November 17, 2026

آنحضرت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا عقیقہ سے متعلق اسوۃ حسنہ ہفتہ 20 ستمبر 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Screenshot_2025-09-20_063411

آنحضرت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا عقیقہ سے متعلق اسوۃ حسنہ

ہفتہ 20 ستمبر 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

موطا میں مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے عقیقہ کے متعلق دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا “میں عقوق (نافرمانی) کو پسند نہیں کرتا گویا آپ نے عقوق کے لفظ کو ناپسند فرمایا۔

حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کی صحیح روایت سے ثابت ہے کہ لڑکے کی طرف سے دو بکریاں اور لڑکی کی طرف سے ایک بکری ہے” نیز آپ نے فرمایا ” ہر بچہ کے ذمہ اس کے عقیقہ کی قربانی ہے لہذا چاہیۓ کہ ساتویں دن اسکی طرف سے قربانی کی جاۓ، اس کا سر منڈوایا جاۓ اور اس کا نام رکھا جاۓ”۔

حدیث شریف میں ہے کہ ” ہر لڑکا عقیقہ کا مرہون ہوتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ جس بچے کا عقیقہ نہ ہو، اسے والدین کی شفاعت سے روک دیا جاۓ گا ظاہری معنی یہ ہے کہ بچہ اپنی ذات سے متعلق مرہون ہو گا اور ہر بھلائی سے محروم ہو گا لیکن اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ آخرت میں اسے سزا ملے گی، بعض مرتبہ لڑکا والدین کی کوتاہیوں کی وجہ سے بھلائی سے روک دیا جاتا ہے جیسے جماع کے وقت بسم اللہ نہ پڑھی جاۓ۔

امام ابو داؤد نے مراسیل میں حضرت جعفر سے روایت ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت حسن اور حسین رضی اللہ تعالی عنہما کے عقیقہ کے موقع پر فرمایا کہ دائی کے گھر میں ایک ٹانگ بھیج دو اور خود کھاؤ اور دوسروں کو کھلاؤ اور کوئی ہڈی نہ توڑو۔

حضرت میمونی کہتے ہیں کہ ہم نے آپس میں مباحثہ کیا کہ کتنے دن کے بعد بچہ کا نام رکھا جاۓ تو اس پر ابو عبداللہ نے کہا کہ حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ تیسرے دن نام رکھا جاۓ لیکن حضرت سمرہ کا قول ہے کہ ساتویں دن نام رکھنا چاہیۓ۔
(حوالہ زاد المعاد از علامہ ابن قیم رحمہ اللہ)

نبی کریم صلعم نے فرمایا کہ ہر بچہ اپنے عقیقہ کے ساتھ گروی ہے، ساتویں دن اس کی طرف سے عقیقہ(ذبح) کیا جائے، بچے کا سر منڈوایا جائے اور اس کا نام رکھا جائے۔

بالوں کے ہم وزن چاندی صدقہ کی جاۓ اگر گنجائش نہ ہو تو عقیقہ بعد میں بھی کیاجا سکتا ہے کیونکہ بعض لوگ شروع میں غریب ہوتے ہیں بعد میں امیر ہوجاتے ہیں ایسے لوگ اپنے بچوں کی گروی اس وقت ختم کریں جب انہیں سہولت ہو لیکن جسے اللہ نے بچے کی پیدائش کے ساتویں دن عقیقہ کی گنجائش دی ہے اس کے لئے افضل یہی ہے کہ وہ ساتویں دن عقیقہ کرے کیونکہ اگر ساتویں دن عقیقہ نہ کیا تو بعد میں یہ عقیقہ نہیں بلکہ صدقہ شمار ہو گا۔

الدعاء
یا اللہ تعالی ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت پر من و عن عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین یارب العالمین

Please visit us at https://engineernazirmalik.blogspot.com
Cell: 00923008604333