خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف منسٹر پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور رانا سکندر حیات منسٹر آف ایجوکیشن پنجاب کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف منسٹر پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور رانا سکندر حیات منسٹر آف ایجوکیشن پنجاب کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ضلع خوشاب کے اساتذہ کرام اور طلباء نے سی ای او ایجوکیشن رانا شبیر احمد صابری کی زیرنگرانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ایثار و قربانی کی مثال قائم کر دی ۔ محکمہ ءتعلیم ضلع خوشاب نے 35 لاکھ سے زائد خطیر رقم کا راشن خریدا اور جمع کیا۔ اس کے پیکٹس بنائے اور دو بڑے ٹرکوں میں بھر کر علی پور تحصیل کے ان علاقوں کو روانہ کیا جن میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے اور لاکھوں افراد بے گھر ہیں اور کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔ دریں اثناء چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی ڈسٹرکٹ خوشاب رانا شبیر احمد صابری نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کہنا کہ محکمہ ء تعلیم ضلع خوشاب کے تمام ملازمین پنجاب کے اپنے سیلاب زدہ بھائیوں کی آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے بھرپور کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خوشاب کے اساتذہ کرام اور طلباء کا ایثار و قربانی کا یہ جذبہ لائق صد تحسین و آفرین ہے ۔ رانا شبیر احمد صابری نے کہا کہ
اللہ تعالی ا ہماری اس کاوش کو قبول فرمائے اور مصیبت کی اس گھڑی میں پریشان حال سیلاب زدگان کو دوبارہ ان کے پاؤں پر کھڑا ہونے کی جلد سے جلد توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات کی رو سے ہمیں ہمیشہ ایسی صورتحال میں بھرپور اسلامی اخوت و بھائی چارے اور ایثار و جذبہ کا عملی نمونہ پیش کرنا چاہیے اور ہمارا یہ عمل خوشنودی خداوندی کا سبب بنتا ہے ۔