November 17, 2026

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد یونٹ اسٹیشن روڈ کے زیر اہتمام عید میلاد النبی ﷺ کی

Screenshot_2025-09-05_065653

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد یونٹ اسٹیشن روڈ کے زیر اہتمام عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے سبیل اور استقبالیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کیمپ کے انتظامات غلام یاسین پٹھان عباس سدھایو ارسلان ڈومکی عمران بابر پٹھان و دیگر مومنین نے انجام دیے۔ سبیل و استقبالیہ کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں شیعہ، سنی اکابرین اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے قافلوں کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضور سیدالانبیاء ﷺ کی ذات گرامی عالمِ بشریت کے لیے رہبر و رہنما ہے۔ آج زمین و آسمان خوش ہیں کہ سید لولاک کی آمد ہے۔ وہ جنہیں پروردگارِ عالم نے عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، رسول اللہﷺ خدا کی وہ عظیم نعمت ہیں جن کے فضائل و مناقب اور پاکیزہ اخلاق و کردار کا ذکر قرآنِ کریم، تورات، انجیل اور زبور میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر شیعہ، سنی، سب مسلمان مل کر حضور سیدالانبیاء ﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن میں شریک ہیں۔ ہم اس پر مسرت موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمان آپس میں متحد و متفق ہو کر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کا مقابلہ کریں اور قبلہ اول، مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف یکجا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایسے حالات میں عید میلاد النبی ﷺ منا رہے ہیں جب فلسطین، غزہ، یمن اور لبنان میں امت مسلمہ پر اسرائیلی ظلم و بربریت جاری ہے۔ اسرائیل اور امریکہ مقدسات اسلامی پر حملہ آور ہو چکے ہیں۔ ایسے میں امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ متحد ہو کر انسان دشمن استکباری قوتوں کا مقابلہ کرے اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی صدائے استغاثہ پر لبیک کہے۔