November 17, 2026

*دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی قوت کی گرجدار آواز اور امتِ مسلمہ کی بیداری*

IMG-20250916-WA0310

*دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی قوت کی گرجدار آواز اور امتِ مسلمہ کی بیداری*
_____________________________________

دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی ریاست کے وزیر اعظم کا خطاب محض ایک تقریر نہیں تھا بلکہ ایک تاریخ ساز لمحہ تھا۔ وہ لمحہ جس نے امتِ مسلمہ کے سوئے ہوئے ضمیر کو جھنجھوڑا، وہ لمحہ جس نے اسرائیل کے خلاف ایک ایسی للکار بلند کی جو آنے والے دنوں میں عالمی سیاست کا دھارا بدل سکتی ہے۔ یہ آواز دوحہ کے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں گونجی جہاں کئی دہائیوں بعد پہلی بار مسلمانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی سنجیدہ کوشش دکھائی دی۔یہ اجلاس اس وقت بلایا گیا جب فلسطین کی زمین ایک بار پھر لہو سے رنگین تھی۔ غزہ کی تنگ و تاریک گلیوں میں معصوم بچے ملبے تلے دبے جا رہے تھے، مائیں بین کر رہی تھیں، بیمار ہسپتالوں میں دم توڑ رہے تھے اور دنیا کے بڑے بڑے ایوان محض “تشویش” اور “مذمت” کے رسمی الفاظ دہرا رہے تھے۔ ایسے میں مسلمان عوام سوال اٹھا رہے تھے کہ آخر کب تک خاموشی اور کب تک بے بسی؟ یہی سوال اس اجلاس کے ایوانوں میں بھی گونجا۔
ابتدا میں مختلف عرب رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کسی نے امن کی بات کی، کسی نے انسانی حقوق کا تذکرہ کیا، کچھ نے تشویش کا اظہار کیا، لیکن وہ آگ جو فلسطین کے بچوں کی لاشوں سے اٹھ رہی تھی، وہ صرف رسمی جملوں سے نہیں بجھ سکتی تھی۔ ایوان ایک ایسی آواز کا منتظر تھا جو بند دروازوں کو توڑ دے۔ یہ آواز دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی قوت کے وزیر اعظم کی تھی۔ان کا انداز مختلف تھا۔ نہ ڈر، نہ جھجک، نہ مصلحت۔ صرف ایک ایمان، ایک غیرت اور ایک عزم۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہ قوم ہیں جس نے “لا الہ الا اللہ” کے نام پر وطن حاصل کیا تھا اور آج بھی ہم ظلم کے خلاف یہی کلمہ بلند کرتے ہیں۔ یہ جملہ سنتے ہی ہال گونج اٹھا۔ یہ صرف ایک تقریر نہیں بلکہ ایک اعلان تھا کہ اب امتِ مسلمہ مزید تماشائی نہیں رہے گی۔وزیر اعظم نے اسرائیل کی خون آلود تاریخ دنیا کے سامنے رکھی۔ بتایا کہ 1948 میں کس طرح فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل کیا گیا، لاکھوں مہاجر بنے، ہزاروں شہید ہوئے۔ 1967 کی چھ روزہ جنگ میں بیت المقدس پر قبضہ کر کے مسجد اقصیٰ کی حرمت پامال کی گئی۔ 1973 کی جنگ میں عرب دنیا نے عارضی کامیابی حاصل کی لیکن داخلی انتشار نے اسے شکست میں بدل دیا۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ، مغربی کنارے اور فلسطین کے دیگر علاقوں کو اپنی فوجی طاقت سے جکڑ لیا۔ ہر دہائی میں خون بہا، ہر نسل نے لاشیں اٹھائیں، ہر بچے نے باپ کو کھویا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کی یہ تاریخ صرف فلسطین نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے زخموں کی داستان ہے۔ اگر آج بھی مسلمان خاموش رہے تو کل کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں ہوگا۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ اگر نیٹو اپنے مفاد کے لیے اکٹھا ہو سکتا ہے، یورپ مشترکہ دفاع کر سکتا ہے، تو امتِ مسلمہ اپنے قبلہ اول اور اپنی مظلوم عوام کی حفاظت کے لیے کیوں نہیں کھڑی ہو سکتی؟یہاں انہوں نے ایک بڑا اعلان کیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایک مشترکہ مسلم فوج بنائی جائے، ایک ایسا لشکر جو دنیا کا سب سے بڑا ہو سکتا ہے۔ اگر چند بڑے اسلامی ممالک اپنی افواج کو اکٹھا کریں تو پچاس لاکھ مسلمان سپاہی ایک پرچم تلے جمع ہو سکتے ہیں۔ یہ خواب نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جو اگر وجود میں آئے تو اسرائیل اور اس کے حمایتیوں کو واضح پیغام ہوگا کہ اب فلسطین اکیلا نہیں۔اس اعلان کے بعد ایوان میں ہلچل مچ گئی۔ قطر اور ترکی نے فوری طور پر حمایت کی۔ ایران نے کہا کہ وہ پہلے ہی اسرائیل کو اپنا دشمن نمبر ایک قرار دے چکا ہے۔ کچھ عرب رہنماؤں کے چہروں پر سنجیدگی تھی لیکن عوامی ردعمل میں خوشی اور جوش نمایاں تھا۔ وزیر اعظم پاکستان نے مغربی دنیا کی منافقت پر بھی کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ ایک طرف انسانی حقوق کی دہائیاں دیتے ہیں لیکن جب فلسطینی بچے شہید ہوتے ہیں تو ان کی زبانیں گنگ ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ رویہ جاری رہا تو مسلم دنیا اپنی پالیسیوں پر ازسرنو غور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان متحد ہو گئے تو دنیا کی نصف سے زیادہ تیل کی پیداوار بند کر دی جائے گی۔ مغرب کے کارخانے اور معیشت لمحوں میں بیٹھ جائے گی۔ یہ جملہ مغرب کے ایوانوں کے لیے ایک کھلا پیغام تھا کہ مسلمان اب غلامی میں جکڑے نہیں بیٹھے۔

