نبی الرحمت ﷺ بحیثیت محسنِ انسانیت تحریر۔۔ محمد فاروق عزمی
تحریر۔۔ محمد فاروق عزمی
رابطہ
0321 4788517
farooqazmi01@gmail.com
نبی الرحمت ﷺ بحیثیت محسنِ انسانیت
زمانے میں تیرگی نے عروج پایا تھا، دنیا ظلمت کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی ۔ وہ بھی انسان ہی تھے جو اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیتے تھے۔ بت پرستی کا یہ عالم تھا کہ بے جان پتھروں کی مورتیوں پر زندہ انسانوں کو بھینٹ چڑھا دیا جاتا تھا۔ خونریزی اور توہم پرستی عام تھی۔ قبائل باہم برسرِ پیکار تھے۔ معمولی رنجش صدیوں کی دشمنی میں بدل جاتی تھی ، شراب نوشی روز و شب کا معمول ، رشتوں کا تقدس محال ، اولاد کو رزق کی تنگی کے خوف سے قتل کر دیا جاتا لڑکیوں کو زندہ دفن کرنا عربوں میں عام تھا۔ اندھیروں کا راج تھا، کعبے کا برہنہ طواف، بے حیائی اور فحاشی عام سی بات تھی۔ نہ کوئی حکومت نہ کوئی قانون نہ کوئی ضابطۂ اخلاق۔
ایسے میں اللہ رب العزت نے بنی نوع انسان کی حالتِ زار پر رحم فرمایا اور اسے نور کی کرنوں سے نواز دیا ۔ نبی آخر الزماں، احمد مجتبیٰ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو عرب کے ریگستانوں میں مبعوث فرمایا اور نبیِ رحمت ﷺ محسنِ انسانیت بن کر دنیا میں تشریف لے آئے ۔گلیاں اور بازار سج گئے، آج چہار سو چہل پہل ہے، عاشقوں کا ہجوم ہے درود و سلام کی عطر بیز صدائیں سماعتوں میں رس گھولتی ہیں ، فضائیں معطر و منور ہیں، مساجد بقعہ نور بنی ہوئیں ہیں۔ ایسی رونقیں ایسی راحتیں کہ دل اپنے رب کے حضور سجدہ ریز ہے ۔ یہ رونقیں یہ چہل پہل صرف زمین پر ہی نہیں آسمانوں پر بھی آقائے دو جہاں محسنِ کائنات رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشنِ ولادت نے عید کا سماں پیدا کر دیا ہے ۔ نوری مخلوق شاداں و فرحاں ہے ۔ربِ کائنات اپنے محبوب پر درود و سلام بھیج رہا ہے ۔آج ارض و سما خوشی سے جھوم رہے ہیں، رنگ و نور کی برسات ہے۔ آفتاب کی چمک میں نا معلوم سا حسن و نکھار رچ بس گیا ہے ۔ کلیاں چٹک چٹک کر کِھل اٹھی ہیں شبنم نے گلابوں کو غسل دیا ہے۔ سبزہ وگل کی لہلہاتی شاخوں میں عجب مستی و سرور ہے ۔ یوں لگتا ہے جیسے ساری کائنات مسکرا اٹھی ہے طوطیانِ خوش نوا گنگنا رہی ہیں۔ آبشاریں جلترنگ بجا رہی ہیں۔ قمریوں کا شوقِ حمد وثناء دیدنی ہے۔ پرندوں کے قہقہے، چڑیوں کے چہچہے ، دریاؤں کی روانی ، ستاروں کی تابانی پتوں کی کھڑکھڑاہٹ ، ہواؤں کی سرسراہٹ سب ادب کے سانچے میں ڈھل گئے ہیں ۔ اللہ کی جانب سے تحیۃ و سلام کی گھٹائیں آپ ﷺ پر امڈتی چلی آتی ہیں ۔ مالک حقیقی ہرلمحہ ہر آن آپ ﷺ پر صلوۃ و سلام کی مہکارئیں نچھاور کرتا ہے اور اپنے بندوں سے بھی فرماتا ہے۔
” بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبی ﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہیں لہذا اے ایمان والو تم بھی ان ( ﷺ ) پر درود اور خوب سلام بھیجو۔
( سورۃ احزاب (56)
محسن انسانیت میرے آقا ﷺ نے ہمیں زندگی کا سلیقہ سکھایا اور جاہلیت اور ظلمت کدہ دہر میں جب مشرق و مغرب گرفتارِ بلا تھے ایک آواز لحنِ داؤدی بن کر صحرائے عرب میں گونجی ، کفر و شرک کے لامتناہی اندھیروں میں نورِ رسالت ایسا چمکا کہ کائنات کا ذرہ ذرہ روشن ہو گیا۔ آپ ﷺ کی لائی ہوئی شریعت اور بتائی ہوئی ہدایت نے انسانوں کو سکھایا کہ خدا اور بندے کا رشتہ کیسا ہونا چاہیے اور زندگی کن اصولوں پر گزارنی چاہیے۔ آپ رحمۃُ اللعالمین بن کر تشریف لائے اور سارے جہانوں کے لیے سراپا رحمت بن کر ظلمت کدہ دہر میں چھا گئے۔
