*تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ فیز ٹو: کمشنر مکران کی زیر صدارت اہم اجلاس۔*
*تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ فیز ٹو: کمشنر مکران کی زیر صدارت اہم اجلاس۔*
*تربت . کمشنر مکران قادر بخش پرکانی کی صدارت میں تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ (ٹی سی ڈی پی) فیز ٹو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔*
*اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ خالد حسین، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹی سی ڈی پی بہرام گچکی، پروجیکٹ انجینئرز قاسم گچکی اور یاسر تحسین گورگیج، تعمیراتی کنسلٹنٹ گروپ کے نمائندے اور دیگر حکام شریک ہوئے۔*
*ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر بہرام گچکی نے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف اسکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی افسر یا اہلکار کو دورانِ کام کسی دشواری کا سامنا ہو تو وہ براہِ راست ان سے رجوع کرے۔*
*کمشنر مکران نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہے تاکہ ان کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔*
*واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ فیز ٹو 6 ارب 62 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے، جس میں صحت، تعلیم، شاہراہوں کی تعمیر، انفراسٹرکچر، سیوریج سسٹم اور پینے کے پانی کے منصوبے شامل ہیں۔*
*عوامی حلقوں کو توقع ہے کہ اس میگا پروجیکٹ کی تکمیل سے تربت شہر کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔*