November 17, 2026

*بیمار کی عیادت کے شرعی مسائل* (قسط ہفتم) ہفتہ 16 اگست 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Screenshot_2025-08-15_082106

*بیمار کی عیادت کے شرعی مسائل*
(قسط ہفتم)

ہفتہ 16 اگست 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

*بیمار کی عیادت کا مسنون طریقہ*

مسئلہ نمبر 05
بیمار کی عیادت کے وقت درج ذیل الفاظ سات مرتبہ کہنے مسنون ہیں۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا جب کوئی شخص کسی مریض کی بیمار پرسی کرے اور سات مرتبہ یہ کلمات کہے

*أسأل الله العظيم رب الْعَرْشِ الْعَظِيمِ أَنْ يَشْفِيَكَ*

ترجمہ:
میں عرش عظیم کے مالک بزرگ و برتر اللہ کی ذات سے تیرے لئے شفاء کا سوال کرتا ہوں ۔

تو اللہ تعالی اسے شفا دیتا ہے بشرطیکہ اس کی موت کا وقت نہ ہو۔(رواہ ابوداؤد)

مسئلہ نمبر 6
*بیماری میں ناشکری کے الفاظ منہ سے نہیں نکالنے چاہئیں*

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی علیہ والہ وسلم ایک بدو کی عیادت کے لئے تشریف لائے۔ بنی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا معمول مبارک تھا کہ جب کسی مریض کی عیادت کے لئے تشریف لاتے تو فرماتے فکر نہ کر یہ بیماری تمہیں گناہوں سے ان شاء اللہ پاک کر دے گی ۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اس بدو کی بھی (عیادت کے وقت) فرمایا ” فکر نہ کر یہ بیماری تمہیں ان شاءاللہ ! گناہوں سے پاک کر دے گی ۔ بدو نے کہا ” آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کہتے ہیں گناہوں سے پاک کر دے گی، ہرگز نہیں بلکہ یہ بخار تو بوڑھے کھوسٹ پر جوش مارتا ہے یا زور مار رہا ہے، جو اسے قبر تک پہنچا کر ہی چھوڑے گا۔ تب نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا اچھا تو ایسے ہی سہی۔ (اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 07
بیمار پرسی کے وقت مریض کے پاس تسلی اور حوصلہ دلانے والی باتیں کرنی چاہئیں۔

حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ” جب تم مریض کے پاس یا مرنے والے کے پاس جاؤ تو بھلی بات کہو کیونکہ جو کچھ تم کہتے ہو فرشتے اس پر آمین کہتے ہیں ۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

مسئلہ نمبر 08
بیماری کو برا نہیں کہنا چاہئے۔

مسئلہ نمبر 09
بیماریاں اور تکلیفیں
مسلمانوں کو گناہوں سے پاک کرنے اور درجات بلند کرنے کا باعث بنتی ہیں ۔

حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اس وقت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم شدید بخار میں مبتلا تھے۔ میں نے عرض کیا آپ کو شدید بخار ہے یہی وجہ ہے کہ آپ کو دوہرا اجر ملتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہاں ! جب کسی مسلمان کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے، تو اللہ تعالی اس کی وجہ سے اس کے گناہ اس طرح جھاڑ دیتے ہیں جس طرح (خزاں رسیدہ)درخت کے پتے جھڑتے ہیں۔(رواہ بخاری)

مسئلہ نمبر 10
“جس شخص سے اللہ تعالیٰ بھلائی کرنا چاہتا ہے اسے مصیبت میں مبتلا کر دیتا ہے۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا “جس شخص سے اللہ تعالیٰ بھلائی کرنا چاہتا ہے اسے مصیبت میں مبتلا کر دیتا ہے ۔ (رواہ بخاری)

مسئلہ نمبر 11
*بیماری کے دوران بیمار کی دعا قبول کی جاتی ہے*

الدعاء
یا اللہ تعالی ہمیں بیماری سے بچا۔

یا اللہ ہم تیرے امتحان کے قابل نہیں لہذا ہمیں درگزر فرما

آمین یا رب العالمین
Please visit us at https://engineernazirmalik.blogspot.com