِ کائنات کی مدد اور نصرت اُس کے شاملِ حال رہے تو ناممکنات بھی ممکنات میں تبدیل ہوتی نظر آتی ہیں۔ محنت کی برکات سے متعلق برصغیر کے نامور شاعر و نثر نگار مولانا الطاف حسین حالیؔ نے کیا خوب کہا تھا کہ
؎
مشقّت کی ذِلّت جنہوں نے اُٹھائی
جہاں میں مِلی آخر اُن کو بڑائی
کسی نے بغیر اِس کے ہرگز نہ پائی
فضیلت نہ عزت نہ فرماں روائی
محنت کی عظمت کی ساری دُنیا قائل ہے، البتہ یہ ضرور ہے کہ بعض لوگوں کو اُس کی محنت کا ثمر اِس دُنیا میں ہی مِل جاتا ہے اور بعض لوگ دُنیا میں اس سے محروم ہی رہتے ہیں، چاہے جتنے بھی مخلص ہوں۔ اس کی کئی ایک سماجی وجوہات ہوتی ہیں، جن کی تفصیل کا یہ موقع تو نہیں ہے البتہ یہ ضرور ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں دیر ضرور ہے لیکن اندھیر نہیں، جو کسی بھی وجہ سے دُنیا میں اپنی محنت کا پھل حاصل نہیں کرپاتے، اگر وہ خالقِ کائنات اللہ وحدہُ لاشریک اور محسنِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ پر ایمان رکھتا ہے، مسلمان ہے تو اُن کے لیے اللہ نے آخرت میں ایسی نعمتیں رکھی ہیں جو کسی آنکھ نے نہیں دیکھیں اور کسی دِل پر اُن کا خیال تک نہ آیا۔ اللہ ہر مومن مسلمان کو ایسی لازوال نعمتیں نصیب کرے (آمین!)
افواجِ پاکستان کے سب سے نچلے عہدہ ’’سپاہی‘‘ پر بھرتی ہونے والا ایک نوجوان محنت اور مشقّت کو شعار بناکر ترقی کی منازل طے کرتا کرتا حکومتِ پنجاب کے اعلیٰ ترین عہدہ یعنی ’’ڈپٹی کمشنر‘‘ تک کیسے پہنچا، یہ ہے وہ داستانِ حیات جو پی ایس سی آفیسر عبدالغفور چودھری، ڈپٹی کمشنر (ریٹائرڈ نے اپنی اِس خودنوشت سوانح حیات ’’سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک‘‘ میں بیان کی ہے، جس کی ایک ایک سطر قارئین کے لیے دلچسپی، معلومات اور تجسّس سے بھرپور ہے، بالخصوص اُن نوجوانوں کے لیے جو بقول اقبالؔ ’ستاروں پہ کُمند ڈالتے ہیں،اور جن سے اِسی وصف کی بناء پر اقبالؔ کو محبت بھی ہے۔ یہ کتاب بطور خاص اُن نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو مالی پریشانیوں کے باعث پہلے تو بمشکل اعلیٰ تعلیم کی منازل طے کرپاتے ہیں اور پھر ملکی معاشی صورتِ حال اور حکمرانوں، بیوروکریسی کی کرپشن، اقرباء پروری کے باعث بے پناہ کوشش کے باوجود سرکاری ملازمت کے حصول میں ناکام رہتے ہیں اور مایوس ہوکر یا تو کوئی چھوٹا موٹا کاروبار/ ڈھابہ کھول کر اپنی روزی کماتے ہیں یا پھر والدین کی جمع پونجی انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں قربان کرکے اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کے لیے بیرونِ ملک ملازمت کے لیے غیرقانونی طریقے سے سفر کا راستہ اختیار کرتے ہیں اور کوئی خوش نصیب ہی اُن میں سے اپنی منزلِ مقصود تک پہنچنے میں کامیاب ہوپاتا ہے ورنہ تو سمندر کی بے رحم موجوں یا انہی انسانی اسمگلروں کی دھوکہ دہی کا شکار ہوکر والدین کی جمع پونجی سمیت اپنی جان بھی گنوابیٹھتے ہیں۔ اس میں اصل قصور تو بہرحال اُن محرومیوں کا ہی ہے جو پے درپے حکومتوں کی نااہلیوں کے باعث وطن کے اِن باصلاحیت مگر توجہ اور حق سے محروم تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کا مقدر بن کر اُنہیں اِس کٹھن اور غیرقانونی راستہ کو اختیار کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔بہرکیف نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ مایوسی کی راہ پر چلنے کی بجائے نیک نیتی، خلوص، محنت، لگن اور جوش و جذبہ کو اپنا شعار بنائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ سُرخرو ہوکر اپنے لیے معاشرے میں ایک اعلیٰ مقام حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ وطنِ عزیز کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور اُنہیں معاشرے میں جائز مقام دینے کے لیے حکمرانوں سے یہی کہا جاسکتا ہے کہ
؎ کرو مہربانی تم اہلِ زمیں پر
خدا مہرباں ہوگا عرشِ بریں پر
نوجوانوں کو بھی یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کامیابی غیبی طور پر گِرکر جھولی میں نہیں آتی بلکہ کامیابی کے لیے جہاں مسلسل لگن اور محنت درکار ہوتی ہے وہاں والدین کی خدمت، بزرگوں کی اطاعت، سچائی اور دیانت داری اور سب سے بڑھ کر طاعتِ خدا ور طاعتِ رسولﷺ کو زندگی کا شعار بنالینے سے ہی کامیابی قدم چومتی ہے۔ دُعا مومن کا ہتھیار ہے، صبر اور نماز سے اللہ کی غیبی مدد آتی ہے۔ غریبوں، مسکینوں، بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے سے اللہ کی رحمت کے دروازے کُھلتے ہیں۔ صدقہ بلاؤں سے حفاظت کے لیے ڈھال ہے۔ ایک حدیثِ پاک کا مفہوم ہے کہ ’’صدقہ کو نہ چھوڑو، خواہ تم کنجوس ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ قرآنِ پاک میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، مفہوم ’’بیشک! تمہارے لیے رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے۔‘‘ (الاحزاب۳۳:۲۱)‘
کتابِ ہذا میں مصنف کی پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز یعنی بطور سپاہی پاک فوج میں بھرتی سے لے کر ریٹائرمنٹ یعنی بطور ڈپٹی کمشنر ریٹائرمنٹ تک کے حالات و واقعات اور مشاہدات و تجربات کا نچوڑ موجود ہے، جوکہ سروس میں آنے کے خواہش مند افراد کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گے۔
کتاب کے مصنف نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کو اپنی اِس سوانح عمری کا حصہ بنایا ہے، سی ایس ایس اور پی ایم ایس دونوں امتحانات میں شمولیت کی، ناکام بھی ہوئے لیکن انہوں نے پھر بھی ہمت نہیں ہاری اور بالآخر کامیابی نے اُن کے قدم چومے۔ مزید محنت کی اور اللہ کے فضل و کرم سے کامیابی کی منازل طے کرتے کرتے سِول سروس کے اعلیٰ ترین عہدوں میں سے ایک تک پہنچے اور کامیابی کیساتھ اپنی سروس مکمل کرکے ریٹائر ہوگئے، اگرچہ اس دوران اپنی امانت و دیانت اور اُصول پسندی پر مبنی طرزِ عمل کی وجہ سے کرپٹ عناصر کی عداوت کا شکار ہوکر نیب کے زیرعتاب بھی رہے لیکن بعد ازاں باعزت رہا ہوکر دوبارہ اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور ریٹائرمنٹ تک بطور ڈپٹی کمشنر کام کرتے رہے۔
