November 17, 2026
IMG-20250907-WA0129

گلابوں والی گلی

سفر اِنسان کو علم دیتا ہے علم انسان کو راستہ دیتا ہے جس پر چل کر زندگی بامعنی لگتی ہے آپ دنیائے ادب میں غوطہ لگاتے ہیں تو ادب کی کئی اصناف سے آپ کی جانکاری ہوتی ہے جس میں ایک سفر نامہ بھی ہے جو علم کے سفر پر لے جاتا ہے اس لئے میں لائبریری کے سفر میں سفر نامہ ضرور پڑھتا ہوں میں نیلم احمد بشیر کی کتاب ،، گلابوں والی گلی،، سڑک کنارے پرانی کتابوں کے اسٹال سے اتوار کو لایا تھا یہ سٹال لاہور پاک ٹی ہاوس کے ساتھ ہراتوار لگتا ہے زمانہ طالب علمی سے اَب تک میں کہیں اور جاوۤں یا نہ جاوۤں یہاں ضرور جاتا ہوں میں نے ان کی ایک کتاب ،، نیلہ نیپالہ کے دیس میں،، نپال کا سفر نامہ اِس سے پیشتر پڑھ رکھی تھی ۔ وہ انتہائی دلچسپ سفر نامہ تھا ،،گلابوں والی گلی،، نیلم احمد کی ابتدائی افسانوں اور کہانیوں کی کتاب ہے۔ میں نے پڑھنا شروع کیا تو افسانوں نے اپنے سحر میں ایسا جکڑا کہ میں پوری کتاب پڑھے بغیر نہ رہ سکا۔ یہ افسانے پڑھ کر زرا برابر محسوس نہیں ہوتا ہے کہ یہ اُن کی ابتدائی افسانوں کی کتاب ہے۔ ان کا طرز تحریر ،بیان واسلوب، خیالات کی وُسعت، کہانی بیان کرنے کا طریقہ ، تحریر کی گہرائی اُن کو ایک منجھی ہوئی افسانہ نگار ثابت کرتی ہے۔ ان کے افسانے اور کہانیاں سچے کرداروں پر مبنی لگتی ہیں ۔ انہوں نے امریکہ میں سیر و سیاحت میں وقت گزارا ہے وہاں سیاحت کی ہے اُس معاشرے کو قریب سے دیکھا ہے جہاں نفسا نفسی کا عالم ہے کسی کے پاس دوسرے کے لئے وقت نہیں ہے کوئی کسی سے مفت میں بات نہیں کرتا ہے ، جہاں خاندانی قدریں بکھر گئیں ہیں، ہر کوئی تنہائی کا شکار ہے، روپیہ پیسہ، تمام سہولتیں ہونے کے باوجود انسان نفسانفسی اور تنہائی کا شکار ہے۔ ہماری مشرقی خاندانی قدروں کی وہاں کوئی اہمیت نہیں ہے، وہاں کی معاشرت کو نیلم احمد نے بڑے دلکش پیرائے میں افسانوں،کہانیوں میں بیان کیا ہے۔ آپ کو پڑھتے ہوئے کہیں بھی بوریت کا احساس نہیں ہوتا۔ نیلم احمد بشیر ایک منجھی ہوئی افسانہ نگار ، ناول نگار، سفر نامہ نگار اور شاعرہ ہیں،اُن کو کہانی بیان کرنے کا ملکہ حاصل ہے۔ اُن کی تحریروں میں سعادت حسن منٹو جیسی پختگی اور ممتاز مفتی کا اسلوب جھلکتا ہے بعینہ ہی جس طرح معروف افسانہ نگار و کہانی نویس قیصر تمکین کا اَسلوب و بیان ہے جو ہندوستان میں پیدا ہوا ساری عمر انگلستان رہا وہ لکھتا رہا زمانہ پڑھتا رہا بالکل ایسا ہی نیلم احمد بشیر نے امریکہ میں بیٹھ کر کہانیاں، افسانے، سفر نامہ مکمل کر کے تاریخ کے سپرد کر دیا جس کی لَو میں علم و فکر کے قافلے منزل کا پتا معلوم کر رہے ہیں۔ تاہم نیلم احمد بشیر کا جداگانہ اور منفرد رنگ تحریر ہے ۔ آپ میں سے کسی نے ممتاز مفتی کو پڑھا ہو تو ان کی کتابوں علی پور کا ایلی ، اور الکھ نگری میں ایمن آباد اور احمد بشیر کا نام اور کام کا زکر ملے گا ۔ وہ احمد بشیر کے گہرے دوست تھے وہ لاہور سے ٹرین اور کئی بار سائیکل پر احمد بشیر کو ملنے ایمن آباد آتے تھے اور دن تو دن کئی کئی راتین ان کے پاس وہاں قیام کرتے تھے جہاں علمی و ادبی محفلیں جمتیں بڑی بڑی نابغہ روزگار ہستیاں تشریف لاتیں ، احمد بشیر اپنے وقت کے بہت بڑے صحافی، ادیب، افسانہ نگار، ناول نگار تھے، دل بھٹکے گا ، ان کا ایک عظیم شاہکار ہے۔ احمد بشیر ایمن آباد میں پیدا ہوئے۔ان کی ایک بیٹی ٹیلی ویزن کی مشہوراداکارہ بشری انصاری اور دوسری افسانہ نگار،ناول نگار، سفرنامہ نگارنیلم احمد بشیر ہیں ۔ یہ بھی ایمن آباد میں پیدا ہوئیں ۔ گلابوں والی گلی۔ نیلاہٹیں، چار چاند، دو تحریریں ، میں اوراحمد بشیر،نیلہ نپالہ کے دیس میں، طاؤس فقط رنگ، لے سانس بھی آہستہ،وحشت ہی سہی ، نیلم احمد بشیر کی لازوال تحریریں ہیں جو اردو ادب میں ہمیشہ زندہ رہیں گئیں اور نیلم احمد بشیر دنیائے ادب میں بالخصوص اور خواتین کے لئے رول ماڈل کا کردار اد کرتی رہیں گی جن کی بدولت نوجوان طبقہ علم کے سفر پر نکلے گا جہاں سے سفر علم دے گا علم راستہ دے گا جب علم راستہ دے گا تو ہم اور ہمارا معاشرہ اگے بڑھیں گے مگر یہ تب ممکن ہوگا جب ہم کتاب دوست معاشرہ قائم کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ہر سطح پر ، ہر جگہ ہر ، جب تک ممکن ہو جہاں تک ممکن ہوگا ۔

شاہد محمود سیالکوٹ
21/09/2025