وزیر اعظم نے ایک اور تلخ حقیقت کا ذکر کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک مسلم حکمران نے امریکی صدر ٹرمپ کو اربوں ڈالر کا طیارہ تحفے میں دیا تھا۔ یہ تحفے کس کے لیے ہیں؟ کیا غریب امت کے بچوں کے لیے نہیں؟ کیا یہ دولت یتیموں اور شہیدوں کے لواحقین پر خرچ نہیں ہو سکتی تھی؟ یہ سوال ایسا تھا جس نے ایوان میں خاموشی طاری کر دی۔یہ خطاب صرف اسرائیل کی مخالفت نہیں بلکہ مسلم دنیا کی بیداری کا اعلان تھا۔ ترکی کے صدر نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کریں گے۔ قطر نے کہا کہ اگر امت اکٹھی ہو تو وہ کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہیں۔ ایران نے پہلے ہی صف بندی واضح کر دی تھی۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ایسا لگا جیسے صدیوں بعد امتِ مسلمہ بیدار ہو رہی ہے۔پاکستان میں اس خطاب کو بے حد سراہا گیا۔ سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسی ریاست کے شہری ہیں جو حق بات کہنے کی جرات رکھتی ہے۔ عرب عوام نے بھی اسے “امت کی آواز” کہا۔ البتہ مغربی میڈیا نے اسے “انتہا پسندانہ” قرار دیا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا مظلوم کی حمایت کرنا انتہا پسندی ہے یا ظلم کرنا؟یہاں وزیر اعظم نے اسرائیل کے مظالم کی تفصیل بھی گنوائی۔ بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی گھروں کو مسمار کیا، عورتوں کی عزت پامال کی، بچوں کو قید کیا، ہسپتالوں اور اسکولوں پر بم برسائے۔ ہزاروں قیدی آج بھی زندانوں میں اذیت سہہ رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے لیکن دنیا کے بڑے ادارے خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا معیار کب تک چلے گا؟ کب تک اسرائیل “اپنی حفاظت” کے نام پر قتل کرے گا اور فلسطینیوں کا دفاع “دہشت گردی” کہلائے گا؟یہ سوال ایوان میں ہر طرف گونج رہا تھا۔ قطر، ترکی اور ایران نے کہا کہ اسرائیل کی کھلی جارحیت اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اتحاد الفاظ تک محدود رہتا ہے یا عملی اقدامات میں ڈھلتا ہے۔وزیر اعظم نے مسلم دنیا کے وسائل کے ضیاع کا بھی ذکر کیا۔ کہا کہ ہم اربوں ڈالر مغربی بینکوں میں رکھتے ہیں، محلات پر خرچ کرتے ہیں، مغربی طاقتوں کو تحفے دیتے ہیں لیکن اپنی مظلوم امت کے لیے کچھ نہیں۔ اگر یہی دولت فلسطین، کشمیر اور مسلم اتحاد پر خرچ ہو تو کوئی طاقت مسلمانوں کو جھکا نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ اگر صرف مشرقِ وسطیٰ کا تیل بند ہو جائے تو مغرب کی معیشت ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔ یہ مسلمانوں کی اصل طاقت ہے لیکن ہم اسے استعمال نہیں کرتے۔ یہی بات انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہی کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلمان اپنی طاقت کو پہچانیں۔اس خطاب کے بعد عالمی میڈیا میں ہلچل مچ گئی۔ کچھ اخبارات نے کہا کہ یہ جذباتی تقریر تھی لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوامی سطح پر اس نے ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ نوجوان نسل نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب امت اپنی اصل پہچان کی طرف لوٹ رہی ہے۔اب سوال یہی ہے کہ آگے کیا ہوگا؟ کیا واقعی پچاس لاکھ مسلمانوں کی فوج بنے گی؟ کیا تیل کی پالیسی بدلے گی؟ کیا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والے ممالک اپنے فیصلے واپس لیں گے؟ تاریخ بتاتی ہے کہ جب بھی مسلمان متحد ہوئے ہیں انہوں نے دنیا کا نقشہ بدل دیا ہے اور جب تقسیم ہوئے ہیں تو غلامی ان کا مقدر بنی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے یاد دلایا کہ فلسطین محض ایک خطہ زمین نہیں بلکہ ایمان اور غیرت کا سوال ہے۔ مسجد اقصیٰ صرف فلسطینیوں کی نہیں بلکہ ہر مسلمان کی متاعِ دل ہے۔ اس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔ ان کے یہ الفاظ محض تقریر نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز تھے۔یہ آغاز ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا میں طاقت کا توازن بدل رہا ہے۔ چین اور روس نئی صف بندی کر رہے ہیں، امریکہ اپنے مسائل میں الجھا ہے اور یورپ بحرانوں کا شکار ہے۔ ایسے میں اگر مسلم دنیا متحد ہو جائے تو یہ صرف فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کرے گی بلکہ عالمی سیاست کا رخ بدل دے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ امت کے پاس سب کچھ ہے: تیل، گیس، فوج، وسائل اور سب سے بڑھ کر ایمان۔ کمی صرف اتحاد کی ہے۔ اگر یہ کمی پوری ہو گئی تو اسرائیل کے مظالم رک جائیں گے اور مغرب اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوگا۔

یہ لمحہ فیصلہ کن ہے۔ اور فیصلہ امتِ مسلمہ کو خود کرنا ہے۔