جہاں علاج سفارش سے ہو وہاں موت انصاف بن جاتی ہے ۔ تحریر ۔۔۔۔۔۔ ضرار جگوال
جہاں علاج سفارش سے ہو وہاں موت انصاف بن جاتی ہے ۔
تحریر ۔۔۔۔۔۔ ضرار جگوال
یہ مظفرآباد ہے میرے محترم قارئین جسے آزاد کشمیر کا دل کہنا مناسب ہے قدرتی حسن سے بھرپور پہاڑوں میں بسی ایک روحانی زمین ہے مگر انہی پہاڑوں کے دامن میں ایک ایسی عمارت ہے جسے ہسپتال کہا جاتا ہے، مگر یہاں زندگی نہیں بس موت کا انتظار لکھا ہے سخت لہجے کے لیے معزرت خواہ ہوں اس کا نام ہے سرکاری کارڈیک ہسپتال اور یہ ہسپتال نہیں، ایک سرکاری سست روی کی قبرگاہ ہے، جہاں دل کے مریض دل تھام کر اپنی باری کے انتظار میں مر جاتے ہیں۔ETT کا ٹیسٹ ہو یا ECHO، انجیوگرافی ہو یا فوری طبی تشخیص یہاں فوری یہ سہولتیں حاصل کرنے کے لیے کسی ڈاکٹر سٹاف صاف لفظوں میں کسی تگڑے کا رشتے دار ہونا ضروری ہے۔ یہاں صرف وقت کا طنز، حکومتی وعدوں کا دھوکہ، اور غریب کی لاچار آہیں ملتی ہیں۔ ایک وقت تھا جب بڑے فخر سے سیاستدانوں نے اعلانات کیے تھے ہم مظفرآباد میں جدید ترین کارڈیک سینٹر بنائیں گے ہر مریض کو بروقت علاج ملے گا لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ مریض کو ECHO کے لیے 3 ہفتے بعد کی تاریخ ملتی ہے،ETT کے لیے 18 دن بعد بلایا جاتا ہے اور انجیوگرافی اُس کا تو ذکر ہی مت کرو کیونکہ جب مریض کی باری آتی ہے، تب تک وہ دنیا سے جا چکا ہوتا ہے۔ جانے والی عوام صرف ووٹ دینے والی بھیڑ ہے کیا انہیں اتنا بھی احساس نہیں کہ دل کا مریض وقت پر علاج نہ ملنے پر دم توڑ دیتا ہے کیا مریضوں کی موت ان کی ذمہ داری نہیں ؟ یہاں ہر سیاستدان صرف فیتہ کاٹنے آتا ہے لیکن کوئی درد نہیں بانٹتا یہاں ہر نیا منصوبہ صرف ایک فوٹو سیشن ہوتا ہے جس کے بعد وہی پرانی بوسیدہ دیواریں، وہی پرانا خستہ حال سسٹم چلو مان لیا سیاستدان جھوٹے ہیں پر ڈاکٹرز ؟ وہ کیوں خاموش ہیں؟ ایک ڈاکٹر نے حلف اٹھایا ہوتا ہے کہ وہ جان بچائے گا۔ لیکن یہ میری ریاست کا دل مظفرآباد ہے جہاں مریضوں کے دلوں کی کوئی اہمیت نہیں مریض آیا اسے کہا آپ کا ٹیسٹ اگلے ہفتے ہو گا کیونکہ ابھی رش ہے تو رش ضرور ہوتا ہے یہ رش مریضوں کا کم سٹاف اور سٹاف کے رشتے داروں کا زیادہ ہوتا ہے اور کبھی کبھار شریف آدمی وجہ پوچھ لے تو چلتی مشین کام نہیں کر رہی ہوتی مریض کا سانس پھول رہا ہے لیکن جواب آتا ہے آپ انتظار کریں ۔ یہ کون سا نظام ہے بھائی ؟ جس میں جان بچانے کے بجائے، اسے سسکنے دیا جاتا ہے ؟ یہ کون سی ڈاکٹرانہ روایت ہے، جہاں فنِ طب کو فنِ تاخیر بنا دیا گیا ہے؟ یہ صرف مشینوں کا خراب ہونا نہیں یہ انسانیت کی خرابی ہے۔ اگر میں کارڈیک میں ہونے والے واقعات لکھوں تو ایک مضمون نہیں ایک کتاب بنے گی مختصر بات یہ ہے کہ یہ واقعات نہیں یہ ایک اجتماعی مجرمانہ نظام کی چیخ ہے۔ ریاستی حکام سے سوال ہے آپ کے بجٹ کہاں جا رہے ہیں؟ آپ کی ترجیحات میں صحت کیوں آخری نمبر پر ہے ؟ مظفرآباد جیسے شہر میں آج تک مکمل فعال کارڈیک سہولت کیوں نہیں دی گئی؟ 2022 میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک سال میں انجیوگرافی، ETT، اور ECHO کی سہولتیں 24 گھنٹے دستیاب ہوں گی۔ لیکن آج 24 دن کیوں لگتے ہیں ؟ اب 2025 ہے تین سال گزر چکے ہیں ۔ کیا ابھی فنڈز نہیں آئے ؟ ابھی ٹیم تعینات نہیں ہوئی ؟ ابھی مشین خراب ہے ؟ یہ ابھی ابھی والا جھوٹ، کتنی جانیں لے گا جناب؟ آزاد کشمیر کا صحت بجٹ لاکھوں، کروڑوں روپے مختص ہوتا ہے لیکن وہ بجٹ کہاں جاتا ہے؟ کتنے انجیوگرافی مشینز خریدے گئے؟ کتنے ماہرینِ قلب تعینات ہوئے؟ کتنے نرسز کو تربیت دی گئی؟ کتنے ECG، Echo، اور treadmill machines واقعی کام کر رہے ہیں؟ آج تک سٹی کورونری اینجوگرافی کی سہولت دستیاب نہیں ہوئی فنڈ سٹی کورونری اینجوگرافی کے لیے استعمال کیوں نہیں ہوے ؟؟ کاغذوں پر منصوبے تیار ہوتے ہیں اخبارات میں خبریں چھپتی ہیں اور پھر سب غائب۔ مریض وہیں، انتظار وہی، موت ویسی ۔وزارتِ صحت کا جرم یہ ہے کہ وہ حقیقت جان کر بھی خاموش ہے۔افسرانِ بالا کا جرم یہ ہے کہ وہ فائلوں میں اچھا کام دکھا کر عوام کو لُبھاتے ہیں۔یہ خاموشی بھی جرم ہے کیونکہ اس کے بدلے میں کوئی انسان مر رہا ہے۔آئیے دل پر ہاتھ رکھ کر بات کرتے ہیں کیا مظفرآباد کے سرکاری کارڈیک ہسپتال میں تمام ڈاکٹرز ایماندار ہیں؟ کیا وہ تمام مریضوں کے ساتھ برابر سلوک کرتے ہیں؟؟ کیا وہ واقعی مریض کو ترجیح دیتے ہیں یا سفارشی پرچیوں کو؟ ان سوالات کے جوابات صرف ان کے پاس ہیں جنکے پاس نا پیسے ہیں نا سفارش ہے اور نہ ہی جان پہچان اگر کچھ ہے تو صرف مرض دل اداس چہرے خاموش زباں روتی آنکھیں بند خون کی نالیاں اور ہوتا ایسا ہے سفارش والا مریض جلدی انجیوگرافی کرا لیتا ہے۔ غریب، گاؤں سے آیا ہوا، بغیر کسی کی پہچان کے مریض، قطار میں مر جاتا ہے۔ یہ ہسپتال پہچان کا مرکز ضرور بن چکا ہے حق کا نہیں اور جب کوئی ڈاکٹر جو خود کو پروفیشنل کہتا ہے مریض سے یہ کہتا ہے جائیں آپ ہفتے بعد آنا، آج ٹیم نہیں ہے تو وہ صرف لاپرواہی نہیں کر رہا وہ قتل کر رہا ہے۔ کیونکہ جس مریض کے دل میں blockage ہو، وہ ہفتے بعد زندہ رہے گا اس کی کوئی گارنٹی نہیں۔ بیوروکریٹ صرف یہ بول کر جان چھڑا لیتے ہیں فنڈ ریلیز نہیں ہوئے ۔وزارتِ صحت کے افسران جو اسلام آباد کے اے سی آفسوں میں بیٹھ کر مظفرآباد کے مریضوں کے لیے پالیسی بنا رہے ہیں یہ سب جانتے ہیں کہ مظفرآباد کا کارڈیک ہسپتال میں نہ عملہ مکمل ہے، نہ مشینیں، نہ بجٹ صحیح استعمال ہو رہا ہے، نہ غریب مریض کا کوئی پرسان حال ہے۔ مگر پھر بھی یہ کہتے ہیں کوشش جاری ہے، ہم بہت جلد بہتری لائیں گے بہت جلد اتنی دیر سے آ رہا ہے کہ لوگ جلد ہی قبر میں جا رہے ہیں۔ مجھے فسوس بھی ہے مظفرآباد کے کئی صحافی صرف تب ہسپتال کی خبر بناتے ہیں، جب وہاں کوئی وزیر یا مشیر آتا ہے۔ کبھی کسی نے اسپتال کے باہر بیٹھے اُس مریض کا حال لکھا یا دکھایا ہو جو کہتا ہے میں 4 دن سے آ رہا ہوں، ابھی تک ٹیسٹ نہیں ہوا ۔ کبھی کسی نے ہسپتال کے اندر جا کر یہ رپورٹ بنائی کہ ETT کی مشین فٹ ہے فری ہے اور مریضوں کو دو دو ہفتے کا ٹائم دیا ہوا ہے ۔ انجیوگرافی صرف منتخب مریضوں کی ہو رہی ہے انجیو گرافی ایک ایسا ٹیسٹ ہے جس کے بغیر مریض اور ڈاکٹر کے درمیان اتنا فاصلہ ہوتا ہے جتنا سمندر پار کے پردیسیوں کا گھر والوں سے ہے ۔ اس فاصلے کو کم کرنے کے لیے ہمارے پاس کوئی اقدامات نہیں ہیں ۔ مسلہ عوام بھی ہے جو خان صاحب چوہدری صاحب راجہ صاحب سردار صاحب زندہ باد کے نعرے لگاتی ہے اور سرکاری چپراسی کولی سکیم خور گینڈے کے پائپ کے عاشق دس فٹ ٹینکوں کے شوقین اور ڈرائیور ان کا دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ ایکشن کمیٹی کے خلاف بے بنیاد باتیں بھی کرتے ہیں جب اسپتال میں ذلیل ہوتے ہیں تو جنکا دفاع کرتے ہیں وہ کالز بھی نہیں اٹھاتے۔ بے چارے جنکا کسی لنڈے کے کھڑپینچ سے کوئی واسطہ نہیں وہ صرف خاموش ہو کر چپ چاپ گھر چلے جاتے ہیں۔ یہ خاموشی ہی ظلم کی طاقت ہے۔ یہ برداشت ہی ڈاکٹروں کو لاپرواہ، بیوروکریسی کو بےحس، اور سیاستدانوں کو جھوٹا بناتی ہے۔ ہر مریض کی جان برابر ہے، چاہے وہ کسی ایم ایل اے کا رشتہ دار ہو یا مزدور اسپتال میں علاج بنیادی حق ہے، نہ کہ سرکاری احسان ہے ۔ اگر مشین خراب ہے، تو اس کا ذمہ دار کوئی نہ کوئی ہونا چاہیے۔ اگر ڈاکٹر وقت پر مریض کو نہ دیکھے، تو یہ صرف کوتاہی نہیں، قانونی جرم ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہ سب محض اتفاق ہے تو اسے معلوم ہونا چاہیے یہ اتفاق نہیں، سوچی سمجھی مجرمانہ غفلت ہے۔ وزارتِ صحت کہاں ہے؟ وہاں جہاں سالانہ رپورٹوں میں قلب سینٹر فعال لکھا جاتا ہے تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں جیسے جملے چھاپے جاتے ہیں ہر مریض کو مفت یا کم اخراجات میں سہولت کی خبریں چلتی ہیں اور حقیقت وہ جانتے ہیں جو ذلیل ہو کر آے ہیں ۔ فیصلہ وہ ہی کریں کہ قاتل کون ہے ؟ سیاستدان وہ جو ہر الیکشن میں وعدہ کرتا ہے اب کی بار جدید اسپتال بنائیں گے، دل کے مریض کو گھر میں ہی سہولت دی جائے گی لیکن 5 سال بعد صرف سڑک کے کنارے لگا ایک بورڈ ہوتا ہے ۔ سرکاری ڈاکٹر جو اپنی نوکری کو انسانیت سے جدا کر بیٹھے ہیں جن کے لیے مریض صرف نمبر ہوتا ہے جو ٹائم پر نہیں آتا پھر ECHO کو پرائیویٹ لیب بھیج دیتا ہے بیوروکریسی کے وہ افسران جو فنڈز روک لیتے ہیں جو فائل آگے نہیں بڑھاتے، جو اپنی کرسی بچانے کے لیے انسانی جان کو اہمیت نہیں دیتے۔ یا پھر ہم عوام ہم بھی قصوروار ہیں کیونکہ ہم چپ ہیں ہسپتال میں ذلیل ہو کر آ جائیں گے لیکن ظالم کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے ہم ووٹ دیتے ہیں، پھر سوال نہیں کرتے سوال صحافیوں پر چھوڑ دیتے ہیں ہم نے خود اپنے قاتلوں کو مسیحا مان لیا ہے ہونا یہ چاہیے ہر مریض کو ECHO، ETT، ECG کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوں اور اگر یہ ہی ٹیسٹ کوئی اور ڈاکٹر تجویز کرے تو بھی 24 گھنٹے یہ سہولیات فراہم کی جائیں اکثر سٹاف سے یہ سنا گیا ہے کہ یہ ٹیسٹ جلدی صرف ان مریضوں کے ہوں گے جو ایڈمنٹ ہیں یہ کہنے والے کے خلاف کاروائی ہو انجیوگرافی ہفتہ وار بنیاد پر نہیں روزانہ کی بنیاد پر ہو اور انجیوگرافی کی فیس اتنی ہی رکھی جاے جو ایک مزدور ایک دن میں کما سکے تیس سے چالیس ہزار فیس کا بندوبست کرتے کرتے میں نے کئی مریضوں کو دنیا سے رخصت ہوتے دیکھا ہے مریضوں کی فیس سرکاری شرح پر ہو لوٹ مار بند ہو شکایت درج کرنے کے لیے عوامی نمائندہ موجود ہو یہ سسٹم کل آنا یا پھر کل ایک بجے سے پہلے آنا کا ختم ہونا چاہیے زندگی کل کا انتظار نہیں کرتی نہ ہی دل اور دل کی خون کی نالیوں کو ایک یا دو ہفتے اینجوگرافی کا انتظار ہوتا ہے ۔ یاد رکھیں یہ بیماری بہت تکلیف دہ ہوتی ہے یہ نا کسی کی رشتہ داری دیکھتی ہے نا ہی ڈاکٹرز کا دیا ہوا وقت دیکھتی ہے اس لیے اسکی روک تھام اور ضروری ٹیسٹ ETT ایکو سٹی کورونری اینجوگرافی یا پھر اینجوگرافی اور اینجو پلاسٹی کی سہولت 24 گھنٹے ہونی چاہیے اس مسلے کو سنجیدگی سے لیں اگلا مریض آپ بھی ہو سکتے ہیں اور میں تو پہلے سے ہوں ۔۔