November 17, 2026

عنوان. بدگمانی کے کالے بیج تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور

Screenshot_2025-08-23_065051

عنوان. بدگمانی کے کالے بیج
تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
بدگمانی کے بیج کالے تھے
لوگ اپنے تھے، دیکھے بھالے تھے
نفسانفسی کی وبا جوبن پہ
راتوں میں روشنی بھی کم کم تھی
دن کو بھی ماتمی لبادے تھے
زنگ کی تہہ بہت زیادہ تھی
برچھیاں تیز، بہت بھالے تھے
لفظوں کے تیر، تیز تھے پونم
چاہتوں کو بھی جاں کے لالے تھے
کبھی کبھی بدگمانی کی عینک ہٹا کے دیکھیے گا، کالے رنگ کا غبار ایک دم ہی چھٹ جاے گا،اور جب بد گمانی کے کالے بادل چھٹ جایں گے، تو منظر ایک دم شفاف ہو جاے گا، کوی بد گمانی نہیں رہے گی، کوی ملال نہیں رہے گی، زمانے میں چہار سو محبت کے شادیانے بچ اٹھیں گے،دل میں ویسی ہی پاکیزہ گھنٹیاں بج اٹھیں گی، جیسے مندروں میں عبادت سے پہلی، یا درگاہوں میں ہر آنے والا اپنی اپنی مراد پوری ہونے پہ اپنے دل میں بجتے ہوے محسوس کرتا ہے، اب یہ گھنٹی کا بجنا بھی ناں کتنا پیارا احساس، کتنا گداز لمحہ اور کتنا خوبصورت لمحہ ہے، جب پورے تیس یا چالیس منٹ کی بورنگ، دماغ کو تھکا دینے والی مشکل پڑھائی، اور اعصاب پہ ہتھوڑے کی طرح پڑنے والی الجبرے، ریاضی کے
مشکل سوالات اور ان کو حل کرنے کے ایک سو ایک طریقے اور اساتذۂ کرام کی اپنی نہ سمجھ میں آنے والی کوششیں اور ان کوششوں کو نہ سمجھ کے مزید الجھ جانے والے کند ذہن سٹوڈنٹس، تو سوچیے کہ ایسے میں گھنٹی کا بجنا کتنے لوگوں کے لیے نغمہ حیات بن جاتا ہو گا ناں؟
تو زندگی کی کٹھنایوں کے پہاڑ میں یہ جو گھنٹیاں اللہ پاک نے ہماری نصیب کی رکھی ہیں، انھیں نعمت خداوندی سمجھ کے ان سے لطف اندوز ہونا سیکھیے، آپ کی زندگیوں میں نغماتی حسن اور ترو تازگی بڑھ جاے گی. لیکن ایمانداری سے سوچ کے بتائیے گا کہ ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو نغماتی حسن، دلکشی، تروتازگی اور امن و سکون جیسی بیش بہا نعمتوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں زیادہ تر کو تو اللہ پاک کی عطا کردہ نعمتوں کی نہ کچھ قدر ہوتی ہے اور نہ کچھ خاص حاجت، ان کے لیے بھلے دن کا اجالا ہو یا رات کا اندھیرا، دونوں ایک جیسے ہوتے ہیں. میں ایسے تمام لوگوں کے لیے بس اتنا ہی کہہ سکتی ہوں کہ وہ بیچارے ہوتے ہیں، نہ انھیں ساون کے جھولے مزہ دیتے ہیں نہ گلابی جاڑوں کی دھوپ
میسر دھوپ ہو سرما کی دلبر
نشیلی رت کی اک برکھا بہت ہے
تمہارے ہجر میں روی ہے پایل
دل بے کل ،صنم بھٹکا بہت ہے
تو زندگی وہی جیتے ہیں جو اس کے ہر پل سے خوشیاں کشیدتے اور مزے لیتے ہیں، باقی عوام ہوی جلنے، کلسنے والی عوام، جن کا کام ہی رونا دھونا اور ناشکرا پن ہے، اور مزے کی بات تو یہ ہے کہ ہم اس ناشکرے پن سے کوسوں دور ہیں، الحمدللہ.
