خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ریسکیو 1122آفس خوشاب میں جشن آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو خوشاب انجینئر محمد حسن،کنٹرول روم انچارج ملک محمد شکیل،ریسکیو
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ریسکیو 1122آفس خوشاب میں جشن آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو خوشاب انجینئر محمد حسن،کنٹرول روم انچارج ملک محمد شکیل،ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر تصدق حسین،اسٹیشن کوآرڈینیٹرآصف شہزاد اور ریسکیو عملہ کے چاق و چوبند دستے نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔ جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد حسن نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔ 14اگست کا دن ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنھوں نے قائدآعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں چاہیئے کہ ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انجینئر محمد حسن نے سینٹرل اسٹیشن پر یادگاری پودا لگایا اور ملک و قوم کے لئے دعا بھی کی گئی ۔مزید انجینئر محمد حسن نے بتایا کہ جشن آزادی کے حوالے سے ڈی سی آفس جوہرآباد میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان،ایم پی اے ملک محمد آصف بھاء اعوان، ڈپٹی کمشنر میڈم فروا عامر،ڈی پی او میڈم عمارہ شیرازی ،اے ڈی سی جی ساجد منیر کلیار ریسکیو افسران،ریسکیو عملہ و دیگر اداروں کے افسران و عملہ نے شرکت کرتے ہوئے پرچم کشائی کے موقع پر قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر کشمیر پارک جوہرآباد میں دیگر ضلعی اداروں کی طرح ریسکیو 1122 کا سٹال بھی لگایا گیا ہے جہاں ریسکیو عملہ پارک میں آنے والے حاضرین کو میڈیکل کوریج کے ہمراہ ریسکیو سروسز کے متعلق آگاہی بھی فراہم کریں گے۔