سدھا تھل (راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل کا قومی لیول پر ایک اور منفرد اعزاز ، ادارہ ہذا کے ہونہار طالب علم صائم علی
سدھا تھل (راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل کا قومی لیول پر ایک اور منفرد اعزاز ، ادارہ ہذا کے ہونہار طالب علم صائم علی جان کراچی میں او جمع اے لیول سکالرشپ حاصل کرنے میں کامیاب ، عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی طرف سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار ۔ پنجاب کے پسماندہ ترین گاؤں سِدھا تھل کے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے ہونہار طالب علم صائم علی جان ولد عنصر علی جان نے پاکستان سٹم سکول بیت السلام کراچی میں چھ سالہ فلی فنڈڈ O+A لیول سکالر شپ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔یاد رہےاس طالب علم کا ابتدائی تحریری ٹیسٹ اسلام آباد میں لیا گیا تھا، پھر 15 دنوں کیلئے سلیکشن کیمپ منعقدہ کراچی میں مختلف کڑے امتحانات میں سے گزارا گیا، اس کے بعد فائنل ٹیسٹ اور فائنل انٹرویو کے کٹھن مراحل سے گزرنے کے بعد صائم علی جان سلیکٹ ہوا ہے، واضح رہے کہ اس بیج کیلئے پورے پاکستان سے کُل 17 بچوں کو سلیکٹ کیا گیا ہے جبکہ صائم علی جان 8 آٹھویں نمبر پر رہےہیں ۔ دریں اثناء علاقہ تھل کے عوامی، تعلیمی، ادبی اور سماجی حلقوں کی طرف سے اس شاندار کامیابی کو نہ صرف صائم علی جان کی کامیابی قرار دیا گیاہے بلکہ گاؤں سدھا تھل کے ساتھ ساتھ پورے ضلع خوشاب کی کامیابی قرار دیتے ہوئے سرکاری سکولوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھاتھل کا خصوصی دورہ کر کے قسمت کے دھنی ہونہار طالب علم صائم علی جان کو خصوصی انعامات و اعزازات سے نوازا ہے اور انہوں نے ادارہ ہذا کے ہیڈ ماسٹر اور جملہ ٹیچنگ سٹاف کی محنت شاقہ کی شاندار الفاظ میں تعریف کرتے ہوءے ادارے کی مزید شاندار کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے ۔