November 17, 2026

*ٹائٹل: بیدار ھونے تک* *عنوان: آجتک خود کو بدل نہ پائے !!* *کالمکار: جاوید صدیقی*

IMG-20250602-WA0242

*ٹائٹل: بیدار ھونے تک*

*عنوان: آجتک خود کو بدل نہ پائے !!*

*کالمکار: جاوید صدیقی*

ھم برصغیر پاک و ہند کے مسلمان اپنی ذہنی جسمانی سیاسی مذہبی معاشرتی و معاشی حالت کو آجتک دین محمدی ﷺ کے مطابق بدل نہ پائے۔ ہماری تو مثال ایک جنونی جذباتی پاگلوں کی طرح ھے جو جانتے بوجھتے ہوئے بھی ہٹ دھرمی منافقت اور ضد سے خود کو تسکین محسوس کرتے ہیں زبان ایسی کہ سامنے والا بھی اپنی عافیت جان کر خاموش ہوجائے خودساختہ افلاطونی بقراط سمجھنے سے باہر نہیں نکلتے غور و فکر سوچ و بچار تحمل و بردبار گویا قریب سے نہیں گزری ، عقل کے اس قدر اندھے کہ سہانے خواب دکھانے والوں کے فریب کا بآسانی شکار ہوجاتے ہیں بحرکیف خود کو بدلنا اب ناگزیر ہوگیا ھے کیونکہ یہ تبدیلی جو دین محمدی ﷺ شرعی طور پر ہوگی تب ہی دونوں جہاں کی کامیابی نصیب ہوگی یاد رھے کہ قرآن میں اللہ نے ہمیں مسلم اور مومن سے پہچان دی ھے ھم نے اللہ کی نافرمانی کرتے ہوئے مسلکی پہنچان کو زیادہ اہمیت دی روز قیامت ھم سے اس بابت ضرور پوچھا جائیگا معزز قارئین قانُونِ فطرت تو یہی ہے کہ گدھی گدھے کو ہی جنم دیتی ہے ہمارے ہی آباؤاجداد، جو انگریز کا ایک من وزن صرف ایک روپے میں پنڈی سے مری تک لے کر جاتے، انکے پاؤں میں جوتی تک نہیں ہوتی، پنڈی سے مری ستر کلومیٹر کا سفر ایک من وزن اٹھا کر دو دن میں مکمل ہوتا۔ یہ لوگ انگریز کی خدمت کرتے، اپنی پیٹھ پر سوار کر کے سیر کراتے اور انگریز خوش ہو کر اپنا بچا ہوا کھانا انہیں دے دیتا۔ ہمارے اجداد نے ہی انگریزوں کی نوکریاں کیں۔ تنخواہ لے کر اپنے ہی لوگوں سے لڑتے رہے. انگریز نے ہندوستان پر سو سال حکومت کی، اس دوران کبھی بھی انگریزوں کی مجموعی تعداد پچیس ہزار سے زیادہ نہیں رہی. انگلینڈ میں ایک مائیگریشن رجسٹر ہے۔ جس میں برطانیہ سے ہندوستان جانے والے پندرہ ہزار چار سو سینتالیس فوجیوں کے نام لکھے ہوئے ہیں. تین لاکھ ہندوستانی تھے جو انگریزی فوج میں بھرتی ہوئے. بنگال رجمنٹ، پنجاب رجمنٹ، بلوچ رجمنٹ انگریزوں نے بنائی۔ برصغیر کے بُھوکے ننگے، دو چار روپے ماہانہ وظیفے پر لڑنے مرنے کو تیار تھے. پلاسی کی جنگ میں سراج الدولہ کے خلاف انگریزی فوج میں نوے فیصد ہندوستانی ہی تھے، غداری کرنے والا بھی میر جعفر ہی تھا. سلطان حیدر علی اور اس کے بیٹے ٹیپو سلطان کے خلاف چار جنگیں لڑنے والے کون تھے؟ کوئی اور نہیں۔ میرے اور آپ کے اجداد تھے۔ انگریزوں کے خلاف سندھ حر پگاڑو کے لڑے اور انگریزوں کا ساتھ مری بلوچ، بگٹی بلوچ نے دیا بدلے میں سانگھڑ میں ان کو جاگیریں ملیں، سرنگا پٹم سے میسور تک میر جعفر نے کس طرح سلطان سے غداری کی، انگریز کو کس طرح وفاداری بیچی۔ سب کچھ لکھا ہؤا ہے۔ بس آنکھیں کھول کر پڑھنے والا چاہئے۔ علامہ اقبال نے کہا تھا:- “جعفر از بنگال و صادق از دکن، ننگِ دیں، ننگِ قوم، ننگِ وطن” پنجاب میں رنجیت سنگھ جو انگریزوں کو مشکل وقت دکھا رہا تھا، مُسلمانوں کو اسکے خلاف جہاد پر لگا دیا. سید احمد شہید اور شاہ اسماعیل شہید دہلی میں انگریزوں کے خلاف لڑنے کی بجائے، بالاکوٹ سکھوں سے لڑنے پہنچ گئے۔ اَسلحہ گولہ بارُود انگریزی استعمال ہوتا تھا. انگریز دار العلوم دیوبند کے سالانہ دورے کرتا تھا، اکابرین دیوبند کو وظائف دیتا تھا. اکابرین بریلوی اور اہلِ حدیث بھی حکومتی وظیفے لیتے رہے ہیں۔ اسلام کی آمد سے ابتک پندرہ سو سالوں میں پوری دنیا میں اتنے پیر، دَستگیر، وَلی، مُحدث، مُجدد، قُطب، مُفسر، مناظر، مقرر پیدا نہیں ہوئے، جتنے انگریز کے سو سالہ دور میں برصغیر میں پیدا ہوئے تھے۔ کوئی اُڑتا رہا، کوئی لمحے میں غائب ہو کر مدینہ پہنچ جاتا، کوئی غوث اعظم کے نام پر لطائف گھڑتا، کوئی لال شہباز قلندر کو پرواز کرواتا رہا، کسی نے نبیﷺ کے نور یا بشر پر مسلمانوں میں پھوٹ ڈالی، کسی نے حیات و ممات پر مسلمانوں کو دست و گریباں کروایا۔ یہ سب انگریز وظائف دے کر اپنی سلطنت کو دوام بخشنے اور مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کیلئے کرواتے رہے۔ آپ کا کیا خیال ہے، پاکستان آزاد ہوگیا ہے؟ در پردہ حکومت آج بھی انگریز کی ہے، عوام آج بھی انہیں کی محکوم ہیں، روز کی بنیاد پر بیرون ملک خاص کر امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور دیگر اسلام دشمن ممالک کی شہریت حاصل کرنے کیلئے قطار در قطار میں لگے نظر آتے ہیں اور اپنے ملک کیساتھ بے وفائی کرتے شرم تک محسوس نہیں کرتے، ہماری قوم اور حکمرانوں و سیاسی رہنماؤں نے قائداعظم محمد علی جناح اور انکے رفقائے کار کی قربانیوں کا جس قدر تمسخر اڑایا اور ملک دشمنوں کی سہولتکاری کی اسکی سزا انہیں رب نے نظام جمہوریت کی شکل میں دی ھے۔ یاد رھے کہ بھٹو سے تا وقت حکمران ایسے نافذ کئے کہ قوم کو اپنی اوقات یاد آگئی۔ بھٹو نے قائداعظم اور انکے رفقائے کاروں کی مخالفت کرتے ہوئے یہودیوں، کفاروں و مشرکین اور ملک دشمنوں کی خواہش کے مطابق اسلام مخالف نظام “نظام جمہوریت” جبراً عائد کیا جو تاحال جاری ھے۔ یاد رکھئے پاکستان کی حقیقی تنزلی، تباہی و بربادی اور معاشرتی و معاشی برائیوں کی جڑ یہی جمہوری نظام ھے جبتک اس نظام کا خاتمہ نہ ہوگا لاکھ دشمن کا مقابلہ کرلیں اصل طاقت نہ حاصل کرسکیں گے کیونکہ اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی مخالفت کیساتھ کبھی بھی کامیاب و کامران نہیں ہوسکتے۔ معزز قارئین اس نظام جمہوریت کے سبب آج بھی راشن کی قطاروں میں مر رہے ہیں اور اشرافیہ آج بھی انگریزی وفاداری نبھا رہی ہے جب کئی سال بعد دنیا کی تاریخ لکھی جائے گی تو ایک قوم “المجرمین پاکستان” کے بارے میں بھی تاریخ لکھی جائے گی۔ مؤرخ لکھے گا قومِ عاد، قوم ثمود، اور قومِ لُوط کے سارے مجموعی گناہ اس قوم میں پائے جاتے تھے۔ یہ ایک ایسی قوم تھی جو نام تو اللہ کا لیتی تھی، مگر مانتی اپنے اپنے آلہ کاروں کو تھی۔ ایک ایسی قوم تھی جس کو تعلیم صرف جاہل بنانے کے لئے دی جاتی تھی۔ ایک ایسی قوم تھی جس کے مذہبی پیشوأ، خود تو دنیا کی ہر آسائش سے لطف اندوز ہوتے تھے، مگر انکو غربت افلاس کے فائدے بتا کر جنت کے ٹکٹ دیتے تھے۔ انکے حکمران بادشاہوں کی طرح زندگی گزارتے تھے مگر اس قوم کے نچلے طبقے کے پاس کھانے کو روٹی نہیں تھی۔ مؤرخ لکھے گا:- اس قوم کا انصاف بکتا تھا۔ طاقتور کے لئے علیحدہ قانون، اور غربأ کے لئے الگ قانون تھا۔ اس قوم کے قاضی اُنہی کی طرح کرپٹ اور انصاف سے عاری تھے۔ لکھا جائے گا:- اس قوم کے سیاستدان خود غرض، نا اہل اور بےحس تھے مگر یہ قوم ایسے سیاستدانوں کو اپنا مسیحا سمجھتی تھی اور اُن کیلئے ایک دوسرے کی گردن کاٹنے کو بھی تیار رہتی تھی۔ ایک ایسی قوم تھی جو لمبی لمبی دعائیں اور بددعائیں کرتی تھی مگر اسکا عملی کردار انتہائی ناگفتہ بہہ اور بیہودہ تھا۔ ایک ایسی قوم تھی جس میں حرام خور عزت دار کہلاتے تھے اور محنت کر کے کھانے والے کمی کمین۔ قوم کی کہانی، حالت، کردار اور نظام اب بھی بالکل ویسا ہی ہے اور پاکستانی آج بھی غلامی کے ہی دور میں جی رہے ہیں۔ کچھ نہیں بدلا ہے۔۔۔!!