نورپورتھل(راجہ نورالہی عاطف سے) جشن آزادی کی مناسبت سے گورنمنٹ پرائمری سکول عید گاہ نورپور تھل میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
نورپورتھل(راجہ نورالہی عاطف سے) جشن آزادی کی مناسبت سے گورنمنٹ پرائمری سکول عید گاہ نورپور تھل میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نورپور تھل ظہیر عباس بھٹی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد آصف خان نیازی نے کی ۔ نقابت کے فرائض ٹیچرز رہنما سجاد حسین بھٹی نے بطریق احسن سر انجام دیے ۔ اس شاندار تقریب میں اساتذہ کرام اور طلباء نے بھرپور شرکت کی ۔ دوران تقریب طلباء نے یوم ازادی کی مناسبت سے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں۔ علاقہ تھل کے نامور پنجابی سرائیکی شاعر ماسٹر نگاہ حسین نگاہ بھٹی نے اپنے منظوم کلام کے ذریعے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کر کے شرکاءے تقریب سے خوب داد و تحسین وصول کی ۔ اس موقع پر ڈی ای او فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے لازوال قربانیاں دیں اب اس کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں من حیث القوم اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ قبل ازیں مہمانان خصوصی نے پرچم کشائی کی اور قومی شجرکاری مہم کے تحت سکول کے احاطے میں پودے بھی لگائے ۔ تقریب کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہیڈ ماسٹر مالک اشترتھہیم اور عبدالستار بھٹی سمیت جملہ ٹیم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