November 17, 2026

🌐پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے دوران ہتھیار ڈالنے والے کالعدم تنظیم ٹی ٹی جی سے تعلق رکھنے والے

Screenshot_2025-09-10_191429

🌐پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے دوران ہتھیار ڈالنے والے کالعدم تنظیم ٹی ٹی جی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد عبدالصمد کے تہلکہ خیز اعترافی بیانات سامنے آئے ہیں۔ عبدالصمد نے انکشاف کیا کہ وہ ساڑھے چار سال افغانستان میں رہا، جہاں اس نے کلاشنکوف چلانے کی تربیت حاصل کی۔ بعدازاں وہ منظر ہیل پہنچا اور گل بہادر گروپ کے کمانڈر صادق کے ساتھ تین ماہ تک رہا، پھر زنگوٹی خرسین منتقل ہوا اور کمانڈر اسد ملا کے گروہ میں شامل ہو گیا۔

اس نے بتایا کہ زنگوٹی کی مینار والی مسجد میں اسد ملا فوج کو مرتد قرار دے کر آئی ڈییز، بارودی سرنگیں اور ڈرون بم تیار کرواتا تھا۔ مسجد میں بم سازی کے دوران فحش ویڈیوز چلائی جاتیں اور گانوں کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ اس کے مطابق اسد ملا نے کم عمر بچوں کو بھی اپنے ساتھ رکھا اور انہیں ناجائز مقاصد کے لیے استعمال کیا، جبکہ مساجد میں بیٹھ کر لوگوں کو فوج کے خلاف اکساتا اور بارودی مواد کے استعمال کی ہدایات دیتا تھا۔

عبدالصمد نے کہا کہ جب اس نے ان گروہوں کی سرگرمیاں قریب سے دیکھیں تو اسے اندازہ ہوا کہ یہ عناصر کافروں سے بھی بدتر رویہ رکھتے ہیں۔ اس نے فتنۂ خوارج کے دہشت گردوں پر قرآن کی بے حرمتی، بچوں سے زیادتی اور مساجد کی توہین جیسے سنگین الزامات بھی عائد کیے۔

اس نے مزید انکشاف کیا کہ زنگوٹی کی مساجد خوارج کے گڑھ کے طور پر استعمال ہو رہی تھیں، جہاں مخصوص گاؤں کی مساجد مثلاً دین اکبر، مرزا خان اور لاؤد خیل میں ان کے ارکان منظم انداز میں موجود تھے۔ مینار والی مسجد میں کمانڈر اسد ملا کے ساتھ تقریباً 15 دہشت گرد سرگرم تھے، جو علاقے کی کئی مساجد پر اثر و رسوخ رکھتے تھے۔

عبدالصمد کا کہنا تھا کہ اس نے پانچ سال طالبان کے ساتھ گزارے، لیکن صرف پانچ دن فوج کے ساتھ رہنے کے بعد اس نے فوج کی درست پالیسی اور طالبان کے رویے میں واضح فرق دیکھا۔ اس نے عوام کو پیغام دیا کہ اپنے بچوں کو ان دہشت گرد عناصر سے دور رکھیں اور پاک فوج کے ساتھ تعاون کریں۔

ان اعترافات کے نتیجے میں اسلام کے نام پر دہشت اور فساد پھیلانے والے خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا ہے اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