November 17, 2026

تحریر ۔ محمد فاروق عزمی قیادت کا فقدان

IMG-20250930-WA0204

تحریر ۔ محمد فاروق عزمی

قیادت کا فقدان

قوموں کی تقدیر کے فیصلے ان کے راہنماؤں کے کردار اور وژن سے ہوتے ہیں۔ تاریخِ عالم اس بات کی شاہد ہے کہ ایک اچھا راہنما قوم کو بلندیوں پر لے جاتا ہے اور ناقص قیادت نے عظیم قوموں کو پستیوں میں دھکیل دیا ۔ ایک اچھا راہنما ہی قوم کو غلامی سے آزادی، ذلت سے عزت اور زوال سے عروج کی طرف لے جا سکتا ہے ۔ مجموعی طور پر مسلمانوں کی زندگی میں ہمارے سب سے عظیم راہنما اور ہادی نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہ ماخذ ہے جس سے ہمیں سب سے پہلے اور سب سے کامل راہنمائی ملتی ہے ۔ پھر ہماری قومی زندگی میں قائد اعظم محمد علی جناح اور حضرت علامہ محمد اقبال علیہ رحمہ نے قوم کی راہنمائی کی اور اصولی اور عملی مثالیں فراہم کیں ۔

قرآن کریم کی سورة النساء کی آیت 58 کا مفہوم ہے کہ

” ایک راہنما کا سب سے بڑا وصف یہ ہے کہ وہ عدل قائم کرے چاہے فیصلہ کسی اپنے کے خلاف ہی کیوں نہ ہو”
ایک موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ سلم نے فرمایا اگر میری بیٹی فاطمہ (رضی اللہ عنہا) بھی چوری کرۓ تو میں اس کا بھی ہاتھ کاٹ دوں گا ” یہ مثال قیادت میں انصاف کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے ۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ ” جب امانت ضائع کر دی جائے تو قیامت کا انتظار کرو ۔ صحابہ نے
پوچھا ” یا رسول اللہ ! امانت کیسے ضائع ہوگی ؟ ” آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ جب معاملات نااہل لوگوں کے سپرد کر دئیے جائیں تو قیامت کا انتظار کرو ” ( صحیح بخاری : 59)

اسلامی قیادت کے لیے علم اور بصیرت بنیادی شرط ہے ۔ قوموں کی قیادت بھی جب صاحبِ علم و بصیرت راہنماؤں کے ہاتھ میں آتی ہے تو قوموں کو عروج حاصل ہوتا ہے۔ علامہ اقبال نے ایک راہنما کے لیے جو معیار مقرر کیا اس کا اظہار انہوں نے اپنے ایک شعر میں اس طرح کیا تھا ۔

نگہ بلند، سخن دلنواز، جاں پُر سوز
یہی ہے رختِ سفر میرِ کارواں کے لیے

پاکستانی قوم کی بدقسمتی کہ اس قوم کو قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے بعد 78 برسوں میں کبھی اعلیٰ قیادت میسر نہیں آئی ۔ ہمیں ایک بھی ایسا راہنما نہیں ملا جس میں قیادت کی وہ خوبیاں ہوں جو قوم کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں ممد و معاون ہوتیں قیادت یا راہنمائی کے لیے ایک اچھے اور بڑے لیڈر میں جن خوبیوں یا اوصاف کا ہونا ضروری ہے ان میں وسیع الظرفی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ اس کے بعد ایک راہنما کو خوش خلق ، صاف گو ، بے باک، مالی اور اخلاقی لحاظ سے دیانت دار اور ایمان دار ہونا چاہیے ۔ اس میں برداشت اور معاملہ فہمی کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔ ایک باوقار فراخدل، ایثار پیشہ اور درد دل رکھنے والا شخص ہی کسی کارواں کا رہبر، کسی قوم کا راہنما یا لیڈر ہو سکتا ہے ۔ قوم اور ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھنے والے کسی ایسے شخص کا وجود آپ تلاش کرنے نکلیں تو مملکتِ خداداد ، ارضِ پاکستان میں آپ کو ” قحط ” جیسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ یہ وہ قحط نہیں جس میں بھوک ناچتی ہے اور موت رقص کرتی ہے یہ قحط الرجال ہے ۔ جس کے بارے مختار مسعود نے لکھا تھا ۔

” قحط میں موت ارزاں ہوتی ہے اور قحط الرجال میں زندگی “۔ ہماری قوم کو قحط الرجال کا سامنا ہے ۔ مدتیں بیت گئیں، دہائیاں گزرگئیں، اس دھرتی پر کوئی بڑا آدمی، کوئی راہنما اور حقیقی معنوں میں کوئی لیڈر پیدا ہی نہیں ہوا۔ قدرت نے ہمیں جو چہرے عطا کیے ، شاید وہ دیکھنے میں خوشنما ہوں لیکن ان کے کردار اور ان کا باطن بدنما اور بدبودار تھا ۔ یہ بدنمائی اور تعفن معاشرے میں پھیلتا چلا گیا ۔ معاشرہ جھوٹ فریب ، ملاوٹ ، بدعنوانی ، کرپشن، بداخلاقی اور بے راہروی کا شکار ہو گیا ۔ ماضی قریب میں تو پاکستانی سیاست نے وہ رنگ ڈھنگ اختیار کر لیا کہ زیادہ زبان دراز اور زیادہ دروغ گو زیادہ بڑا لیڈر سمجھا جانے لگا ۔ بدتہذیبی اور بد اخلاقی کی ایسی ہوا چلی کہ اس بادِ سموم نے ایک پوری نسل کو تباہ و برباد کر دیا ۔ اب نہ کسی کی عزت محفوظ ہے نہ دستار سلامت ہے ۔ آپ کسی بھی سیاسی جماعت کے کسی لیڈر سے کوئی اصولی اختلاف کر کے دیکھ لیں ۔ خواہ آپ سو فی صد درست بات کر رہے ہوں فریقِ مخالف آپ کے آباؤ اجداد اور آئندہ نسلوں تک کو مغلظات و خرافات سے نواز دے گا ۔ نہ کسی کے مرتبے اور وقار کا خیال ہے نہ کسی کے عہدے عمر، علم یا حیثیت کا لحاظ اندھی تقلید اور شخصیت پرستی کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ اور ایسی ایسی خرافات بکتا ہے کہ الامان والحفیظ – کوچہ سیاست سے رکھ رکھاؤ نفاست ادب احترام اور برداشت اس طرح رخصت ہوئے کہ اب تو امید ہی باقی نہیں رہی کہ ہم ایک دوسرے کو رواداری متانت اور فہم و فراست سے اپنی بات سمجھا سکیں ۔
علامہ اقبال نے اپنے کسی خط میں حضرت قائد اعظم علیہ رحمہ کو لکھا تھا ، “پورے برطانوی ہندوستان میں تنہا آپ ہی کی ذات ایسی ہے جس کی طرف مسلمانوں کی نظریں محافظت اور رہنمائی کے لیے اٹھتی ہیں ”

اب نہ علامہ اقبال جیسی کوئی صاحبِ بصیرت ہستی موجود ھے نہ قائد جیسا کوئی صاحبِ کردار راہنما کہ جسے خط لکھ کر درخواست کریں کہ آئیں اور قوم کی راہنمائی فرمائیں اور اس بھٹکے ہوئے آہو کو سوئے حرم لے چلیں ۔ اس وقت ہماری سیاست کے جتنے بھی مچھندر ہیں۔ وہ ” فرہنگ آصفیہ” میں لکھے “مچھندر” کے مفہوم و معنی کے مطابق بڑی بڑی مونچھوں والے چوہے ہیں ، یہ چوہے ملکی وسائل و خزائن کو اپنے تیز دانتوں سے ہمہ وقت کترتے جا رہے ہیں۔ آج کے نام نہاد سیاسی راہنماؤں کو چاہیے کہ وہ اگر خود کو قوم کا راہنما سمجھتے ہیں اور حقیقی معنوں میں پاکستان اور پاکستانی قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اپنا قبلہ درست کریں اپنے کردار کو مثالی بنائیں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ اولاً نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کا عمیق مطالعہ کریں ۔ پھر خلفاۓ راشدین کی زندگیوں سے سبق حاصل کریں اور ان کے طرزِ حکمرانی اور اندازِ سیاست کے خوشہ چیں بنیں اور ثانیاً بانی پاکستان کے حالاتِ زندگی ، طرزِ سیاست اور افکار و نظریات سے استفادہ کریں۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت برصغیر کی تاریخ میں، سادگی، وقار، نفاست ، اعتماد اور شفافیت کا بے مثال نمونہ تھی ۔ جناح ہمیشہ اصولوں پر ڈٹے رہتے ، وہ سیاست کو ذاتی مفادات کے بجائے قومی خدمت سمجھتے تھے۔ ان کے مخالفین بھی ان کی دیانت اور سچائی کے قائل تھے ۔ وہ اپنی رائے اور فیصلے پر ثابت قدم رہتے تھے اور آج کے سیاست دانوں کی طرح یوٹرن ، نہیں لیتے تھے ۔ ان کی سیاست آئینی جدوجہد پر مبنی ہوتی تھی ۔ وہ ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی بات منواتے تھے ۔ وہ سادگی پسند ، باوقار اور اعتماد سے بھر پور شخصیت کے مالک تھے ۔ ان کا پُر وقار اندازِ سیاست اور رعب مخالفین کو بھی متاثر کرتا تھا۔ قائداعظم کی شخصیت اعلیٰ قیادت ، شفافیت ، دیانت ، غیر متزلزل عزم ، آئینی جدوجہد اور عوامی اعتماد کا حسین امتزاج تھی ۔ پاکستان کی بدقستمی یا کم نصیبی کے قائد کے بعد پاکستان کو قدرت نے کوئی بڑا آدمی عطا نہیں کیا ۔ اور اگر کوئی عطا ہوا بھی تو ہم چھوٹے اور بونے لوگوں نے اس کی قدر نہیں کی ۔ جس کی ایک مثال محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہیں، جو اس ملک کے سیاسی مچھندروں کے ہاتھوں ، رسوا اور خوار ہو کر اپنے رب کے حضور پیش ہو گئے۔ اب اس ملک میں قیادت کا شدید فقدان ہے۔ جانے قدرت کب دوبارہ اس دھرتی کو کوئی راہنما، کوئی مسیحا ، کوئی ” بڑا آدمی ” عطا کرۓ ۔ ” آوازِ دوست” میں مختار مسعود نےلکھا تھا ۔

” قدرت کا سارا نظام اصولوں کے تابع ہے۔ بڑے آدمیوں کی پیدائش کے بھی تو کچھ اصول ہوں گے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بڑے آدمی انعام کے طور پر دئیے اور سزا کے طور پر روک لیے جاتے ہیں ”
کیا ہمیں بھی قدرت اپنی عطاؤں کی بے قدری کی سزا دے رہی ہے ؟۔ کیا ہم ایک سپاس ناآشنا قوم ہیں۔ ناشکرے ہیں ؟
یا اللہ پاکستان پر رحم فرما اور ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح جیسا کوئی صاحبِ بصیرت حقیقی راہنما عطا فرما دے ۔