سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے )خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ا ﷺ کی سیرت طیبہ عالمِ انسانیت کے لیے قابلِ تقلید عمل ہے ۔ آپ ﷺ نے قرآن
سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے )خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ا ﷺ کی سیرت طیبہ عالمِ انسانیت کے لیے قابلِ تقلید عمل ہے ۔ آپ ﷺ نے قرآن پاک کے ایک اِیک حرف کی تشریح کر دکھائی ۔آپ ﷺ رحمت للعالمین ہیں ، آپ ﷺ کی رحمت کے سائے تلے ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو سکتی ہے ۔ قرآن پاک زندگی گزارنے کا ایک چارٹر ہے ۔ ہمارا آنے والا کل آج سے بہتر ہونا چاہیے۔ اِن خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے الکر م کالج آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز سرگودھا میں منعقدہ عظیم الشان سیرت پاک ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ آصف ضیاءاورمذہبی اسکالر ، پروفیسر بشریٰ یاسمین مہمانان خصوصی تھے۔ طلباءو طالبات نے خاتم النبیین ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے نعت نچھاور کیے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ نبی معظم ﷺ کی ولادت کے 1500سالہ جشن ہمارے لیے بہت بڑی سعادت ہے ۔ آپ ﷺ نے احترام انسانیت کا عملی مظاہرہ کیا ہے ۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں حافظ عبدالرحمٰن، حافظ طلحہ یوسف اور حافظ اُسامہ یوسف نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی جب کہ گلہائے نعت نچھاور کرنے والوں میں نور فاطمہ، محمد عبدالرحمٰن، حافظ شاہرام خان، محمد ابوبکر، محمد زوہیر عباس اورمحمد ارسلان شامل تھے۔ سیرت طیبہ ﷺ کے حوالے سے گفتگو کرنے والوں میں شیزہ منظور، عائشہ اور سمیع اللہ نے یہ شرف حاصل کیا۔ مقدس، مسکان، قرةالعین ، اقراءاور مریم نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض اسفند لیاقت نے بخوبی انجام دیے۔ سی ای او ڈاکٹر ملک محمد یوسف نے کہا کہ طالب علموں کے لیے سیرت کانفرنس کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔ طالب علم ہمارا مستقبل ہیں۔ انھیں اسلامی سانچے میں ڈھالنے کے لیے اساتذہ کرام کو مستقل بنیادوں پر محنت کرنا ہوگی۔ علامہ آصف ضیاءنے خاتم النبیین ،حضرت محمد مصطفی ﷺ کی جنگی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ فتح مکہ کے موقع پر آپ ﷺ نے جس عجز وانکساری کا مظاہرہ کیا وہ آج کے جرنیلوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ حیاتِ طیبہ ﷺکا ہر پہلو ہمارے لیے ایک آئینہ ہے جس میں ہم خود کو سنوار سکتے ہیں۔ پروفیسر بشریٰ یاسمین نے کہا کہ آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ مسائل سے جھلستی سر زمین کو بقعہ ءنور بنانے کے لیے خاتم النبیین ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔ میڈم عفت نورین نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اساتذہ کرام کی کاوشوں کو سراہا۔ میڈم صوفیہ، میڈم روجینہ اور دیگر معززین بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کا اختتام حمد ونعت اور قصیدہ سے کیا گیا۔ مہمانان گرامی خصوصاً مقررین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ بعد از تقریب ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