November 17, 2026

نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے) اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر تحصیل نورپورتھل میڈم زریاب فاطمہ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ

IMG-20250905-WA0252(1)

نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے) اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر تحصیل نورپورتھل میڈم زریاب فاطمہ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ سوشل ویلفیئر آفس نورپور تھل کی جانب سے عوام الناس اور بالخصوص معذور افراد کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ محکمہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی تمام خدمات مکمل طور پر مفت ہیں۔ ان خدمات میں معذوری سرٹیفکیٹ کا اجراء، پرانے معذوری سرٹیفکیٹ کی ڈیجیٹائزیشن، ہمت کارڈ کے اجرا کے لیے درخواست، اجتماعی شادیوں کے پروگرام میں اندراج، اور معذور افراد کے لیے معاون آلات کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سہولیات کے لیے کسی قسم کی فیس، چارجز یا رقم وصول نہیں کی جاتی۔
دفتر میں آنے والے تمام افراد کو یہ سہولیات ترجیحی بنیادوں پر اور بروقت فراہم کی جاتی ہیں تاکہ درخواست دہندگان کو غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ زریاب فاطمہ نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی اولین ترجیح ہے کہ معذور افراد اور مستحقین کو سہولت فراہم کی جائے اور وہ بلا رکاوٹ ان سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو یہ بھی آگاہ کیا جاتا ہے کہ اگر کوئی شخص یا دفتر کا عملہ ان خدمات کے حصول یا درخواست جمع کروانے کے لیے آپ سے کسی قسم کی رقم، رشوت یا نذرانہ طلب کرے تو یہ غیر قانونی اور قابل گرفت عمل ہے۔ ایسی صورت میں براہِ کرم اس کے خلاف تحریری شکایت بمعہ ثبوت اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، نورپور تھل کے دفتر میں جمع کروائیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ پریس ریلیز کے مطابق مزید یہ بھی مطلع کیا جاتا ہے کہ اگر آپ اپنی درخواستیں قریبی فوٹو اسٹیٹ شاپس یا کسی غیر متعلقہ فرد کے ذریعے جمع کرواتے ہیں تو کسی بھی قسم کی خردبرد، رقم کے ضیاع یا غلط معلومات کی ذمہ داری محکمہ سماجی بہبود پر عائد نہیں ہوگی۔ براہِ کرم ہمیشہ اپنی درخواستیں براہِ راست دفتر میں جمع کروائیں تاکہ شفافیت اور درست کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ سہولیات آپ کا بنیادی حق ہیں اور ان کے لیے کسی کو بھی رقم دینا نہ تو ضروری ہے اور نہ ہی جائز۔ میڈم زریاب فاطمہ کے مطابق
یہ بھی یاد رکھیں کہ محکمہ کی جانب سے آپ سے کسی قسم کی ذاتی معلومات طلب کرنے کے لیے کسی غیر سرکاری نمبر سے رابطہ نہیں کیا جاتا۔ براہِ کرم صرف درج ذیل سرکاری نمبر سے آنے والی کالز ہی اٹینڈ کریں اور کسی دوسرے نمبر سے آنے والی کال پر ذاتی معلومات یا کاغذات فراہم نہ کریں۔دفتر کے اوقات کار:
پیر تا ہفتہ: صبح 9 بجے تا شام 4 بجے اور
رابطہ نمبر: یہ ہے
0454-850529 جوصرف دفتری اوقات میں فعال ہوتا ہے