November 17, 2026

یومِ دفاع پاکستان: بہادری، قربانی اور عزمِ صمیم کی لازوال داستان

Screenshot_2025-09-05_065653

یومِ دفاع پاکستان: بہادری، قربانی اور عزمِ صمیم کی لازوال داستان
٦ ستمبر وہ دن ہے جو ہماری قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا۔ اس روز پاکستان کی بہادر افواج نے اپنی جرات، عزم اور قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں اچانک حملہ کر کے لاہور پر قبضے کا خواب دیکھا، مگر پاکستانی سپاہ نے اپنے خون سے وہ لکیر کھینچی کہ جسے دشمن کبھی پار نہ کر سکا۔ قوم کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع صرف ایک جغرافیائی ضرورت نہیں بلکہ ایمان، غیرت اور عزم کی بنیاد پر استوار ہے۔یومِ دفاع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک صرف قربانیوں سے قائم نہیں ہوا، بلکہ قربانیوں سے آج بھی قائم ہے۔ مادرِ وطن کے محافظوں نے نہ صرف میدانِ جنگ میں شجاعت دکھائی بلکہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور ولولے سے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی آنکھ ڈالنے والے کا انجام عبرتناک ہوگا۔یہ دن ہمیں نہ صرف ماضی کی یاد دلاتا ہے بلکہ حال اور مستقبل کے تقاضوں کی طرف بھی متوجہ کرتا ہے۔ مئی میں ملکی سرحدوں کی حفاظت کے دوران جس طرح افواجِ پاکستان نے اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ اسی روایت کا تسلسل ہے جو ٦ستمبر میں قائم ہوئی تھی۔ دشمن کے ناپاک عزائم ایک بار پھر ناکام بنے، اور دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کی افواج آج بھی اتنی ہی مضبوط، یکسو اور باحوصلہ ہیں جتنی کہ چھ دہائیاں پہلے تھیں۔ مئی کے معرکے میں سپاہیوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن کے دفاع کو یقینی بنایا اور پاکستان کی سا لمیت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے عزم کو پھر سے تازہ کر دیا۔ اور بھارت کو شکست فاش دیکر پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ۔ اور ماضی میں چند افراد کی وجہ سے پاک فوج کی ساکھ جو متاثر ہوئی تھا وہ بھی بحال ہوئی ۔ اور اگر پاک فوج ملکی سرحدوں کی جانب متوجہ رہے اور سیاسی معاملات سے لاتعلق ہو جائے تو یہ فوج مزید طاقتور بن سکتی ہے ۔یومِ دفاع صرف ایک تاریخی دن نہیں، بلکہ ایک عہد ہے کہ ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب فوج اور عوام ایک ہو جائیں تو کوئی طاقت پاکستان کے خلاف کامیاب نہیں ہو سکتی۔ آج کا پاکستان اسی جذبے کا مرہونِ منت ہے جسے ہمارے شہیدوں اور غازیوں نے اپنے خون سے روشن کیا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بطور قوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھیں اور دشمن کی سازشوں کا مل کر مقابلہ کریں۔ وطن کی حفاظت صرف سرحدوں پر موجود جوانوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ اپنی اپنی جگہ پر دیانت داری، محنت اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔آخر میں ہم اپنے شہیدوں کو خراجِ عقیدت اور اپنے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یومِ دفاع یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ایک نظریہ ہے، ایک امانت ہے اور ایک عہد ہے جس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔ افواجِ پاکستان کی بہادری ہماری بقا کی ضمانت ہے اور مئی کے کارنامے اس بات کا زندہ ثبوت ہیں کہ دشمن کے خلاف یہ قافلہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ رواں دواں ہے