اتر کر حرا سے سوئے قوم آیا
اور اک نسخہ کیمیا ساتھ لایا
آپ ﷺ کی سیرت پاک ایک ایسے مدرسے میں ڈھل گئی جس سے ہر فرد ہر معاشرہ ہر دور یکساں فیض حاصل کر سکتا ہے ۔ یہ آپ ﷺ کا بلند کردار اور اخلاق تھا جس نے معجزانہ طور پر عرب کے ریگستانوں میں بہار کا سا سماں پیدا کر دیا۔ اسلام نہ صرف عرب کے صحراؤں میں پھیلا بلکہ اکنافِ عالم میں شاخِ گل رنگ کی طرح لہلہاتا چلا گیا ۔ آپ ﷺ نے زندگی کے ہر ہر پہلو پر ضابطہ حیات اور ضابطہ اخلاق بیان فرمایا ، سونا ، جاگنا، کھانا پینا ، ہسنا ، بولنا، اندازِ گفتگو اہل خانہ سے ، عزیز و اقارب سے برتاؤ ، آدابِ نشست و برخاست، بچوں سے شفقت ، بڑوں کا ادب ، کاروبارِ حیات ، لین دین کے اصول ، آدابِ مجلس، اصولِ تجارت ، والدین کے حقوق، کمزوروں اور ضعیفوں پر مہربانی ، قیدیوں سے برتاؤ ، معاشرتی آداب ، ازدواجی زندگی کے طور طریقے ، الغرض حیات انسانی کا کون سا ایسا پہلو تھا جس سے متعلق رہبر کائنات معلم انسانیت ، صاحب نسخۂ کیمیا میرے آقا و مولا ﷺ نے مکمل ضابطہ حیات اور ضابطہ اخلاق بیان نہ فرمایا ہو۔
آپ ﷺ نے 632 عیسویں میں خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر جو آخری خطبہ ارشاد فرمایا اسے انسانی حقوق کے حوالے سے مستند ترین اور سب سے پہلی دستاویز سمجھا جاتا ہے۔ یہی وہ پہلا منشور تھا جس کی بنیاد حقوق العباد پر رکھی گئی ۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
” تمام انسان برابر ہیں، کسی کو نسل، ذات اور خاندان کی بنیاد پرکسی دوسرے پر برتری حاصل نہیں ہے اور نہ ہی کسی عربی کو عجمی پر اور نہ ہی کسی گورے کو کالے پر کوئی برتری حاصل ہے۔”
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی منشور کی بنیاد اسی خطبہ حجتہ الوداع سے اٹھائی گئی ہے ۔ دنیا میں انسانی حقوق کے حوالے سے سب سے پہلے اسلام نے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی ۔ پیغمبر آخرالزماں ﷺ نے خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر جو خطبہ ارشاد فرمایا یہ خطبہ انسانی حقوق کا سب
سے پہلا بین الاقوامی ” “چارٹر ” تھا اگر اس پر عمل کر لیا جاتا تو دنیا آج جس انتشار اور افراتفری کا شکار ہے، اس سے بچ سکتی تھی ۔ صرف میرے آقا ﷺ کا لایا ہوا منشور ہی بنی نوع انسان کے بنیادی حقوق کی پاسداری کرتا ہے اور بلا تفریقِ رنگ و نسل اور مذہب انہیں برابری کی آنکھ سے دیکھتا ہے کیونکہ آپ ﷺ دنیا کے ہر خطے، ہر رنگ نسل، زبان، قبیلے، گروہ، مذہب اور قوم کے انسانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے ۔ آپ کی ذات بابرکات پر بے شمار درود و سلام ۔ آپ ﷺ نے اپنے حلم ، بردباری اور اپنے بے پایاں صبر و برداشت اور شفقت و رحمت سے دنیا کو امن کا خطہ بنا دیا۔ آپ ﷺ کی تعلیمات عالیہ اور لائے ہوئے نظام میں دنیا کی فلاح و بہبود پوشیدہ ہے۔ اس پر چل کر اور منشورِ محسن انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا تباہی سے بچ سکتی ہے لاریب آپ ﷺ کا اسوۂ حسنہ دنیا بھر کے انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے ۔ آج دنیا کی جو متمدن اور مہذب قومیں ہیں وہ سب کی سب رسول اللہ ﷺ کی زندگی ہی سے سبق لے رہی ہیں کیونکہ میرے آقا کریم نبی الرحمت ﷺ ہی سب سے بڑے محسن انسانیت ہیں ۔