پیر عابد امام صاحب کے نام ایک ووٹر کا کھلا خط جب سیلاب کے پانی نے ہمارے گھروں کو نگلنا شروع کیا، تو ہمیں امید تھی کہ آپ اورباقی سید گروپ کے
پیر عابد امام صاحب کے نام ایک ووٹر کا کھلا خط
جب سیلاب کے پانی نے ہمارے گھروں کو نگلنا شروع کیا، تو ہمیں امید تھی کہ آپ اورباقی سید گروپ کے نمائندے، ہماری مدد کو آئیں گے۔ لیکن سنا ہے آپ نے سیلاب کا سنا تو اسلام آباد کا رخ کیا اور اسلام آباد پہنچ کر گاڑی کی بریک لگائی، فون بند کیا، اور اپنے ملازمین کو کہہ دیا کہ جو پوچھے، اُسے جواب دیا جائے کہ آپ ملک میں موجود نہیں۔
آج، جب مائی صفوراں کے علاقے میں پانی اتر چکا ہے اور لوگ اپنی بربادی سمیٹ کر گھروں کو لوٹ رہے ہیں، تو ہمیں آپ کی “آمد” کا سننے کو مل رہا ہے — پروٹوکول کے ساتھ۔ لیکن پیر صاحب! اب دیر ہو چکی ہے۔ آپ کا دکھاوا اب اثر نہیں کرے گا۔ اب صرف چاپلوس آپ کے اردگرد ہوں گے، وہی جو ہمیشہ آپ کی ہر بات پر واہ واہ کرتے ہیں۔
آپ کے قریبی ساتھی، مہر اکرم تورو صاحب، جن کا ڈیرہ مین روڈ پر تھا، شدید نقصان سے دوچار ہوئے۔ لیکن ان کا بھی کوئی پرسانِ حال نہ تھا۔ آپ کے دیگر قریبی ساتھی بھی آپ کی راہ تکتے رہے، مگر ہمیشہ کی طرح سڑک کی دھول ان کا مقدر بنی رہی۔
ہم آپ سے دست بستہ عرض کرتے ہیں کہ اب آپ ہمارے علاقے کا رُخ نہ کریں۔ کیونکہ جب ہمیں آپ کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، آپ کہیں دکھائی نہیں دیے۔ نہ کوئی تصویر، نہ کوئی بیان، نہ ایک لفظ ہمدردی۔ اگر آپ واقعی بیرونِ ملک تھے، جیسا کہ کہا جا رہا ہے، تو کم از کم سوشل میڈیا پر چند الفاظ ہی کہہ دیتے۔ مگر آپ تو اپنی دنیا میں مگن تھے، اور ہم اپنی دنیا لٹتے دیکھتے رہے۔
اگر یہ الیکشن کا وقت ہوتا تو آپ کے فون آن ہوتے، بیرونِ ملک دورے ملتوی کیے جاتے، اور آپ ہمیں راتوں کو جگا کر دعاؤں کے بہانے سیاست چمکاتے۔ ہمیں گلے لگاتے، تصویریں کھنچواتے، اور منہ چومتے۔ لیکن افسوس، یہ الیکشن کا وقت نہیں تھا — یہ تو ہماری بربادی کا وقت تھا، جس میں آپ کا سایہ بھی ہمیں نصیب نہ ہوا۔
یہ تحریر دل پر لکھی جا رہی ہے، اور جس دن آپ ووٹ مانگنے آئیں گے، وہ دن ہماری غلامی کا آخری دن ہوگا۔ ہم اب غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
آپ کا وہی ووٹر
جو اب صرف ووٹر نہیں، ایک باشعور شہری بھی ہے۔