November 17, 2026

علم کے دروازوں پر تالا۔۔۔

IMG-20250719-WA0158(5)

علم کے دروازوں پر تالا۔۔۔

سنا ہے سندھ کے اسکولوں کے دروازے بند ہیں۔ بچوں کی معصوم آنکھیں صبح سویرے بستہ لٹکائے، قفل آویزاں دروازوں کے سامنے سوال بن کر کھڑی ہیں۔ لیکن یہ تالا صرف اسکولوں پر نہیں لگا، یہ دراصل انصاف پر لگا ہے، یہ عزتِ نفس پر لگا ہے، یہ برسوں سے تنخواہ اور پنشن کے سہارے گزر بسر کرنے والے استاد کے خواب پر لگا ہے۔ حکومت نے حساب کتاب کے ترازو میں استاد کے خونِ جگر کو تول لیا، اور کہا کہ بجٹ پر بوجھ ہے۔ مگر کیا کبھی کسی نے سوچا کہ قوم پر استاد کا بوجھ نہیں بلکہ کرم ہوتا ہے؟

یہ پنشن رولز میں ترمیم اور DRA کی بندش، کاغذ پر لکھی ہوئی ایک سادہ سی ترمیم نہیں ہے، یہ اُس استاد کی جھکی ہوئی کمر پر ایک اور اینٹ ہے جو پہلے ہی غربت، مہنگائی اور محرومی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ یہ وہی استاد ہے جو تنخواہ وقت پر نہ ملنے کے باوجود بچوں کو وقت پر حاضری دیتا رہا۔ جو بارشوں اور سیلابوں میں اسکول کی چھت سے ٹپکتے پانی کے نیچے بھی سبق دہراتا رہا۔ اور آج، جب اُس کے بڑھاپے کے سہارے، اُس کی پنشن پر قینچی چلائی جا رہی ہے تو وہ سڑکوں پر ہے، اور احتجاج کے بینروں پر لکھا ہے: “ہم قوم کے معمار ہیں، قوم کے مزار نہیں!”

اہلِ اقتدار نے شاید صوفیوں کا کلام نہیں پڑھا، وہ کہتا ہے:
“مٹی دا کیہ پیڑا، مٹی ہو جانا”
لیکن استاد کا دکھ یہ ہے کہ اُس کی مٹی کو سونا بنانے والا ہاتھ آج خود بھیک مانگنے پر مجبور ہے۔ یہاں سوال یہ نہیں کہ بجٹ کہاں سے آئے گا، سوال یہ ہے کہ بجٹ بچانے کے نام پر استاد کو کیوں قربان گاہ پر لٹایا جا رہا ہے؟ جن کے کارخانوں اور کمیشنوں پر عربوں کا کھیل چلتا ہے، ان کے لیے خزانہ لبالب ہے، مگر استاد کے چند ہزار پر ریاست ناتواں دکھائی دیتی ہے۔

یہ احتجاج محض تنخواہ یا پنشن کا معاملہ نہیں، یہ دراصل عزت کا سوال ہے۔ استاد کی تالا بندی دراصل حکومت کی سوچ کی تالا بندی ہے، جو تعلیم کو بوجھ اور استاد کو اضافی خرچ سمجھ بیٹھی ہے۔ یہ المیہ صرف سندھ کا نہیں، پورے برصغیر کا ہے کہ استاد کی عزت جلسوں میں کی جاتی ہے، تصویروں میں کی جاتی ہے، مگر عملی طور پر اُس کا مقدر فاقہ اور احتجاج ہے۔

ہم صوفیوں کی سرزمین پر ہیں، جہاں شاہ لطیف نے کہا تھا کہ محنت کا دانہ سب سے افضل ہے۔ اور آج اسی محنت کش استاد کی محنت پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔ یہ کھیل یونہی نہیں چلے گا۔ تاریخ کے اوراق پر لکھا ہوا ہے کہ جس قوم نے اپنے استاد کو بھلایا، اُس کی نسلیں بھٹک گئیں۔ آج کے یہ بند اسکول آنے والے کل کے بند دماغوں کا شگون ہیں۔

میں حکومت سے نہیں، قوم سے مخاطب ہوں: استاد کے ہاتھ تھام لو، اس سے پہلے کہ یہ ہاتھ احتجاج میں پتھر پکڑ لے۔ استاد کو عزت دو، اس سے پہلے کہ وہ کتاب پھینک کر نعرہ لگا دے۔ یہ تالا بندی محض اسکولوں کی نہیں، یہ دلوں کی تالا بندی ہے۔ اور دل جب بند ہو جائیں تو علم کا چراغ بجھ جاتا ہے۔

یہ ایک صوفیانہ حقیقت ہے کہ علم صدقے کی طرح ہے، پھیلتا ہے تو برکت دیتا ہے۔ اور استاد ہی اُس صدقے کا پہلا درویش ہے۔ اگر درویش کو بھوکا مارا گیا، تو یہ برکت قوم کے نصیب سے بھی کٹ جائے گی۔ پھر نہ پنشن بچے گی نہ DRA، نہ بجٹ بچے گا نہ اقتدار۔ بچے گا تو بس اندھیرا، اور اندھیرے میں معصوم بچوں کی چیخیں، جو تالا بند اسکول کے باہر سوال بن کر کھڑے ہیں:
“ہمیں علم کب ملے گا؟”

کاش کوئی صاحبِ اقتدار ان معصوم سوالوں کا جواب دے سکے۔

@@@@@@@@@@@@@