کتاب کے آخر میں سی ایس ایس اور پی ایم ایس کے امتحانات میں شرکت کے خواہش مند طلباء و طالبات کی راہنمائی کے لیے خصوصی طور پر ایک باب کا اضافہ کیا گیا ہے، جس میں مضامین کے چناؤ سے لے کر امتحانی پرچہ جات حل کرنے تک راہنمائی شامل ہے، جو راقم کے عملی تجربے کا نچوڑ ہے۔ اس باب کے مطالعے سے سی ایس ایس یا پی ایم ایس کے امتحانات میں شرکت کے خواہش مند طلباء و طالبات کی بہت سی اُلجھنیں دُور ہوجائیں گی اور اُنہیں مہنگی اکیڈمیوں کے جھنجھٹ سے بھی نجات ملے گی، نیز مذکورہ مقابلے کے امتحانات کے حوالے سے اُن کے علم میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوگا۔
چونکہ قانون کی ڈگری بھی رکھتے ہیں اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد آپ نے وکالت کے شعبے میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا اور ہائی کورٹ میں بطور اٹارنی ایٹ لا کی پریکٹس کا لائسنس حاصل کرکے ’’اے جی سی لاء فرم‘‘ کے نام سے قانونی معاونت پر مبنی فرم کی بنیاد رکھی، جس میں سائلین کو قانونی امداد فراہم کی جاتی ہے ۔ عبدالغفور چودھری صاحب کو تعلیم و تعلّم سے بھی خصوصی شغف ہے۔ اسلامیات، پولیٹیکل سائنس اور انگریزی میں ماسٹرز اور ساتھ بی ایڈ، ایل ایل بھی کی ڈگریاں بھی حاصل کررکھی ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سروس کے دوران ہی ۲۰۱۲ء میں ’’دی سٹی ماڈل اسکولز اینڈ کالج‘‘ کے نام سے ایک مثالی تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھ دی تھی۔ علاوہ ازیں ’’کڑوا سچ‘‘ کے نام سے روزنامہ’’پاکستان‘‘ اور دیگر قومی اخبارات کے لیے باقاعدگی سے کالم بھی لکھتے ہیں۔
پانچ سو اُنسٹھ صفحات پر مشتمل عبدالغفور چودھری صاحب کی خودنوشت داستانِ حیات ’’سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک‘‘ سِول سروس اور اس سے وابستہ ذاتی واقعات و تجربات پر مبنی ایک دلچسپ، معلومات افزاء اور چشم کُشا دستاویز ہے، جس میں وطنِ عزیز کے اندر پائی جانے والی گورننس کی خامیوں، سرکاری اداروں میں بے جا سیاسی مداخلت، اقتدار کے ایوانوں اور سِول بیوروکریسی کے درمیان اختیارات کے استعمال سے متعلق رسہ کشی اور بحیثیت مجموعی بیوروکریسی، سیاستدانوں اور عامۃ الناس کے مابین آئے روز پیش آمدہ معاملات، مصائب و مشکلات کی نہایت اچھے پیرائے میں منظرکشی کی گئی ہے اور اُن کے حل کے حوالے سے گائیڈ لائن دی گئی ہے۔ سِول سروس میں پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے والے نوجوان، قومی سیاست سے وابستہ افراد، صحافی، دانشور، تجزیہ نگار ، دفاعی ماہرین ، عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ سے وابستہ افسران و اہلکاران، طلبہ و طالبات سمیت عامۃ الناس کے لیے کتابِ ہذا بیش قدر، مفید اور معلومات افزاء تحفے سے کم نہیں۔ کتاب کے اوّل و آخر میں معروف صحافی ، دانشور و تجزیہ نگار جناب مجیب الرحمن شامی صاحب کا تبصرہ کتاب کی رونق کو دوچند کرنے کا باعث ہے۔ خوبصورت و دیدہ زیب طباعت پر مصنف اور ناشرین کو مبارکباد اور تحسین پیش کرتا ہوں۔