یوم آزادی اور پاکستان کے معروضی حالات تحریر – محمد فاروق عزمی
تحریر – محمد فاروق عزمی
رابطہ ۔ 4788517 0321
ای میل
farooqazmi01@gmail.com
یوم آزادی اور پاکستان کے معروضی حالات
14، اگست کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم اور مقدس دن ہے۔ جب 1947 ء میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی ولولہ انگریز قیادت میں اپنی قربانیوں ، جدوجہد اور ایمان و اتحاد کے جذبے سے ایک آزاد مملکت حاصل کی ۔ جس کا نام پاکستان رکھا ۔ یہ دن ہمیں نہ صرف آزادی کی قدر کا احساس دلاتا ہے، بلکہ ہمیں اپنے قومی کردار اور موجودہ صورتِ حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کرنے کی دعوت دیتا ہے
پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی تقسیم یا زمینی خطے کے حصول کا نتیجہ نہیں تھا، بلکہ یہ ایک نظریاتی ریاست کی تشکیل تھی ۔ ایک ایسی ریاست جو اسلام کے اصولوں پر مبنی ہو۔ جہاں مسلمان آزادی کے ساتھ اپنے دین ، ثقافت اور تشخص کے مطابق زندگی گزار سکیں ۔ برصغیر کے مسلمان ایک کثیر تعداد کی قوم ہونے کے باوجود سیاسی و معاشی طور پر پسماندہ تھے۔ مسلم لیگ ، علامہ اقبال کے افکار اور قائد اعظم کی بے داغ قیادت نے انہیں ایک جھنڈے تلے جمع کیا، اور بلآخر 14 اگست 1947ء کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
آج آزادی کے 78 برس بعد 2025 میں جب ہم یوم آزادی منانے جا رہے ہیں، تو یہ ضروری ہے کہ ہم موجودہ معروضی حالات کا غیر جانبدارانہ تجزیہ کریں ۔ کیا ہم اس پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں یا اس پاکستان میں رہ رہے ہیں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا ۔ کیا ہم نے پاکستان کی تعمیر کے لیے وہ کردار ادا کیا جو حضرت قائد اعظم محمد علی جناح چاہتے تھے۔کیا ہم نے اپنے اسلاف کی قربانیوں کا حق ادا کر دیا ؟ ۔ اگر اس کا جواب اثبات میں ہے تو پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو۔ اور اگر جواب نفی میں ہے تو پھر ہمیں یوم آزادی منانے کا حق نہیں ۔
پاکستان کی سب سے بڑی بد قسمتی مسلسل سیاسی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورت حال رہی ہے ۔ جمہوری نظام بار بار تعطل کا شکار ہوا ۔ منتخب حکومتیں کبھی آئینی مدت پوری نہ کر سکیں ۔ آج بھی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔ عدم برداشت کا رویہ عروج پر ہے۔ ریاستی اداروں کے درمیان تناؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ بے چینی اور بے یقینی کی صورت حال نہ صرف ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے بلکہ قومی وحدت اور سالمیت کے لیے خطرناک بھی ہے۔
ملک کو در پیش بدترین معاشی حالات نے عوام کی زندگی کو مشکل سے مشکل تر بنا دیا ہے۔ مہنگائی ، بے روز گاری ، کرپشن، اقربا پروری، دہشت گردی ، صوبائی تعصب اور قرضوں کے بوجھ نے ایک عام پاکستانی کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔ معیشت کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ جس کے لیے حکومت کے پاس کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں۔ معیشت کی ترقی کے لیے جن اصلاحات کا ہونا ضروری ہے۔ اس کا فقدان حکومتی پالیسیوں میں نمایاں نظر آتا ہے ۔
عدلیہ پر عوامی اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے ۔ عدالتوں میں انصاف بکتا ہے۔ انصاف کی فراہمی میں تاخیر، طبقاتی تفریق اور قانون کے یکساں عدم اطلاق نے نظام عدل کو بے اثر کر دیا ہے ۔ حقیقی آزادی اور اس کےثمرات تبھی حاصل ہو سکتے۔ ہیں جب ہر شہری کو قانون کے تحت برابر تحفظ اور حقوق حاصل ہوں ۔ اور عدلیہ حکومتی دباؤ سے مکمل آزاد اور غیر جانبدار ہو۔
تعلیم جو کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے ۔ پاکستان میں آج تک کسی بھی حکومت کی ترجیح نہیں بن سکی۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالتِ زار، نصاب کی غیر مربوطیت اور نجی شعبے کی کاروباری سوچ اور مہنگی تعلیم بھاری فیسوں اور مہنگے تعلیمی لوازمات ( نصاب وغیرہ) نے غریب اور متوسط طبقے کو علم سے دور کر دیا ہے ۔ نوجوان طبقہ بے سمت چل رہا ہے ۔ جس کی توانائیاں درست راہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہو رہی ہیں ۔
پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے ۔ ہماری وحدت کلمہ طیبہ کی بنیاد پر تھی ۔ لیکن بدقسمتی سے مذہبی ہم آہنگی کے فقدان اور سماجی تقسیم نے فرقہ واریت اور عدم برداشت کے رجحان کو پروان چڑھایا جس سے وطن عزیز میں امن و امان کے مسائل پیدا ہوتے رہے ۔ مذہب کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جانے لگا ۔ ایک متحد ، پُر امن اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک تمام شہریوں کو مساوی حقوق نہ دئیے جائیں اور فرقہ واریت اور عدم برداشت کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے ۔
صحت کے شعبے میں ، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں فوری اصلاحات کی اشدضرورت ہے ۔ پاکستان میں صحت اور پولیس کے شعبے عوامی فلاح و بہبود کے بنیادی ستون سمجھے جاتے ہیں ۔ ان میں کئی عشروں سے سنجیدہ اصلاحات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔ ہر آنے والی حکومت ان دونوں شعبوں میں فوری اصلاحات کا وعدہ کرتی ہے لیکن اقتدار کے سنگھاس پر براجمان ہونے کے بعد یہ اصلاحات کسی بھی حکومت کی ترجیح نہیں رہتی۔ دیہی علاقوں میں صحت کے بنیادی مراکز کو فعال بنانے ، ڈاکٹر اور نرسز کی حاضری کو یقینی بنانے، ادویات کی فراہمی اور اس کی خرید و فروخت میں کرپشن کا خاتمہ ، میڈیکل کالجز اور یونی ورسٹیوں میں میرٹ پر داخلوں اور امتخانات میں شفافیت ، شعبہ صحت میں معیار کو بلند کرنے میں مدد گار ہو سکتا ہے ۔
پولیس کو مکمل غیر سیاسی اور خود مختار لیکن ایماندار ہونا چاہیے ۔ پولیس کی بھرتیاں ، ترقی تبادلے ہمیشہ میرٹ پر ہوں اور سیاسی مداخلت ختم ہونی چاہیے۔ پولیس کی اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت کا بندو بست ہونا چاہیے۔ پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں، رہائش اور سہولیات بہتر کی جائیں تاکہ کرپشن کی حوصلہ شکنی ہو ۔
یوم آزادی محض ایک جشن نہیں بلکہ خود احتسابی کا دن ہے ۔ 14 اگست صرف جھنڈیاں لگانے ، چراغاں کرنے ، ترانے بجانے یا آتش بازی اور ہلہ گلہ کرنے کا دن نہیں، بلکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کس مقصد کے لیے آزادی حاصل کی تھی اور آج ہم کہاں کھڑے ہیں۔ کیا ہم نے آزادی کے اس عظیم تحفے کی حفاظت کی ؟ کیا ہم نے اس نعمت کا شکر بجا لایا اور وہ مقاصد حاصل کر لیے جن کے لیے ہمارے اسلاف اور اکابرین نے بے شمار قربانیاں دی تھیں ۔ کیا ہم نے قربانی دینے والوں کا حق ادا کر دیا ہے ؟ یہ دن ہمیں خود سے سوال کرنے پر مجبور کرتا ہے ۔ ؟ کیا ہم بطور قوم ایک ہیں ؟ کیا ہم اپنی شناخت نظریہ اور اپنے آئین کی پاسداری کر رہے ہیں ؟ کیا ہم اپنی آنے والوں نسلوں کے لیے ایک بہتر پاکستان کی تعمیر کر رہے ہیں ۔ کیا ہم علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کے افکار کے مطابق پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے جد و جہد کر رہے ہیں ؟
پاکستان کی تاریخ بحرانوں سے بھری پڑی ہے۔ مگر ہر بار اس قوم نے عزم ، ہمت او قربانی سے حالات کا مقابلہ کیا ہے ۔ آج بھی ہمیں مایوسی کی جگہ امید کو اپنانا ہوگا سیاسی استحکام کے لیے تمام اداروں کو اور جماعتوں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا ۔ تعلیم کو اولین ترجیح دینا ہو گی تا کہ عوام میں شعور بیدار ہو۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا ۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور راہنمائی کی طرف لانا ہوگا ۔ مذہبی رواداری اور سماجی انصاف کو فروغ دینا ہو گا ۔ صحت کے معیار کو بلندی پر لے جانا ہو گا ۔
آزادی ایک نعمت ہے۔ اس کی حفاظت، استحکام اور تکمیل مسلسل جدوجہد کا تقاضا کرتی ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پہچانیں گے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ، با وقار اور حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے قائد کے افکار اور اقبال کی فکر کو اپنائیں گے۔