November 17, 2026

*ٹھونگیں مارنے والا مرغا* ایک اللہ والے کی محفل میں ایک شخص حاضر ہوا۔ چہرے پر فخر کی جھلک اور لہجے میں تفاخر تھا۔ اس نے بڑے غرور سے کہا:

IMG-20250823-WA0296(2)

*ٹھونگیں مارنے والا مرغا*

ایک اللہ والے کی محفل میں ایک شخص حاضر ہوا۔ چہرے پر فخر کی جھلک اور لہجے میں تفاخر تھا۔ اس نے بڑے غرور سے کہا:
“اللہ کے کرم سے میرے پاس سب کچھ ہے۔
مال و دولت ہے، گاڑیاں ہیں، بینک بیلنس ہے۔ میرے بچے اعلیٰ تعلیم پا رہے ہیں، لوگ عزت دیتے ہیں، شہرت بھی حاصل ہے اور دل کو سکون بھی نصیب ہے۔”
بزرگ نے خاموشی سے سنا، پھر مسکرا کر فرمایا:
“بیٹا! یہ سب اس لیے ہے کہ تُو نے اللہ کے بندوں کو ٹھونگیں مارنا چھوڑ دیا ہے۔”
وہ شخص حیران ہوا:
“حضور! یہ کیسا اشارہ ہے؟”
بزرگ نے آہستہ سے کہا:
“میری ماں کے پاس ایک اصیل ککڑ ( مرغا) تھا۔ بڑی محبت سے اُسے رزق دیتی تھیں۔ مُٹھی بھر کے دانہ اس کے سامنے رکھتیں اور وہ آرام سے چونچ مار کر پیٹ بھرتا اور پھر مستی میں مگن ہو جاتا۔
ایک دن ماں نے حسبِ عادت دانہ آگے کیا، مگر ککڑ نے بجائے شکریہ کے اُن کے ہاتھ پر ٹھونگ مار دی۔
ہاتھ میں درد ہوا، ماں نے جھٹکے سے ہاتھ ہلایا اور دانے سارے صحن میں بکھر گئے۔ وہ دکھ سے ہاتھ سہلاتی اندر چلی گئیں۔
اب وہی مرغا جو ایک جگہ کھڑا سکون سے رزق پا لیتا تھا، مارا مارا پورے صحن میں بھاگنے لگا۔
کبھی دائیں، کبھی بائیں، کبھی شمال، کبھی جنوب۔ سارا دن بھاگ بھاگ کر تھک گیا مگر پیٹ بھر نہ پایا۔”
بزرگ نے توقف کیا اور پوچھا:
“بتا بیٹا، اُس مرغے کی یہ حالت کیوں بنی؟”
وہ شخص بولا:
“اگر وہ ماں کے ہاتھ پر ٹھونگ نہ مارتا تو یوں ذلیل نہ ہوتا۔”
بزرگ کی آنکھوں میں نور کی چمک آ گئی۔ فرمایا:
“بالکل درست! جو بندہ اللہ کے بندوں کو حسد، بدگمانی، تکبر، غیبت اور برتری کی ٹھونگیں مارتا ہے، اللہ اُس کے رزق کو بکھیر دیتا ہے۔
پھر وہ ساری زندگی بھاگ بھاگ کر تھکتا ہے، مگر آسودگی نہیں پاتا۔ اور جو دوسروں کو اذیت دینا چھوڑ دے، ان سے محبت کرے، ان کے قصور معاف کرے، ان سے مسکرا کے بات کرے… اُس کے لیے اللہ رزق اور سکون کے دروازے کھول دیتا ہے۔”
یہ کہتے کہتے بزرگ کی آواز لرز گئی۔ ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ وہ بولے:
“یاد رکھو! اصل راحت اسی میں ہے کہ بندوں سے محبت کرو اور شکر کے آنسو بہاؤ۔ ایسا کرنے والا کبھی مفلس نہیں ہوتا، بلکہ اُس کی کامیابی ابدی ہو جاتی ہے۔”
یہ کہہ کر بزرگ اُٹھے اور دروازے کی طرف چل دیے۔
محفل میں سکوت چھا گیا، اور وہ شخص جو فخر سے آیا تھا، اشکبار آنکھوں کے ساتھ دل ہی دل میں شکر ادا کر رہا تھا کہ اُسے کامیابی اور سکون کا اصل راز معلوم ہو گیا۔

اس میں سبق یہ ہے کہ اللہ کے بندوں کے دلوں کو زخمی کرنا دراصل اپنے رزق اور سکون کو بکھیر دینا ہے، اور ان کے دل جیت لینا سب سے بڑی دولت ہے۔
جو شخص بندوں سے محبت کرتا ہے، اُن کی لغزشوں کو معاف کرتا ہے، ان کے ساتھ خیرخواہی اور نرمی سے پیش آتا ہے، اُس کے لیے دنیا بھی آسان ہو جاتی ہے اور آخرت بھی۔
اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم دوسروں کے لیے آسانی کا سبب بنیں، محبت کے بیج بوئیں اور شکر کے آنسوؤں سے اپنے دلوں کو پاک کریں۔
اسی میں کامیابی ہے، اسی میں سکون ہے، اور اسی میں ابدی نجات۔