زمین کے کھاتوں میں جعلسازی اور رشوت ستانی کا الزام، سکھر پریس کلب کے باہر احتجاج
زمین کے کھاتوں میں جعلسازی اور رشوت ستانی کا الزام، سکھر پریس کلب کے باہر احتجاج
سکھر (بیورورپٹ سید نصیر حسین زیدی) پریالو کے قریب موری پیرگوٹھ روڈ کے رہائشی محمد عظیم مہر نے سکھر پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مختیارکار گھوٹکی نے بااثر افراد کی ملی بھگت سے ان کی موروثی زمین کے جعلی کھاتے درج کیے ہیں۔محمد عظیم مہر کے مطابق گھوٹکی کی دیہہ صالح مہر کے سروے نمبر 246/1، 457/1، 375/1، 579 اور 644 میں واقع 12 ایکڑ 29 گھنٹے زرعی زمین ان کے دادا منٹھار (ملہار) ولد لال بخش مہر کے نام پر تھی۔ لیکن گاؤں ستارو مہر کے رہائشی ہزارو اور یارو مہر (پسران غلام محمد مہر)، شفیع محمد ولد ملوک، لیمون ولد عبدالوہاب، مکھن اور ولی محمد (پسران سارنگ) نے مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عوض 1968 اور 1970-1971 کی پرانی تاریخوں میں زمین اپنے نام منتقل کرالی۔انہوں نے کہا کہ میرے دادا منٹھار مہر کے نام والی زمین کا کبھی بھی فوتی کھاتا تیار نہیں ہوا۔ مزید بتایا کہ میرے والد محمد عظیم ولد منٹھار علی 17 جنوری 1955 کو وفات پا گئے تھے، ایسے میں وہ 1968 میں زمین کیسے فروخت کر سکتے تھے؟ مرحوم نے اپنی وراثت میں بیوہ الہجوائی، دو بیٹے محمد بخش مہر اور میرا چچا محمد عظیم، اور دو بیٹیاں مسمات سعیداں اور مسمات لال خاتون چھوڑی تھیں، تاہم کسی نے بھی فوتی کھاتا نہیں بنوایا۔محمد عظیم مہر نے مزید الزام لگایا کہ جب تپیدار امتیاز کلوڑ سے زمین کے کھاتے کا ریکارڈ طلب کیا گیا تو اس نے رشوت کا مطالبہ کیا۔ کچھ رقم دی گئی، لیکن مزید 10 ہزار روپے نہ دینے پر وہ برہم ہوگیا۔ ان کے مطابق زمین کی سودے بازی سے متعلق جعلی دستاویزات میں لگائے گئے انگوٹھے اور نشانات میں بھی واضح فرق ہے، جو جعلسازی کو ثابت کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے سیکریٹری بورڈ آف ریونیو، کمشنر سکھر اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کو تحریری شکایات بھی کی گئی ہیں۔ شکایت کے بعد گھوٹکی کے اے ڈی سی ون نے 24 جولائی کو مختیارکار گھوٹکی کو خط نمبر 267 جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 31 جولائی 2025 تک انکوائری رپورٹ پیش کی جائے، لیکن تاحال رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔ ان کے مطابق مختیارکار ایک بااثر ریونیو افسر کے دباؤ میں آکر رپورٹ دینے سے گریزاں ہے، جبکہ ڈی سی گھوٹکی بھی کسی قانونی کارروائی کے لیے تیار نہیں۔محمد عظیم مہر نے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری بورڈ آف ریونیو، ڈی جی نیب، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ زمین کے کھاتوں میں کی جانے والی جعلسازی کا نوٹس لے کر رشوت خور تپیدار کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