سوکھی روٹی پیاز اور اچار کے ساتھ کھانے والے دل کے کتنے امیر ہوتے ہیں، کوی کیا جانے؟؟؟، ان کی امارت ان کا صبر و شکر اور تقویٰ کے لبادے میں پورا ایمان ہوتا ہے، اب یہ ایمان عطا ہے، ایک آسمانی تحفہ ہے جو اہل لوگوں کو عطا ہوتا ہے.
خدیجہ ربانی نے زندگی بڑی آن، شان اور مان کے ساتھ گزار دی تھی، اب کچھ ایسا بھی نہ تھا کہ اس کے گھر دولت کی ریل پیل تھی یا وہ کسی ریاست کی مہارانی تھی، نچلے متوسط طبقے کی ایک معمولی شکل و صورت کی عام سی عورت، جس کی روزی روٹی ہی اس وقت چلتی تھی، جب گھر کے سارے نفوس کسی نہ کسی طرح اپنے ہاتھ پاؤں ہلا کر کچھ نہ کچھ کما کے دستر خوان کی چوکی چولہے میں کسی نہ کسی طرح اپنا حصہ ڈالتے، لہذا گھر میں کل چھ نفوس بھلے عمر کی جس بھی منزل پہ تھے، کسی نہ کسی طرح سے اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے میں لگے ہی ہوے تھے، بیٹیوں نے گھر میں بیٹھے بیٹھے ہی سلای مشین کی ذمہ داری سنبھال رکھی تھی، تو بیٹے، سکول، کالج سے واپسی پہ ڈلیوری بواے، یا سیلز مینی کر کے مہینے کی پہلی کو اپنی ماں کی جیب میں ڈال دیتے تھے کہ انھیں اپنی ماں کے خلوص اور محبت میں کچھ شبہ نہ تھا، تو یہ وہ خاندان تھا جنہیں رب کاینات نے دنیا ہی میں جنت عطا کر دی تھی، اور اسی خاندان سے چند قدم کے فاصلے پہ ملک رب نواز کی اونچی حویلی کی شان ہی نرالی تھی، بے تحاشا زمین، جاییداد، دولت، بینک بیلنس، بھی اس خاندان کی ازلی بھوک کا منہ بھرنے سے قاصر تھا، نہ بڑوں کا احترام نہ چھوٹوں کو لگام، ہر کوی اپنا اپنا رانجھا راضی کرتے ہوے اپنوں سے خواہ مخواہ ہی بیگانوں والا سلوک کر ہی جاتا تھا، اور سچ تو یہ ہے کہ اپنی غربت کے باوجود جہاں خدیجہ کا کنبہ پورے گاوں میں وجہ اعتبار اور احترام تھا، وہیں پہ ملکوں کا ٹبر اپنی زوال پذیر اخلاقی قدروں کی وجہ سے تضحیک کا نشانہ بنا ہی رہتا تھا، گھر کے بڑے بوڑھے، اولڈ ہومز میں، جوان ہوسٹلوں میں اور حویلی میں عیش کرنے کے لیے ملازمین کا جتھا، خیر جیسے تیسے بھی تھا، ملکوں کی ریاست کا نظام چل ہی رہا تھا، کہ ملکوں کے چھوٹے لڑکے نے ساتھ والے گاؤں کی لڑکی کو بھگا لیا، اب تو ملکوں کے اصل میں برے دیہاڑے شروع ہو گیے، اندرونی خانہ جنگی کے ساتھ ساتھ بیرونی حملوں نے ملکوں کو تخت نشیں سے خاک نشیں کر دیا، اور سچ تو یہ ہے کہ بدگمانی کے کالے بیج جہاں جہاں بھی اگتے ہیں، ہستیاں اور بستیاں ایسے ہی زوال کا شکار ہو جاتی ہیں. اللہ تعالیٰ آپ اور ہم سب کے دلوں کو بدگمانی کے کالے بیجوں سے پناہ میں رکھے آمین ثم آمین
ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
punnam. naureen1@cloud.com