پیغام پاکستان پروگرام کی لائیو نشریات جاری تھیں، ڈاکٹر محمد حماد لکھوی صاحب مہمان اور یہ عاجز میزبان تھا، ادھر جلال پور پیر والا سے نعیم ناصف صاحب لائن پر آ چکے تھے
پیغام پاکستان پروگرام کی لائیو نشریات جاری تھیں، ڈاکٹر محمد حماد لکھوی صاحب مہمان اور یہ عاجز میزبان تھا، ادھر جلال پور پیر والا سے نعیم ناصف صاحب لائن پر آ چکے تھے، رات آٹھ بجے کا وقت تھا اور وہ ایک کشتی میں بیٹھے تھے، یہ کشتی سارا دن سیلاب متاثرین کو ڈھوتی رہی تھی۔ ادھر کنارے پر کئی ایسی کشتیاں سستا رہی تھیں، جو دن بھر انسانوں کو موت کے خطرے سے زندگی کی طرف لاتی رہی تھیں۔ رضاکار دن بھر کی مشقت کے کپڑے اتار کے نہا دھو کر تھوڑا فریش فیل کر رہے تھے، پروگرام میں بات جاری تھی کہ یکایک نعیم ناصف صاحب نے بتایا، وہ دیکھئے کشتی الٹ گئی، بے اختیار زبانوں سے انا للہ کے الفاظ جاری ہوگئے۔ یہ ان اکا دکا کشتیوں میں سے ایک تھی جو شائد دور سے لوگوں کو لاتے ہوئے اس وقت تاخیر سے پہنچی تھی یا شائد آخری چکر لگانے شام کے بعد گئی تھی، جو اب اندھیرے میں پہنچی تھی، یہ کشتی بالکل کنارے کے قریب آ کے الٹ گئی تھی،الٹی کیسے تھی؟ کیا اسے چلانے والے اناڑی تھے؟ نہیں ایسا نہیں تھا۔ یہ ریکسیو ون ون ٹو ٹو کے منجھے ہوئے لوگ تھے،لیکن یہ کشتی شائد پانی میں ڈوب چکے کسی گھر کی دیوار سے ٹکرا کے الٹ گئی تھی۔ پانی میں کہاں کیا ہے؟ کوئی نہیں جان سکتا۔ خیرجونہی کشتی الٹی ، ہم اسے لاہور سٹوڈیوز میں بیٹھے بے بسی سے لائیو دیکھ رہے تھے،اس وقت پیغام ٹی وی واحد چینل تھا، جس پر یہ مناظر لائیو جاری تھے۔ کشتی پر کوئی بیس پچیس کے قریب لوگ سوار تھے، خواتین ،مرد ، بچے اور بچیاں۔ جب کشتی کو کنارے کے قریب ڈوبتے دیکھا تو سب سے پہلے ان مقامی لوگوں نے پانی میں چھلانگیں لگا دیں،جو بند پر موجود اپنوں کی راہ تک رہے تھے،یہاں رات کو بھی پہرے پر لوگ موجود رہتے ہیں تاکہ بند میں کہیں نقب لگے تو وہ بروقت اسے سنبھال سکیں۔اس کے بعد فلاحی جماعتوں کے کارکن بھی کود گئے۔ یہ مرکزی مسلم لیگ اور یوتھ فورس کے نوجوان تھے۔ تیسرے چھلانگیں لگانے والے ریسکیو کے لوگ تھے۔وہ شائد تھوڑا دور تھے ، بہرحال لوگ بچائے جانے لگے، اس کشتی پر ایک ہی فیملی کی تین بچیاں بھی تھیں،ننھی ننھی معصوم معصوم ، تینوں بہنیں تھیں اور ان کی سب سے چھوٹی بہن صرف بیس دن کی تھی،وہ بھی پانی میں گم ہو چکی تھی، خیر کچھ ہی دیر میں یہ لوگ بچا لئے گئے،سب سے ننھی بچی یوتھ فورس کے رضاکار کو پانی کے اندر سے ملی۔ یہ نوجوان نہیں ایک ایجڈ شخص تھے مگر اپنے کام میں مہارت کی وجہ سے انسانیت کی خدمت کرنے یہاں موجود تھے، انھوں نے بچی آگے مرکزی مسلم لیگ کے جوانوں کو تھما دی۔جو میری معلومات کے مطابق قدرتی آفات خصوصا پانیوں کے معاملات کا سب سے وسیع تجربہ اور ہمت رکھنے والے لوگ ہیں۔ بہرحال خدمت کیلئے آرام و راحت چھوڑ چھاڑ کے اجنبی جگہوں پر جا جینے والےسبھی جذبے اور ایمان والے لوگ ہیں اور اللہ سب سے کام لے رہا ہے۔ بعد میں پتہ چلا بیس دن کی بچی ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ یہ بس بیس دن کیلئے ہی آئی تھی اور اسے اس سیلاب میں ڈوب کے پھر اپنے رب کے پاس جا پہنچنا تھا،البتہ اس کی دونوں بہنیں بچ گئیں۔ الحمدللہ
یہ واقعہ ہم نے لائیو ہوتے دیکھا،پروگرام ختم ہوا اور میں گھر پہنچا تو مریم نواز نے فیس بک پوسٹ پر یہ سارا کریڈٹ ریسکیو اہلکاروں کو دے رکھا تھا، جس پر لوگ پوسٹ پر بھی حقیقت حال بتا رہے تھے، ظاہر ہے،وزیراعلی کو ایسے ہی خبر دے دی گئی ہوگی اور وزیر عوامی خبروں تک کب پہنچ پاتے ہیں۔ وہ تو بیورو کریسی کی آنکھ سے دیکھتے اور انھی کے کانوں سے سنتے ہیں، جہاں سب اچھا ہوتا ہے اور عوام اپنے حکمران کی بلائیں لے رہے ہوتے ہیں۔ خیر اگلے دن جلال پور کئی سیاستدان پہنچے اور انھی میں وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب بھی تھیں۔ ان تک درست معلومات پہنچ چکی تھیں ، چنانچہ انھوں نے یوتھ فورس کے رضا کار امیرحمزہ شاہین کو بلا کے ان کے کام اور بچی بچانے کے اس اقدام کی تحسین بھی کی۔ یہ امیر حمزہ پیغام ٹی وی میں ہمارے ساتھ ہوتے ہیں۔ شعبہ نعت کے ذمہ دار ہیں۔ اچھی آواز میں نعت پڑھتے ہیں اور خوش الحان نعت خوانوں کو پیغام ٹی وی پر مدعو کیا کرتے ہیں۔ یہاں ایسے کئی لوگ رضاکار بن کے موجود ہیں، جو کہیں کسی دفتر میں عزت و آرام کی زندگی بسر کر رہے تھے مگر جونہی ان کے بھائیوں پر آفت آئی یہ یہاں پہنچ کر دکھی انسانیت کا سہارا بن رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی محنتیں اور خدمتیں قبول فرمائے اور سیلاب زدگان پر زندگی آسان کرے، بہرحال سیلاب کی سب سے زیادہ تباہی جنوبی پنجاب میں جاری ہے۔اللہ رحم فرمائے۔
تحریر: #یوسف_سراج